کورونا کے دور میں ’کانوڑ یاترا‘ خطرناک ثابت ہوگی، ڈاکٹر ایس کے سرین

تصویر ٹوئٹر
تصویر ٹوئٹر
user

قومی آواز بیورو

11 Jul 2021, 4:10 PM

کورونا کے دور میں ’کانوڑ یاترا‘ خطرناک ثابت ہوگی، ڈاکٹر ایس کے سرین

انسٹی ٹیوٹ آف لیور اینڈ بیلیری سائنسز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ایس کے سرین نے کہا ہے کہ کورونا کے دوران میں اگر کانوڑ یاترا کو اجازت دی گئی تو یہ سماج کے لئے انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’لوگ جب تک یہ وعدہ نہیں کرتے کہ وہ کوئی بدسلوکی نہیں کریں گے، میرے خیال میں اس وقت تک کانوڑ یاترا کو اجازت دینا انتہائی خطرناک ثابت ہوگا۔ اگر انہوں نے کورونا سے متعلق پروٹوکول پر عمل نہیں کیا تو اس کا بڑا نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔ صورت حال پر باریکی سے نظر رکھنا ضروری ہے۔‘‘

11 Jul 2021, 2:32 PM

’ویکسین کہاں ہے؟‘ راہل گاندھی نے پھر سوال اٹھایا

ملک میں کورونا ٹیکہ کاری کی سست رفتار پر کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے ایک مرتبہ پھر سوال اٹھاتے ہوئے مودی حکومت سے پوچھا ہے کہ آخر ویکسین کہاں ہے؟ انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’وزراء کی تعداد بڑھی ہے، ویکسین کی نہیں۔‘‘ اس کے ساتھ انہوں نے ہیش ٹیگ ویئر اس ویکسین یعنی کہ ویکسین کہاں ہے کا استعمال کیا۔

راہل گاندھی نے ٹوئٹر کے ساتھ این ڈی ٹی وی کی خبر کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ اگر ہندوستان میں کورونا کی تیسری لہر کو روکنا ہے تو دسمبر 2021 تک ملک کی 60 فیصد آبادی کی ٹیکہ کاری انجام دی جانی لازمی ہے۔ خبر کے مطابق ایک ہفتہ میں 8.8 ملین ویکسین کی خوراکیں فراہم کی جانی چاہئیں لیکن فی الحال 3.5 ملین ویکسین کی خوراکیں ہی فراہم کی جا رہی ہیں۔ ظاہر ہے کہ اس طرح دسمبر تک ٹیکہ کاری کا ہدف حاصل کرنا ممکن نہیں ہوگا۔

11 Jul 2021, 1:22 PM

یوگی آدتیہ ناتھ نے نئی آبادی پالیسی متعارف کرائی، کہا- ’بڑھتی ہوئی آبادی ترقی کی راہ میں رکاوٹ‘ 

وزیر یوگی آدتیہ ناتھ نے آج اتر پردیش کی نئی آبادی پالیسی متعارف کرا دی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ریاست کی آبادی پالیسی 2021-2030 کو جاری کرتے ہوئے مجھے خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آبادی میں اضافہ ترقی کی راہ میں رکاوٹ بن سکتا ہے۔ لہذا اس پالیسی میں ہر طبقہ ایک برادری کو شامل کیا گیا ہے۔


11 Jul 2021, 12:01 PM

قندھار میں واقعہ ہندوستانی قونصل خانہ بند نہیں کیا گیا، ترجمان وزارت خارجہ

مرکزی وزارت خارجہ کے ترجمان اریندم باغچی نے اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان کے شہر قندھار میں واقعہ ہندوستانی قونصل خانہ بند نہیں کیا گیا ہے، تاہم قندھار شہر کے نزدگی جاری شدید جنگ کے پیش نظر ہندوستانی اہلکاروں کو کچھ وقت کے لئے واپس بلا لیا گیا ہے۔

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ جب تک صورت حال مستحکم نہیں ہو جاتی اس وقت تک یہ پوری طرح عارضی اقدام ہے۔ قونصل خانہ کے امور مقامی عملہ کے ذریعے انجام پاتے رہیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔