کیا واشنگٹن دورے کی قیادت عمران خان ہی کر رہے ہيں؟
مخالفین کے نزدیک عمران خان کے غیر معمولی طرز عمل سے یہ تاثر مزید زور پکڑ گیا ہے کہ عمران خان ایک ‘سلیکٹڈ‘ وزیراعظم ہیں، جنہیں فوجی قیادت اپنی کڑی نگرانی میں چلا رہی ہے۔
پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ آرمی چیف قمر جاوید باجوہ اپنے تین روزہ دورہ واشنگٹن کے دوران امریکی وزیر دفاع اور امریکی افواج کے سربراہ سے ملاقات کے لیے پینٹاگون جائیں گے۔
امريکی دارالحکومت واشنگٹن میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیر کے روز آرمی چیف وزیراعظم عمران خان کے ساتھ وہائٹ ہاؤس جائیں گے۔ خیال ہے کہ امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ افغانستان میں قیام امن اور خطے میں دہشت گردی کے خاتمے کے حوالے سے مذاکرات میں جنرل باجوہ اور ان کے قریبی ساتھیوں کا کلیدی کردار ہوگا۔
بعض تجزیہ نگاروں کے مطابق ایسا کم ہی دیکھنے میں آیا ہے کہ کسی پاکستانی وزیر اعظم کے وہائٹ ہاؤس کے دورے میں اعلیٰ فوجی قیادت بھی ان کے ساتھ ہو۔ وزیر اعظم کے مخالفین کے نزدیک اس غیر معمولی طرز عمل سے یہ تاثر مزید زور پکڑ گیا ہے کہ عمران خان ایک 'سلیکٹڈ‘ وزیراعظم ہیں، جنہیں فوجی قیادت اپنی کڑی نگرانی میں چلا رہی ہے۔
لیکن واشنگٹن میں موجود ڈی ڈبلیو کی نمائندہ مونا کاظم کے مطابق، وہاں موجود پی ٹی آئی کے کارکنوں کو ان الزامات کی پرواہ نہیں اور ان میں وزیراعظم کے دورے کے لیے خاصا جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ عمران خان اس تین روزہ دورے کے دوران واشنگٹن میں پاکستانی سفیر کی رہائش گاہ پر قیام کر رہے ہیں، جہاں ہفتے کے روز ان کے استقبال کے لیے آنے والے کچھ لوگوں نے جنرل باجوہ اور عمران خان کی تصویریں اٹھا رکھی تھیں۔
واشنگٹن میں بات چیت کے دوران فوج کے ترجمان نے واضح کیا کہ اس دورے کی قیادت وزیر اعظم ہی کر رہے ہیں لہٰذا میڈیا کی توجہ ان ہی پر ہونی چاہیے۔ ميجر جنرل آصف غفور سے پوچھا گیا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق قیاس آرائیوں میں کتنی صداقت ہے، تو انہوں نے اس کا کوئی جواب دینے سےگریز کیا۔ انہوں نے پاکستانی صحافیوں کو مشورہ دیا کہ انہیں چاہیے کہ وہ اپنے ملک کے حوالے سے مثبت رپورٹنگ کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مخالف لابیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ضروری ہے کہ صحافی قومی مفاد سامنے رکھتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔
دریں اثنا وزیراعظم عمران خان اتوار کے روز واشنگٹن کے'کیپیٹل ون ایرینا آڈیٹوریم‘ میں پی ٹی آئی کے ایک جلسے سے خطاب کرنے جا رہے ہیں۔ منتظمین کے مطابق، کانسرٹ ہال میں بیس ہزار لوگوں کی گنجائش ہے لیکن مختلف علاقوں سے کوئی بائیس ہزار پاکستانی اس جلسے میں شرکت کے لیے اپنے نام لکھوا چکے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔