پاکستانی کرکٹر حسن علی آج دوبئی میں ہندوستانی ’آرزو‘ سے رَچائیں گے شادی

حسن علی اور سامعہ آرزو نے دوبئی میں شادی کی تقریب منعقد ہونے سے قبل پری ویڈنگ فوٹو شوٹ کرایا جس میں دونوں انتہائی خوش نظر آ رہے ہیں۔ یہ تصویریں سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

ایک جانب ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ جیسا ماحول بنا ہوا ہے، پاکستانی حکومت نے تجارت سے لے کر بس و ٹرین سب بند کر دی ہیں دوسری جانب آج پاکستان کے تیز گیند باز حسن علی ہندوستانی لڑکی سامعہ آرزو کے ساتھ دوبئی میں شادی کے بندھن میں بندھنے جا رہے ہیں۔ اس رشتہ سے دونوں خاندان پر جوش اور بہت خوش ہیں۔ دونوں نے شادی سے پہلے کی کچھ تصاویر بھی شیئر کی ہیں۔ ’پری ویڈنگ‘ تصاویر سوشل میڈیا پر خوب وائرل بھی ہو رہی ہیں اور ان تصاویر میں دونوں بہت خوش و خرم نظر آ رہے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا

ویسے تو جنریٹر کے نام سے مشہور پاکستانی کرکٹر نے اس بات کی پہلے ہی تصدیق کر دی تھی کہ وہ 20 اگست کو ہندوستان کے میوات سے تعلق رکھنے والی سامعہ آرزو سے شادی کریں گے۔شادی کے بعد ولیمے کی تقریب پاکستان میں منعقد ہونے کی بات بھی سامنے آ چکی ہے۔


قابل ذکر ہے کہ دونوں کی پہلی ملاقات ایک سال قبل دوبئی میں ایک عشائیہ پر ہوئی تھی اور اس کے بعد دونوں کے رشتہ دار بھی ملاقات کر چکے ہیں۔حسن علی نے میڈیا سے بات چیت کے دوران گزشتہ دنوں یہ بھی بتایا تھا کہ سامعہ کو کرکٹ میں زیادہ دلچسپی نہیں ہے اور شادی کے بعد وہ گوجرانوالہ میں رہیں گی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا

سامعہ کے والد لیاقت علی نے اس رشتہ کے بارے میں بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دونوں خاندان کا تعلق بہت پرانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے سابق رکن پارلیمنٹ اور پاکستان ریلوے بورڈ کے چئیرمین رہے سردار طفیل اور ان کے دادا سگے بھائی تھے۔ تقسیم کے بعد ان کے دادا ہندوستان میں ہی رہ گئے تھے جبکہ دادا کے بھائی پاکستان چلے گئے تھے۔


واضح رہے کہ سامعہ ایئر امارات میں فلائٹ انجینئر ہیں اور ان کا تعلق ہندوستان کی ریاست ہریانہ کے میوات (نوح) علاقہ سے ہے۔ سامعہ نے فریدآباد کی مانو رچنا یونیورسیٹی سے پڑھائی کی ہے اور بی ٹیک (ایروناٹیکل) کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پہلے وہ جیٹ ائیرویز میں نوکری کرتی تھیں، بعد میں انہیں ائیر امارات میں نوکری مل گئی۔ وہ تین سال سے دوبئی میں مقیم ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا

قابل ذکر ہے کہ حال ہی میں یہ دوسری شادی ہو گی جب کوئی پاکستانی کھلاڑی اپنی شریک حیات ہندوستان سے لے کر جائے گا۔ اس سے قبل شعیب ملک نے ہندوستان کی معروف ٹینس کھلاڑی ثانیہ مرزا سے شادی کی تھی۔ پاکستان کے دو عظیم بلے باز ظہیر عباس اور محسن حسن خان نے بھی ہندوستانی خواتین سے شادی کی ہے۔ اس شادی کے بعد حسن علی بھی شعیب ملک، عظیم بلے باز ظہیر عباس اور محسن حسن خان کے کلب میں شامل ہو جائیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 20 Aug 2019, 2:10 PM