ہاردک پٹیل کا بڑا فیصلہ، 5 لیڈروں کے ساتھ کانگریس میں ہوں گے شامل

پاٹیدار لیڈر ہاردک پٹیل نے کانگریس میں شامل ہونے کی خواہش ظاہر کر دی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ کب اور کس جگہ پارٹی جوائن کرنا ہے، اس سلسلے میں فیصلہ کانگریس لیڈروں سے میٹنگ کے بعد ہوگا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

گجرات سے بی جے پی کے لیے بری خبر سامنے آ رہی ہے۔ پاٹیداروں میں اپنی ایک الگ شناخت بنا چکے معروف نوجوان لیڈر ہاردک پٹیل نے کانگریس میں شامل ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ انھوں نے ایک انگریزی روزنامہ کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ وہ پانچ لیڈروں کے ساتھ بہت جلد کانگریس میں شامل ہوں گے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق امکان ہے کہ یہ سبھی لیڈران 12 مارچ کو باضابطہ کانگریس کی شمولیت اختیار لیں، اور پھر اس کے بعد لوک سبھا انتخابات میں ان سبھی لیڈروں کی ذمہ داریاں طے کی جائیں گی۔

میڈیا میں چل رہی خبروں کے مطابق کانگریس صدر راہل گاندھی کی موجودگی میں ہاردک پٹیل کانگریس میں شامل ہو سکتے ہیں اور لوک سبھا انتخاب لڑنے کے تعلق سے ہاردک کا کہنا ہے کہ ’’اس سلسلے میں کوئی بھی فیصلہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت لے گی۔‘‘ انگریزی اخبار ’انڈین ایکسپریس‘ نے کے مطابق ہاردک کا کہنا ہے کہ ’’ہاں، یہ بات سچ ہے کہ میں کانگریس میں شامل ہو رہا ہوں، لیکن پارٹی کو کب اور کس جگہ جوائن کروں گا میں اس سلسلے میں کوئی دعویٰ نہیں کر سکتا۔‘‘

ہاردک پٹیل نے اخبار سے گفتگو کے دوران اپنی بات واضح کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں ریاستی کانگریس کے لیڈروں سے جلد ہی ملاقات کروں گا اور اپنے ایشوز کو بھی ان کے سامنے رکھوں گا۔ اس کے بعد ہی پارٹی میں شامل ہونے کی تاریخ طے ہوگی۔‘‘ انتخاب لڑنے کے تعلق سے ہاردک نے کہا کہ ’’اگر کانگریس چاہے گی تو میں انتخاب بھی لڑنے کے لیے تیار ہوں۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ 12 مارچ کو گجرات کے احمد آباد میں کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ ہونے والی ہے۔ اسی وجہ سے قیاس آرائیاں ہو رہی ہیں کہ میٹنگ میں ہی راہل گاندھی کی موجودگی میں ہاردک پٹیل کانگریس میں شامل ہوں گے۔ لیکن اس تعلق سے نہ ہی ہاردک پٹیل نے کچھ کہا ہے اور نہ ہی کانگریس کی طرف سے کوئی بیان سامنے آیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔