قومی آواز بلیٹن: کورونا سے 21 ہزار افراد ہلاک، متاثرین کی تعداد ساڑھے 4 لاکھ سے تجاوز

جان ہاپکنز یونیورسٹی اور ورڈومیٹرز کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ کورونا کے کیسز امریکہ میں سامنے آئے ہیں جن کی تعداد تقریباً 10 ہزار ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں مستقل اضافہ ہو رہا ہے اور بدھ کو مزید 44 ہزار کیسز کی تصدیق کے بعد مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 65 ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے جبکہ اس مہلک بیماری سے مرنے والوں کی تعداد 21 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ جان ہاپکنز یونیورسٹی اور ورڈومیٹرز کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ کورونا کے کیسز امریکہ میں سامنے آئے ہیں جن کی تعداد تقریباً 10 ہزار ہے۔ اسپین میں ساڑھے سات ہزار، اٹلی میں 5200، جرمنی میں 4300، فرانس میں 2900 اور ایران میں 2200 سے کچھ زیادہ مریضوں کی تصدیق ہوئی۔ ہندوستان میں اس وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد چودہ ہوگئی ہے۔

حکومت نے غریبوں کے لئے ایک لاکھ 70 ہزار کروڑ روپے کے پیکیج کا اعلان کیا

کورونا وائرس سے متاثر غریبوں کی مدد کے لئے مرکزی حکومت نے ایک لاکھ 70 ہزار کروڑ روپے کے پیکیج کا اعلان کیا ہے۔ ’غریب کلیان اسکیم ‘ کے تحت، براہ راست نقد رقم کی منتقلی (ڈائریکٹ کیش ٹرانسفر) ہوگی اور لوگوں کو فوڈ سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ اس پیکج کا کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے خیر مقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ صحیح سمت میں اٹھایا گیا قدم ہے۔


حکومت کے کچھ اہم اعلانات:

  • طبی کارکنان کے لئے 50 لاکھ روپے کے معاشی پیکیج کا اعلان۔
  • کسانوں کو ملنے والی پی ایم کسان سمان ندھی کی سالانہ 6000 روپے کی رقم کی ایک قسط فوری طور پر فراہم کی جائے گی، جس سے 8.69 کروڑ کسانوں کو فائدہ ہوگا۔
  • منریگا کے تحت کم سے کم اجرت میں اضافے کا اعلان۔ اس سے تقریبا 5 کروڑ خاندان مستفیض ہوں گے اور ہر مزدور کو 2000 روپے اضافی فراہم ہوں گے۔
  • منریگا کارکنان کی اجرت 182 روپے سے بڑھا کر 202 روپے یومیہ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
  • ہر ایک غریب بیوہ خاتون کو اگلے تین مہینوں تک 1000 روپے اضافی فراہم کیے جائیں گے۔
  • ملک کی 20 کروڑ خواتین جن دھن کھاتہ داروں کو اگلے تین ماہ تک ہر ماہ 500 روپیہ فراہم کیے جائیں گے، اس سے 20 کروڑ خواتین کو فائدہ ہوگا۔
  • بی پی ایل کنبہ جنہوں نے اُجولا سکیم سے فائدہ اٹھایا ہے، انہیں اگلے تین ماہ کے لئے 3 گیس سلنڈر مفت فراہم کیے جائیں گے، اس سے 8.3 کروڑ بی پی ایل خاندانوں کو فائدہ ہوگا۔
  • دین دیال نیشنل رورل ذریعہ معاش مشن میں فراہم ہونے والے بغیر ضمانت کے 10 لاکھ کے قرض کو 20 لاکھ کردیا ہے، جس سے 7 کروڑ کنبوں کو فائدہ ہوگا۔

سونیا گاندھی نے مودی کو خط لکھا، کورونا کے تعلق سے پیش کیا 8 نکاتی مشورہ

ہندوستان میں کورونا وائرس کے بڑھتے اثرات کے پیش نظر کانگریس صدر سونیا گاندھی نے وزیر اعظم مودی کو ایک خط لکھا ہے جس میں انھوں نے کئی اہم مشورے دیئے ہیں۔ انھوں نے خط میں لکھا ہے کہ "کورونا وائرس پوری دنیا میں پھیل رہا ہے اور اس وبا نے ملک بھر میں فکر، خوف اور افراتفری کا ماحول پیدا کر دیا ہے۔ کووِڈ-19 نے لاکھوں لوگوں کی زندگی خطرے میں ڈال دی ہے اور پورے ملک میں، خصوصاً سماج کے سب سے کمزور طبقہ کے لوگوں کی روزی روٹی اور معمولات زندگی پر برا اثر ڈالا ہے۔ کورونا وبا کو روکنے و ہرانے کی جدوجہد میں پورا ملک منظم ہو کر ایک ساتھ کھڑا ہے۔"


ملیشیا کے شاہی محل میں 7 ملازمین کورونا کے شکار، سلطان اور ان کی بیگم خطرے میں!

ملیشیا کے بادشاہ سلطان عبداللہ عزیزالدین اور ان کی بیگم عزیزہ امینہ میمونہ اسکندریہ اس بات کا پتہ لگنے کے بعد آئسولیشن میں چلے گئے ہیں کہ ان کے شاہی محل کے سات ملازم کورونا وائرس کی زد میں ہیں۔ سلطان اور ان کی بیگم دونوں نے خود کو علیحدہ رکھنے کا فیصلہ کیا اور ساتھ ہی یہ پتہ لگانے کا حکم بھی دیا ہے کہ شاہی محل میں موجود دیگر ملازم اور افراد اس وائرس کے شکار ہیں یا نہیں۔ ابھی تک اس بات کا پتہ نہیں چل سکا ہے کہ آخر کورونا وائرس کا انفیکشن شاہی محل تک کس طرح پہنچا۔ واضح رہے کل خبر آئی تھی کہ برطانیہ کے شہزادہ چارلس بھی کورونا کے شکار ہیں۔

نیوزی لینڈ نے کورونا وائرس کی وجہ سے ایک ماہ کے لئےلاک ڈاؤن کا اعلان کیا

دنیا میں جان لیوا کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد میں لگاتار اضافہ کے بعد نیوزی لینڈ میں بھی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے چار ہفتہ کے لئے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے جس سے یہاں کے لوگوں میں ہلچل پیدا ہو گئی ہے۔ نیوزی لینڈ میں تقریباً 20 روز قبل پانچ افراد کورونا وائرس سے متاثر پائے گئے تھے، لیکن اب ملک بھر میں یہ تعداد بڑھ کر 283 ہوگئی ہے اور یہ تعداد مسلسل بڑھتی جا رہی ہے۔


کرائسٹ چرچ حملہ کا ملزم 51 افراد کے قتل کا قصوروار قرار

نیوزی لینڈ کے کرائسٹ چرچ میں ایک سال پہلے دو مساجد پر حملے کے ملزم برینٹن ٹیرنٹ کو 51 افراد کے قتل کے لئے جمعرات کو مجرم ٹھہرایا گیا۔ آسٹریلیا کے نیوساؤتھ ویلز کا رہنے والے برینڈن نے 51 لوگوں کے قتل اور دہشت گردی پھیلانے کے ایک اور الزام کو بھی قبول کیا ہے۔ اس سے پہلے اس نے اپنے اوپر لگے تمام الزامات سے انکار کر دیا تھا جبکہ جون سے اس معاملہ پر سماعت چل رہی تھی۔ گزشتہ سال 15 مارچ کو فوجی ملبوسات میں مسلح شخص ٹیرنٹ نے کرائسٹ چرچ کے اندرونی شہر النور اور لین ووڈ مسجد میں 51 نمازیوں کو قتل کرکے انٹرنیٹ پر لائیو اسٹریم کیا تھا۔

ہر سال حملہ کر سکتا ہے کورونا! امریکی سائنسداں کا انتباہ

امریکہ کے ایک سینئر سائنسدان انتھونی فاکی کا کہنا ہے کہ عالمی وبا کی شکل اختیار کرنے والا نیا کورونا وائرس ہر سال ٹھنڈ کے موسم میں حملہ آور ہو سکتا ہے۔ امریکی نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف انفیکشز ڈیزیز کے ہیڈ ریسرچر انتھونی فاکی نے گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس بات کے قوی امکانات موجود ہیں کہ کورونا وائرس ہر سال سردیوں میں سیزنل وائرس کی طرح حملہ کرے۔


نیویارک میں لاشوں کا ڈھیر لگنے کا اندیشہ، ٹرکوں کو مردہ گھر بنانے کی تیاری

امریکہ میں اس وقت کورونا وائرس کا قہر اپنے عروج پر نظر آ رہا ہے اور تشویشناک بات یہ ہے کہ حالات مزید خطرناک ہوتے چلے جا رہے ہیں۔ امریکہ کے شہر نیو یارک میں سب سے زیادہ مشکل حالات دیکھنے کو مل رہے ہیں جہاں اب تک 30 ہزار سے زیادہ لوگ کورونا وائرس انفیکشن میں مبتلا ہو گئے ہیں۔ اس شہر میں گزشتہ روز 150 سے زائد اموات بھی ہوئی ہیں جس کے بعد لوگوں کی تشویش میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ اس شہر میں حالات کچھ ایسے بن گئے ہیں کہ ٹرکوں پر مردہ گھر بنانے کی تیاریاں شروع ہو گئی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔