ویڈیو... دہلی کے ذاکر نگر میں کثیر منزلہ عمارت میں لگی زبردست آگ، 6 ہلاک، 11 زخمی

ذاکر نگر کی گلی نمبر 7 میں قادری مسجد کے سامنے واقع کثیر منزلہ عمارت میں پیر کی دیر شب تقریباً 2.30 بجے آگ لگی۔ یہ آگ بلڈنگ کے گراؤنڈ فلور پر لگی تھی جس کی زد میں تقریباً 2 درجن لوگ آ گئے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

جنوبی دہلی کے ذاکر نگر علاقہ میں ایک کثیر منزلہ عمارت میں زبردست آگ لگنے سے 6 لوگوں کی دردناک موت ہو گئی ہے۔ اس اندوہناک واقعہ میں کم و بیش 11 افراد کے شدید زخمی ہونے کی بھی خبریں ہیں جس میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ موصولہ خبروں کے مطابق ذاکر نگر واقع جوگا بائی کی گلی نمبر 7 میں قادری مسجد کے سامنے واقع کثیر منزلہ عمارت میں پیر کی دیر شب تقریباً 2.30 بجے آگ لگی۔ یہ آگ بلڈنگ کے گراؤنڈ فلور پر لگی تھی جس کی زد میں تقریباً 2 درجن لوگ آ گئے۔ کچھ لوگ معمولی طور پر زخمی ہوئے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے مطابق دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے جائے حادثہ کا دورہ کیا اور متاثرین کے غم میں خود کو شریک قرار دیا۔ انھوں نے مرنے والے افراد کے کنبہ کو دلاسہ دینے کے ساتھ ساتھ انھیں 5 لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان بھی کیا۔ ساتھ ہی اروند کیجریوال نے زخمی ہونے والے افراد کو 2 لاکھ کا معاوضہ دیے جانے کی بات کہی۔ وزیر اعلیٰ کے ساتھ مقامی رکن اسمبلی امانت اللہ خان بھی موجود تھے اور انھوں نے بھی متاثرہ فیملی سے ملاقات کر تعزیت کا اظہار کیا۔

اطلاعات کے مطابق مہلوکین میں سوہا، ادیان، آمنہ اور ذکریٰ شامل ہیں جب کہ دیگر دو کے بارے میں جانکاری حاصل نہیں ہو سکی ہے۔ زخمی اطہر، صائمہ، فیض، ادیبہ، صبا بھٹ اور شریف کو آئی سی یو میں داخل کیا گیا ہے جب کہ ریان نامی بچے کو چائلڈ سیکشن میں داخل کرایا گیا ہے۔ اس کی حالت سنگین بنی ہوئی ہے۔ شبانہ، رام نواس، عمر اور دلباغ نامی شخص کا بھی علاج ہو رہا ہے اور انھیں جنرل وارڈ میں رکھا گیا ہے۔ ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ زیادہ تر زخمیوں کا علاج ہولی فیملی اسپتال میں جاری ہے۔


آگ لگنے کی اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور فوری طور پر تقریباً 20 لوگوں کو محفوظ باہر نکالا۔ آگ بجھانے کے لیے 5 فائر ٹنڈرس موقع پر پہنچے تھے، حالانکہ کافی دیر تک کچھ دیگر لوگ بلڈنگ میں پھنسے رہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور عمارت کی اوپری منزلوں کو آگ سے نقصان نہیں ہونے دیا گیا۔ اس آگ پر قابو پانے کے لیے دمکل کی گاڑیوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔

کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی جس نے کچھ ہی دیر میں خطرناک شکل اختیار کر لیا۔ اس آگ کی وجہ سے وہاں پر موجود کئی گاڑیاں بھی جل کر خاک ہو گئیں۔ بلڈنگ سے بچ کر نکلنے کی کوشش میں کئی لوگوں نے اوپری منزل سے چھلانگ لگا دی جس کی وجہ سے انھیں چوٹیں بھی آئیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 06 Aug 2019, 9:10 AM