کرتار پور: ہندوستانی سکھ عقیدتمندوں کو جمعہ کی صبح عمران خان نے سنائی خوش خبری

پاکستانی پی ایم عمران خان نے ایک ٹوئٹ میں سکھ عقیدتمندوں کے لیے یہ خوشخبری بھی دی کہ’’ہندوستانی عقیدت مندوں کو کرتارپور کے لیے 10دن پہلے رجسٹریشن بھی نہیں کرانا ہوگا۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کرتارپور کوریڈور سے پاکستان آنے والے ہندوستانی سکھ عقیدت مندوں کے لئے بڑی خوشخبری سنائی ہے۔ انھوں نے اعلان کیا ہے کہ اب ہندوستانی سکھ عقیدتمندوں کو کرتارپور گرودوارہ میں زیارت کے لیے پاسپورٹ کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ وہ کسی بھی شناختی کارڈ کی مدد سے یہاں آسکتے ہیں۔

عمران خان نے جمعہ کے روز ایک اور خوشخبری دی۔ انھوں نے ایک ٹوئٹ کر کے دوسری راحت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہندوستانی عقیدت مندوں کو 10دن پہلے رجسٹریشن بھی نہیں کرانا ہوگا۔افتتاح کے دن اور گرونانک کے 550ویں یوم پیدائش پر کوئی فیس بھی نہیں لی جائےگی۔‘‘قابل ذکر ہے کہ پاکستانی پی ایم کرتارپور کوریڈور کا افتتاح 9نومبر کو کریں گے۔


واضح رہے کہ ہندوستانی پی ایم نریندرمودی اسی دن ہندوستانی سرحد میں اس کوریڈور کا افتتاح کریں گے۔اس کے بعد پی ایم مودی پنجاب کے گرداس پور میں ڈیرا بابا نانک میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کریں گے۔ ہندوستان کی جانب سے پاکستان جانے والے وفد میں کانگریس لیڈر اور سابق وزیراعظم من موہن سنگھ کے شامل ہونے کا امکان ہے۔امید کی جا رہی ہے کہ منموہن سنگھ پہلے جتھہ کے ساتھ پاکستان روانہ ہوں گے۔

اس دوران پاکستان نے کانگریس لیڈر اور سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کو کوریڈور کے افتتاحی پروگرام میں حصہ لینے کےلئے خصوصی دعوت نامہ بھیجا ہے۔حالانکہ وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ اس کےلئے نوجوت سدھو کو سیاسی منظوری لینی ہوگی۔اس طرح دیکھا جائے تو سدھو کے پاکستان جانے پر تذبذب کی صورت حال بنی ہوئی ہے۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 01 Nov 2019, 12:36 PM