مظفر پور شیلٹر ہوم: سپریم کورٹ نے نتیش حکومت کو لگائی پھٹکار
بہار کے مظفر پور شیلٹر ہوم واقعہ پر سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے نتیش حکومت سے سوال کیا کہ ابھی تک سابق وزیر منجو ورما کی گرفتاری عمل میں کیوں نہیں آئی۔
بہار کے مظفر پور شیلٹر ہوم واقعہ پر سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے اہم ملزم برجیش ٹھاکر کو بہار کے بھاگلپور جیل سے پنجاب کے پٹیالہ واقع ہائی سیکورٹی جیل میں بھیجنے کا حکم دیا ہے۔ برجیش ٹھاکر ابھی بھاگلپور سنٹرل جیل میں بند ہیں۔ اس تعلق سے سپریم کورٹ نے پہلے ہی کہا تھا کہ برجیش ٹھاکر بااثر شخص ہیں اور بہار کے جیل میں رہتے ہوئے کیس کی جانچ کو متاثر کر سکتے ہیں۔
اس معاملے میں سپریم کورٹ نے آج نتیش حکومت کو پھٹکار بھی لگائی ہے۔ عدالت کے ذریعہ حکومت سے سوال کیا گیا کہ ابھی تک اس نے سابق وزیر منجو ورما کی گرفتاری کیوں نہیں کی۔ عدالت نے کہا کہ صرف اس لیے کہ وہ (بہار کی سابق وزیر منجو ورما) سابق وزیر ہیں، وہ قانون سے اوپر نہیں ہوج اتیں۔ پورا معاملہ بے حد مشتبہ ہے۔ کسی کو بھی قانون ی پروا نہیں ہے۔
سپریم کورٹ نے 20 ستمبر سے اب تک کیس کی جانچ کرتے رہے سی بی آئی افسران کی فہرست 31 اکتوبر تک داخل کرنے کا حکم دیا ہے۔ سماعت کے دوران سپریم کورٹ اس وقت حیران رہ گیا جب عدالت میں وکیل نے جانکاری دی کہ شیلٹر ہوم میں بچیوں کو ڈرگس دیے جاتے تھے۔ عدالت نے سخت تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’لڑکیوں کو انجکشن سے ڈرگس دی جا رہی تھی تاکہ ان کے ساتھ عصمت دری کی جا سکے۔ یہ کیا ہو رہا ہے؟‘‘
واضح رہے کہ بہار کے مظفر پور شیلٹر ہوم میں 34 لڑکیوں کے ساتھ عصمت دری کا انکشاف ہونے کے بعد ہی سیاسی بحث تیز ہو گئی تھی۔ اس واقعہ کا انکشاف ٹاٹا انسٹی ٹیوٹ آف سوشل سائنسز (ٹی آئی ایس ایس) کی رپورٹ میں ہوا۔ جب حکومت پر اپوزیشن پارٹیوں اور لوگوں کا دباؤ بڑھا تو اس معاملے میں سی بی آئی جانچ کی سفارش کی گئی۔ ابھی حال ہی میں مظفر پور کے شیلٹر ہوم سے 15 سال کی بچی کی ہڈیوں کا ڈھانچہ بھی ملا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔