گریٹر نوئیڈا حادثہ کے بعد اتھارٹی نے سنایا 96 عمارتوں کو منہدم کرنے کا فیصلہ
نوئیڈا اتھارٹی نے 96 عمارتوں کو غیر محفوظ قرار دیتے ہوئے انھیں ایک ہفتہ کے اندر منہدم کرنے کی ہدایت دی ہے۔
گریٹر نوئیڈا کے شاہ بیری گاؤں میں 17 جولائی کو 2 عمارتوں کے گرنے سے 9 لوگوں کی موت ہوئی جس کے بعد نوئیڈا اتھارٹی نے ہوش کا ناخن لیتے ہوئے یہاں کے مختلف گاؤں اور سیکٹروں میں تعمیر شدہ 96 عمارتوں کو غیر محفوظ قرار دے دیا۔ ان عمارتوں پر اس نے نوٹس چسپاں کرتے ہوئے ایک ہفتہ کے اندر منہدم کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔
اتھارٹی نے اپنے نوٹس میں لکھا ہے کہ غیر محفوظ عمارتوں کو اگر ان کے مالک خود مکان کو نہیں توڑتے ہیں تو کسی بھی انہونی کے لیے وہ خود ذمہ دار ہوں گے۔ ساتھ ہی اتھارٹی نے یہ بھی کہا کہ اگر مکان مالک ایک ہفتے کے اندر اپنے مکانوں کو نہیں توڑتے ہیں تو اتھارٹی انھیں توڑ دے گا۔ اتھارٹی کے ذریعہ جاری نوٹس سے مکان مالکوں میں کھلبلی مچی ہوئی ہے۔
نوئیڈا اتھارٹی کے اسپیشل افسر راجیش کمار سنگھ نے بتایا کہ اتھارٹی نے برولا گاؤں میں 26 عمارتوں، نٹھاری گاؤں میں 30 عمارتوں، سیکٹر 58 میں تین صنعتی اراضی، گڑھی چوکھنڈی گاؤں میں 26 عمارتوں، جھنڈ پورا گاؤں میں 2 مکانوں، نیا بانس اور اٹّا گاؤں میں 9 عمارتوں کو سروے کے بعد غیر محفوظ پایا ہے۔
راجیش کمار سنگھ نے بتایا کہ ابھی تک کسی بھی عمارت کے مالک نے نوٹس کا جواب نہیں دیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ نوئیڈا اتھارٹی عمارتوں کے مالکان کی بات سنے گا اور اس کے بعد ہی آگے کی کارروائی کی جائے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 01 Aug 2018, 9:08 AM