معروف صحافی لطیف محمد خان کا شکاگو میں دورہ قلب سے انتقال، تدفین بعد نمازِ جمعہ
مشہور روزنامہ ‘منصف’ کے ایڈیٹر ان چیف خان لطیف خان کا گزشتہ شب انتقال ہو گیا۔ آج بعد نماز جمعہ شکاگو میں ہی ان کی نماز جنازہ ادا کی جائے گی اور مقامی قبرستان میں تدفین عمل میں آئے گی۔
حیدر آباد سے شائع ہونے والے شہرت یافتہ روزنامہ 'منصف' کے ایڈیٹر-اِن-چیف اور سلطان العلوم ایجوکیشنل سوسائٹی کے چیئرمین خان لطیف محمد خان کا جمعرات کی شب دورہ قلب کی وجہ سے انتقال ہو گیا۔ ان کے انتقال کی خبر اردو حلقہ میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اور معروف شخصیات کی تعزیتوں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ اپنی محنت اور کاوشوں کے ذریعہ اردو صحافت کو ایک الگ مقام عطا کرنے والے لطیف محمد خان کا انتقال شکاگو میں ہوا اور آخری رسومات بھی وہیں ادا کی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں : سوشانت سنگھ کی ’پرسنل ڈائری‘ سے کچھ صفحات کس نے پھاڑے؟
میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق مرحوم کی نمازِ جنازہ بعد نمازِ جمعہ مسلم کمیونٹی ہال شکاگو (امریکہ) میں ادا کی جائے گی اور قریب واقع قبرستان میں تدفین کا عمل انجام پائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ لطیف محمد خان دو ہفتہ قبل ہی حیدر آباد سے شکاگو گئے تھے۔ جمعرات کے روز اچانک ان کی طبیعت خراب ہو گئی اور پھر شہر شکاگو میں ہی بوقت صبح تقریباً 12 بجے مختصر علالت کے بعد ان کا انتقال ہوا۔ ان کی میت کو مسلم کمیونٹی سنٹرل منتقل کیا گیا۔
واضح رہے کہ خان لطیف محمد خان نے تقریباً 23 سال پہلے روزنامہ 'منصف' کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے شائع کرنے کا سلسلہ شروع کیا تھا جس کی اشاعت ہنوز جاری ہے۔ ان کے پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو فرزندان وسیم محمد خان اور ڈاکٹر اسلم محمد خان ہیں۔ ان کے علاوہ ان کی چار بیٹیاں بھی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 07 Aug 2020, 11:59 AM