بیگم کلثوم نواز کی میت لاہور پہنچ گئی تدفین جمعہ کی نما ز کے بعد
پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی میت لندن سے لاہور پہنچ چکی ہے اور جمعہ کی نماز کے بعد ان کی تدفین کی جائیں گی
سابق وزیرا عظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کا طویل علالت کے بعد منگل کو لندن کے ایک نجی ہسپتال میں انتقال ہو گیا تھا۔ نواز شریف ، انکی بیٹی مریم نواز اور داماد صفدر پاکستان جیل میں قید ہیں ۔کلثوم نواز کی میت ان کے دیور اور نواز شریف کے بھائی شہباز شریف جمعہ کی صبح لے کر لاہور پہنچے۔ادھر نواز شریف کے لندن میں مقیم دونوں بیٹے حسن اور حسین نواز اپنی والدہ کی میت کے ساتھ پاکستان نہیں آ ئے۔
کلثوم نواز کی میت کو ایئرپورٹ سے ایمبولینس کے ذریعہ جاتی امرا کے لیے روانہ کیا گیا۔بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ اور تدفین شریف میڈیکل سٹی کمپلیکس، رائیونڈ جاتی امرا میں کی جائے گی۔
بیگم کلثوم نواز کی ایک نماز جنازہ جمعرات کو لندن کے ریجنٹ پارک اسلامک سینٹر میں ادا کی گئی جس میں شہباز شریف، بیگم کلثوم نواز کے بیٹے حسن اور حسین نواز سمیت پارٹی کارکنان نے شرکت کی ۔
دوسری جانب نواز شریف، مریم نواز اور محمد صفدر کو کلثوم نواز کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے منگل کی رات پیرول پر ابتدائی طور پر 12 گھنٹے کے لیے رہا کیا گیا تھا تاہم بدھ کو پیرول پر رہائی میں مزید تین دن کی توسیع کر دی گئی تھی۔
بیگم کلثوم نواز تقریباً گذشتہ ایک سال سے لندن میں زیرِ علاج تھیں۔ انھیں پچھلے سال سرطان کے مرض کی تشخیص کی گئی تھی۔ان کی عمر 68 سال تھی اور وہ برصغیر کے مشہور پہلوان رستمِ ہند گاما پہلوان کی بیٹی تھیں جبکہ سنہ 1971 میں ان کی شادی نواز شریف سے ہوئی تھی۔کلثوم نواز کے سوگوران میں ان کے شوہر نواز شریف، بیٹیاں مریم صفدر اور عاصمہ اور دو بیٹے حسن اور حسین نواز شامل ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔