مودی جی کچھ کیجئے ورنہ چڑیا چُگ جائے گی کھیت: شتروگھن سنہا
شتروگھن سنہا نے ٹوئٹ کیا کہ پٹنہ کا نمائندہ ہونے کے ناطے وہاں کے لوگ مجھ سے پٹرول-ڈیزل کے دام، کسانوں کی ہڑتال، کشمیر پالیسی، ججوں کے ایشو اور ضمنی انتخابات میں ہار پر سوال پوچھ رہے ہیں۔
ملک میں 2019 میں ہونے جا رہے عام انتخابات سے قبل وزیر اعظم نریندرمودی اور بی جے پی کو حزب اختلاف نے تو گھیرا ہی ہوا ہے لیکن خودان کی پارٹی کے رہنما بھی ان پر نشانہ لگا رہے ہیں۔ بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ شترو گھن سنہا لگاتار پارٹی کے خلاف بیان بازی کرتے رہے ہیں ، اب ایک بار پھر انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی پر نشانہ لگایا ہے۔ شترو گھن نے کہا کہ اگر مسائل کو جلد حل نہیں کیا گیا تو چڑیا کھیت چُگ جائے گی۔
منگل کی صبح شتروگھن سنہا نے ٹوئٹ کیا کہ پٹنہ کا نمائندہ ہونے کے ناطے وہاں کے لوگ مجھ سے پٹرول-ڈیزل کے دام، کسانوں کی ہڑتال، کشمیر پالیسی، ججوں کے ایشو اور ضمنی انتخابات میں ہار پر سوال پوچھ رہے ہیں۔ لیکن ہمارے پاس کوئی جواب نہیں ہے۔ کیا 2014 میں ہم نے انہیں وعدوں کے ساتھ حکومت بنائی تھی! کیا 2019 میں ہم یہ جواب دیں گے!
شتروگھن نے سیدھا وزیر اعظم مودی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ،’’مودی جی مسائل کی جلد از جلد سنوائی ضروری ہے ورنہ چڑیا چُگ جائے گی کھیت۔‘‘
واضح رہے کہ حال ہی میں بہار کے جوکی ہاٹ میں ہار کے بعد بھی شتروگھن سنہا نے بی جے پی اور جے ڈی یو پر نشانہ لگایا تھا۔ دریں اثنا بی جے پی رکن پارلیمنٹ شتروگھن سنہا اور آر جے ڈی کے بیچ نزدیکیاں بڑھ رہی ہے۔ سنہا نے بہار بی جے پی اور جے ڈی یو کو نصیحت دیتے ہوئے کہا تھا کہ صوبے کی ترقی کے لئے کام کریں گے ورنہ آر جے ڈی رہنما تیجسوی یادو ذمہ داری اٹھانے کے لئے اب تیار ہیں۔
اس سے پہلے بھی حکومت کے 4 سال مکمل ہونے پر شتروگھن سنہا نے مودی حکومت پر نشانہ لگایا تھا۔ ٹوئٹر پر اپنی پارٹی کے خلاف سنہا نے لکھا، ’’مجھ سے یہ سولا ت پوچھے جا رہے ہیں کہ مودی حکومت کے 4 سال کی کامیابی کیا رہی، تو میرا جواب ہے کام نہیں صرف وعدہ کرنا۔ ‘‘ شتروگھن سنہا نے کہا کہ ان کی پارٹی وعدے اور صرف وعدے کرنے میں سب سے اول پارٹی رہی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 05 Jun 2018, 11:00 AM