راہل گاندھی چوکیدار کی طرح جملہ باز نہیں، اپنے وعدے کے پکے ہیں: طارق انور
بی جے پی نے گزشتہ 5 برسوں میں جس طرح سماج کو ہر سطح پر پیچھے ڈھکیلا ہے وہ انتہائی افسوسناک ہے۔ آج یوتھ بے روزگار ہے، ہر طرف ہاہا کار ہے اور آج آدمی چاہے کسی بھی جماعت یا ادارے کا ہو محفوظ نہیں ہے۔
نئی دہلی: کانگریس پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر طارق انور نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ 2019 کے لوک سبھا انتخابات کو دیکھتے ہوئے تمام معاشرے کے لوگ متحد ہو کر بی جے پی جیسی فرقہ پرست پارٹی کا مقابلہ کریں۔ بی جے پی نے گزشتہ 5 برسوں میں جس طرح سماج کو ہر سطح پر پیچھے ڈھکیلا ہے وہ انتہائی افسوسناک ہے۔ آج یوتھ بے روزگار ہے، ہر طرف ہاہاکار ہے، کوئی آدمی چاہے وہ کسی بھی جماعت یا ادارے کا ہومحفوظ نہیں ہے، لوگوں کو سڑک پر مار دیا جارہا ہے، پولس کے قاتل آزاد گھوم رہے ہیں اور گئو کشی کے ملزمان پر مقدمات عائد کیے جارہے ہیں۔ دلتوں مسلمانوں اور پسماندہ لوگوں پر ظلم ہو رہا ہے، اس لئے سب کو متحد ہونا چاہیے۔
انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر اپنی سالگرہ کے موقع پر دہلی پردیش قومی تنظیم، اترپردیش قومی تنظیم، ہریانہ پردیش قومی تنظیم اور یوتھ کانگریس سمیت کئی اداروں کے ذمہ داران اور کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے امید ہے کہ لوگ بی جے پی جیسی فرقہ پرست پارٹی کو 2019 میں منہ توڑ جواب دیں گے اور وہ اپنی باری کا انتظار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کا کانگریس صدر راہل گاندھی پر اعتماد بحال ہوا ہے اور وہ ان کو ایک ایسے لیڈر کے طور پر دیکھ رہے ہیں جو ایفائے عہد کرنے والا ہے۔ چوکیدار کی طرح جملہ باز، جھوٹے وعدے کرکے لالی پاپ دینے والا نہیں ہے۔
راہل گاندھی نے اپنی شبیہ ایک ایسے رہنما کے طور پر بنائی ہے جو کہنے سے زیادہ کرنے میں یقین رکھتے ہیں اور آج اگر غریب مزدور اور کسان کے مسیحا کے طور پر راہل گاندھی سامنے آئے ہیں اور مذکورہ لوگوں کو کانگریس پارٹی کی پالیسیوں سے راحت میسر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منریگا سے لیکر غریب کو روزگار، سب کو تعلیم کا قانون کانگریس پارٹی ہی لے کر آئی ہے اور 2019 میں کانگریس پوری قوت سے فرقہ پرستوں کو منہ توڑ جواب دے گی۔
اس موقع پر دہلی پردیش قومی تنظیم کے صدر عبد السمیع سلمانی، فضل مسعود، راجہ انصاری، حکیم ایاز ہاشمی، بلال احمد یوتھ کانگریس، حاجی عارفین منصوری (قومی صدر منصوری سماج)، شریف احمد ادریسی، طاہر بھائی، چودھری شریف احمد رکن دہلی وقف بورڈ سمیت سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے کیک کاٹ کر اپنے محبوب لیڈر طارق انور کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ طارق انور کی قیادت میں ملک نے کئی بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ طارق انور نے ہمیشہ دبے کچلے غریب، پسماندہ اور محروم سماج کے لوگوں کے لئے آواز بلند کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹاڈا کے خلاف آواز بلند کرنے کا معاملہ ہو یا بابری مسجد کے حق میں آواز بلند کرنے کا معاملہ، ہمیشہ طارق انور نے اپنی آواز پوری قوت کے ساتھ بلند کی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔