امریکی حرکت پر ناراض ہوا طالبان، فوجیوں پر لگائے سنگین الزامات
طالبان نے امریکی فوجیوں پر افغانستان سے واپسی کے دوران کابل حامد کرزئی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر قصداً سامانوں کو نقصان پہنچانے کا الزام عائد کیا ہے۔
طالبان نے امریکہ پر افغانستان سے واپسی کے دوران کابل کے حامد کرزئی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر قصداً سامانوں کو نقصان پہنچانے کا الزام عائد کیا ہے۔ ایریانا نیوز کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ طالبان کے ایک اہم رکن انس حقانی نے آخری امریکی فوجی کے افغانستان چھوڑنے کے ایک دن بعد کابل ہوائی اڈے کا دورہ کیا اور کہا کہ امریکہ نے جان بوجھ کر ہیلی کاپٹر، فوجی گاڑیوں اور سہولیات سمیت فوجی سامانوں کو تباہ کر دیا ہے۔
حقانی نے کہا کہ ’’سالوں تک انھوں نے ہمیں تباہی پھیلانے والا کہا۔ لیکن اب آپ ان لوگوں کو دیکھ رہے ہیں جو تباہی پھیلانے والے ہیں۔ انھوں نے ہماری ملکی ملکیت کو تباہ کر دیا ہے۔‘‘ واضح رہے کہ امریکی فوج کو لے جانے والی آخری پرواز منگل کی صبح کابل سے روانہ ہوئی جس کے ساتھ ہی افغانستان میں 20 سال پر مبنی امریکہ کی فوجی موجودگی ختم ہو گئی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیوز سے پتہ چلتا ہے کہ کابل ہوائی اڈے پر درجنوں گاڑیاں، ہیلی کاپٹر، فوجی سامان اور سہولیات تباہ ہو گئی ہیں۔ طالبان کے ایک رکن نے کہا کہ ’’ہم ہوائی اڈے کو استعمال کے لائق بنانے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔ امیرات کے سبھی لیڈر یہی چاہتے ہیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’اہم بات یہ ہے کہ حملہ آور افغانستان میں کبھی ٹھہر نہیں سکے۔ حملہ آوروں کو ہر وقت (تاریخ میں) شکست دی گئی ہے۔ یہ ایک سچائی ہے کہ امریکی شکست کھا گئے اور وہ پیچھے ہٹ گئے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔