چوکیدار کی داڈھی میں تنکا، IL & FS کو عوام کے پیسہ سے بچانے کی کوشش: راہل
کانگریس صدر راہل گاندھی نے 91,000 کروڑ کے قرض میں ڈوبی آئی ایل اینڈ ایف ایس کمپنی کو بیل آؤٹ پیکج دینے کے لئے مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
انفراسٹرکچر لیزنگ اینڈ فائننشیل سرویسز لمٹیڈ (آئی ایل اینڈ ایف ایس) کمپنی پر91,000 روپے کروڑ سے زیادہ کا قرض ہے اور یہ کمپنی زبردست مالی بحران کی شکار ہے۔ مودی حکومت کے ذریعہ اس کمپنی کو بیل آؤٹ (مدد کے لئے روپے دینا) پیکج دینے پر کانگریس صدر راہل گاندھی نے حکومت کی سخت تنقید کی ہے۔
کانگریس صدر راہل گاندھی نے اپنے ٹوئٹ میں الزام لگایا ہے کہ آئی ایل اینڈ ایف ایس کمپنی کو سال 2007 میں اس وقت کے گجرات کے وزیر اعلی نریندر مودی نے 70 ہزار کروڑ کا سٹی نام کا ایک پروجیکٹ گفٹ دیا تھا لیکن اس پروجیکٹ کے تحت کوئی کام نہیں ہوا، بلکہ اس میں کئی جال سازیاں سامنے آئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قرض کے بوجھ کے تلے دبی اس کمپنی کو بچانے کے لئے مودی حکومت اب عوام کے پیسوں سے اس کو بیل آؤٹ (مدد کے لئے روپے دینا) کر وا نے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ایل آئی سی اور اسٹیٹ بینک آف انڈیا پر اس کمپنی کی مدد کے لئے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔
راہل گاندھی نے کہا ’’لوگ اپنی زندگی بھر کی کمائی ایل آئی سی میں ڈالتے ہیں۔ عوام کو ایل آئی سی پر بھروسہ ہے۔ آخر ان کا پیسہ کسی جال ساز کمپنی کو بچانے کے لئے کیوں استعمال کیا جا ئے‘‘۔
واضح رہے آئی ایل اینڈ ایف ایس کمپنی 91,000 کروڑ روپے سے زیادہ کی قرض دار ہے اور کمپنی 27 اگست کے بعد سے قرض پر سود کی ادائگی بھی وقت پر کرنے میں ناکام رہی ہے۔ ایل آئی سی اس کمپنی میں 25.34 فیصد اور ایس بی آئی 6.42 فیصد کی حصہ دار ہے۔ گزشتہ 36 ماہ میں اس کمپنی کے قرض میں 44 فیصد کا اضافہ ہو چکا ہے۔ اس کمپنی میں بیرون ممالک کے سرمایہ کاروں کا پیسہ لگا ہوا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 01 Oct 2018, 8:01 AM