اہم خبریں: ہندوستانی کرکٹ ٹیم مشکل میں، پنت سمیت دو افراد کووڈ پازیٹو، مزید تین کھلاڑی آئسولیٹ
رشبھ پنت اور ہندوستانی عملہ کا ایک رکن کورونا سے متاثر
نئی دہلی: نوجوان وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت اورتھرو ڈاؤن ماہر دیانند گرانی انگلینڈ دورے میں کووڈ-19 سے مثبت پائے گئے ہیں۔ ان دونوں کو ہی آئیسولیشن میں رکھا گیا ہے۔ ان کے قریبی رابطے میں آئے مزید تین رکن ردھیمان ساہا، ابھمنیو ایشورن اور بھرت ارون کو بھی آئیسولیٹ کردیا گیا ہے۔ اس درمیان ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی ی آئی) نے ایک بیان میں تصدیق کی ہے کہ پنت آٹھ جولائی کو مثبت پائے گئے تھے اور وہ تب سے آئیسولیشن میں ہیں جبکہ گرانی 14 جولائی کو پازیٹیو ہوئے۔ ہندوستانی ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کے بعد تین ہفتے کے بریک پر ہے۔
ہماچل پردیش: شملہ میں آیا زلزلہ، لوگ گھروں سے باہر نکلے
ہماچل پردیش کی راجدھانی شملہ میں زلزلہ کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق زلزلہ کی شدت ریکٹر پیمانے پر 3.6 تھی اور یہ جھٹکے شملہ میں دیر شام محسوس کیے گئے۔ زلزلہ کا احساس ہوتے ہی خوفزدہ لوگ بڑی تعداد میں گھروں سے باہر نکل گئے۔ فی الحال اس زلزلہ سے کسی بھی جانی و مالی نقصان کی خبر موصول نہیں ہوئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ زلزلہ کا مرکز شملہ سے 10 کلو میٹر دور ہے۔
ہزاری باغ میں ایک ہی کنبہ کے تین اراکین کی جل کر موت
ہزاری باغ: جھارکھنڈ میں ہزاری باغ ضلع کے لوہسنگھنا تھانہ علاقہ میں ایک ہی کنبہ کے تین اراکین کی جل کر موت ہوگئی۔ پولیس ذرائع نے جمعرات کو یہاں بتایا کہ ہزاری باغ شہر کے لوہار ٹولہ محلہ باشندہ منا وشو کرما کے گھر کے ایک کمرے میں آج علی الصبح آگ لگنے سے مکان مالک، اس کی اہلیہ اور اس کے چھ سالہ بیٹے کی موت ہوگئی۔ واقعہ کی اطلاع کے بعد موقع پر پہنچی پولیس نے لاشیں پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دی ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ مرنے والوں میں مکان مالک منا وشوکرما عرف سروج وشوکرما (45 سال) کے علاوہ ان کی اہلیہ سونم دیوی (42 سال) اور بیٹا آیوش (6 سال) شامل ہیں۔ سروج کی دو بیٹیاں دوسرے کمرے میں سوئی ہوئی تھیں جس کی وجہ سے وہ حادثے سے بچ گئیں۔ اس سلسلے میں متعلقہ تھانے میں ایک ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ معاملے کی تفتیش کی جا رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔