اشوک گہلوت کو گجرات کی محنت کا ملا تحفہ

اشوک گہلوت کو گجرات اسمبلی انتخابات سے قبل گجرات کی ذمہ داری دی گئی تھی اور ایسا کہا جاتا ہے کہ کانگریس صدر راہل گاندھی ان کے کام کرنے کے طریقہ سے خوش ہوئے تھے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز تجزیہ

کانگریس صدر راہل گاندھی نے جناردن دویدی کی جگہ راجستھان کے سابق وزیر اعلی اشوک گہلوت کو تنطیم اور تربیت کی ذمہ داری سونپ دی ہے۔ کانگریس کی پریس ریلیز کے مطابق جناردن دویدی اے آئ سی سی کی جنرل سیکریٹری کی پوسٹ سے مستعفی ہو جائیں گے۔ واضح رہے جہاں اشوک گہلوت کا قد بڑھا ہے وہیں جناردن دویدی کے آگے کردار کو لے کر سوال کھڑے ہو گئے ہیں کیونکہ اب وہ راجیہ سبھا کے رکن بھی نہیں ہیں اور پارٹی کے جنرل سیکریٹری بھی نہیں رہیں گے ۔ ادھر کانگریس کے حالیہ پلینری اجلاس میں بھی یہ پہلی مرتبہ تھا کہ جب جناردن دویدی کسی مرکزی کردار میں نظر نہیں آئے۔ کانگریس صدر نے ویسے دھیرے دھیرے پارٹی میں تبدیلیاں شروع کر دی ہیں لیکن اس تبدیلی کو ابھی تک کی بڑی تبدیلی تصور کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے 66سالہ اشوک گہلوت کو گجرات اسمبلی انتخابات سے قبل گجرات کی ذمہ داری دی گئی تھی اور ایسا کہا جاتا ہے کہ کانگریس صدر راہل گاندھی ان کے کام کرنے کے طریقہ سے خوش ہوئے تھے۔ سیاسی مبصرین کا یہ بھی کہنا کہ کانگریس صدر اب ریاستوں میں نئی قیادت کو آگے لانا چاہتے ہیں اس لئے بہت ممکن ہے کہ یہ اس بات کا اشارہ ہو کہ راجستھان اسمبلی انتخابات میں نوجوان لیڈر سچن پائلٹ کو اہم ذمہ داری سونپی جائے ۔

آج دن میں کانگریس صدر راہل گاندھی نے گجرات کی ذمہ داری رکن پارلیمنٹ راجیو ساتو کو دی اور سابق مرکزی وزیر جتیندر سنگھ کو اڈیشہ کی ذمہ داری سونپی۔ کانگریس سیوا دل کی بھی ذمہ داری اب مہیندر جوشی سے لے کر لال جی دیسائی کو سونپ دی گئی ہے۔

ان تازہ تبدیلیوں سے یہ واضح ہو گیا ہے کہ راہل گاندھی کے پاس کانگریس کی نئی شبیہ بنانے کو لے کر کوئی خاکہ پہلے سے تیار ہے اور وہ بزرگ رہنماؤں کے تجربہ کو اے آئی سی سی میں استعمال کریں گے اور نوجوان رہنماؤں کو ریاستوں میں کام کرنے کے مواقع فراہم کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔