کویت آتشزدگی واقعہ پر پی ایم مودی اور کانگریس صدر کھڑگے کا اظہارِ افسوس، 40 ہندوستانیوں کی موت کا اندیشہ

پی ایم مودی نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر لکھا ہے کہ ’’میری ہمدردی ان سبھی کے ساتھ ہے جن کے رشتہ دار ہلاک ہوئے، میں دعا کرتا ہوں کہ زخمی افراد جلد از جلد ٹھیک ہو جائیں۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>کویت کی عمارت میں لگی آگ کا منظر، ویڈیو گریب</p></div>

کویت کی عمارت میں لگی آگ کا منظر، ویڈیو گریب

user

قومی آواز بیورو

کویت کی ایک عمارت میں آج آگ لگنے کے سبب 50 سے زائد افراد کی موت واقع ہو گئی ہے اور کم و بیش 50 زخمی بھی ہوئے ہیں۔ مہلوکین میں کم از کم 40 ہندوستانیوں کی ہلاکت کا اندیشہ ہے اور تقریباً 30 ہندوستانی زخمی بتائے جا رہے ہیں جن کا علاج مختلف اسپتالوں میں چل رہا ہے۔ اس حادثہ کی خبر ملتے ہی ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر تعزیتی پیغام پوسٹ کیا ہے۔ اس میں انھوں نے لکھا ہے کہ ’’کویت میں آگ لگنے کا واقعہ غمناک ہے۔ میری ہمدردیاں ان سبھی کے ساتھ ہیں جن کے اپنے اس حادثہ میں جاں بحق ہوئے۔ میں دعا کرتا ہوں کہ زخمی جلد از جلد ٹھیک ہو جائیں۔ کویت میں ہندوستانی سفارت خانہ کے ذریعہ اس واقعہ پر باریکی سے نظر رکھی جا رہی ہے۔‘‘

اس دردناک حادثہ پر کانگریس کا بھی بیان سامنے آیا ہے۔ کانگریس نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر لکھا ہے کہ ’’کویت کی ایک بلڈنگ میں آگ لگنے سے کئی ہندوستانیوں کی موت سے متعلق افسوسناک خبر سامنے آئی ہے۔ کانگریس کنبہ حادثے میں ہلاک افراد کے اہل خانہ کے تئیں ہمدردی ظاہر کرتا ہے۔ ایشور سے دعا ہے کہ وہ مہلوکین کے کنبہ کو یہ تکلیف برداشت کرنے کی طاقت دے۔‘‘


کانگریس صدر کھڑگے نے اپنے تعزیتی پیغام میں لکھا ہے کہ ’’کویت میں خوفناک سانحہ سے غمزدہ ہوں، جہاں کئی ہندوستانی مزدور اپنی جان گنوا بیٹھے ہیں اور کئی زخمی بتائے جا رہے ہیں۔ ہماری دلی تعزیت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہے۔ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا گو ہوں۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’ہم وزارت خارجہ سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ متاثرین اور ان کے اہل خانہ کو ہر ممکن مدد فراہم کرے۔‘‘

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے بھی کویت میں پیش آئے حادثہ پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’کویت سٹی میں لگنے والی آگ میں 40 سے زائد ہندوستانی کی موت سے متعلق خبر ہولناک ہے۔ میں اس خبر سے صدمہ میں ہوں۔ میری گہری تعزیت غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہے اور میں تمام زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتا ہوں۔‘‘ راہل گاندھی اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر یہ بھی لکھتے ہیں کہ ’’مشرق وسطیٰ میں کام کرنے والے ہمارے لوگوں کی حالت سنجیدہ غور و فکر کا موضوع ہے۔ حکومت ہند کو اپنے ہم منصبوں کے ساتھ مل کر کام کرتے ہوئے اپنے شہریوں کی حفاظت کو ترجیح دینی چاہیے اور باوقار معیار زندگی کو یقینی بنانا چاہیے۔‘‘


https://x.com/RahulGandhi/status/1800891018633752730

واضح رہے کہ بدھ کی صبح کویت کے جنوبی احمدی علاقہ واقع منگف علاقہ میں 6 منزلہ عمارت کے باورچی خانہ میں آگ لگ گئی تھی۔ جس عمارت میں یہ آگ لگی وہاں تقریباً 160 لوگ رہائش پذیر تھے اور سبھی ایک ہی کمپنی کے لیے کام کرتے تھے۔ ان مزدوروں میں بیشتر ہندوستانی تھے، یہی وجہ ہے کہ مہلوکین میں و زخمیوں میں بیشتر ہندوستانی شامل ہیں۔ اس واقعہ کے بعد کویت کے داخلی امور کے وزیر شیخ فہد الیوسف الصبا نے پولیس کو منگف واقع عمارت کے مالک کو گرفتار کرنے کا حکم صادر کر دیا ہے۔ انھوں نے واضح طور پر کہا ہے کہ اس حادثہ کے لیے ذمہ دار کمپنی اور عمارت کے مالک ہیں۔ انھوں نے کویت انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن کو اس معاملے میں سخت کارروائی کی ہدایت بھی دی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔