کابل ائیرپورٹ پر افرا تفری، فائرنگ میں 5 افراد ہلاک، دہلی سے سبھی پروازیں منسوخ
افغانستان پر طالبان کی گرفت مضبوط ہونے کے بعد سے حالات انتہائی خوفناک بنے ہوئے ہیں۔ لوگ بغیر سامان لیے ہی ملک چھوڑ کر بھاگنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ کابل ائیرپورٹ پر زبردست بھیڑ جمع ہو گئی ہے۔
افغانستان میں اس وقت حالات انتہائی کشیدہ ہیں اور وہاں مقیم افراد کسی بھی حال میں جلد از جلد ملک چھوڑ کر بھاگنے کی فراق میں لگے ہوئے ہیں۔ لوگوں کے خوف کا اندازہ کابل ائیرپورٹ پر جمع بھیڑ کو دیکھ کر لگایا جا سکتا ہے جہاں بڑی تعداد میں لوگ مختلف ممالک کے لیے فلائٹ پکڑنے کے لیے پہنچے ہوئے ہیں۔ اس درمیان کابل ائیر پورٹ پر زبردست فائرنگ کی خبریں سامنے آ رہی ہیں جس میں 5 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع بھی ہے۔
خبر رساں ادارہ اے این آئی نے رائٹرس کے حوالے سے مطلع کیا ہے کہ فائرنگ میں 5 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جس کے بعد کابل ائیرپورٹ پر افرا تفری کا عالم پیدا ہو گیا ہے۔ دراصل سیکورٹی اہلکار لوگوں کی بھیڑ پر قابو پانے کے لیے ہوائی فائرنگ کر رہے ہیں، اور غالباً اسی درمیان ہوئی فائرنگ میں کچھ لوگ جاں بحق ہو گئے۔ ایسی بھی خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ امریکہ نے اپنے شہریوں اور ملازمین کو افغانستان سے بحفاظت نکالنے کے لیے افغان ائیر ٹریفک کنٹرول کو اپنے ہاتھ میں لے لیا ہے۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق طالبان نے افغانستان میں ہوائی شعبہ کو بند کر دیا ہے جس کی وجہ سے کابل اور دہلی کے درمیان کی سبھی پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ یہاں قابل ذکر ہے کہ ہندوستان کی جانب سے ائیر انڈیا کی کچھ پروازوں کو ائیرلفٹ کے لیے رکھا گیا تھا۔ یہ حالات اب کب بہتر ہوں گے، اس کے بارے میں کچھ بھی اندازہ نہیں لگایا جا سکتا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔