گئو کشی کرے کوئی اور سزا کسی اور کو : جمعیۃ القریش

آل انڈیا جمعیۃ القریش کے صدر سراج قریشی نے کہا ’’گئو کشی کے تمام معاملات میں مسلمانوں کو بے وجہ بدنام کیا جا رہا ہے، کرتا کوئی اور ہے، سزا کسی اور کو ملتی ہے۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

ملک میں موب لنچنگ کے بڑھتے واقعات کے درمیان آل انڈیا جمعیۃ القریش نے مرکزی حکومت سے گئو کشی کے تعلق سے پالیسی صاف کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ملک بھر میں اس پر پابندی عائد کرنے کی اپیل کی ہے۔ آل انڈیا جمعیۃ القریش مویشی اور گوشت تاجروں کی کل ہند تنظیم ہے۔

تنظیم کے صدر سراج الدین قریشی نے کہا کہ ملک میں گئو کشی پر پوری طرح پابندی لگنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ’’گئو کشی کے تعلق سے حکومت کی پالیسی صاف نہیں ہے، اسے واضح کیا جانا چاہئے۔ گئو کشی کے تمام معاملات میں مسلمانوں کو بلا وجہ پریشان کیا جاتا ہے، گئو کشی کوئی اور کرتا ہے اور بھگتنا کسی اور کو پڑتا ہے۔‘‘

سراج الدین قریشی نے کہا کہ ان کی تنظیم کبھی گئو کشی کی حمایت نہیں کرتی۔ اب یہ حکومت پر منحصر ہے کہ وہ اس کے خلاف کوئی ملک گیر قانون بناتی ہے یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں گائے کے نام پر پیٹ پیٹ کر جان لینے کی واردات میں اضافہ ہو رہا ہے یہ ایک تشویش ناک بات ہے۔ کسی بھی انسان کی اگر جان جاتی ہے تو اس کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق سراج الدین قریشی نے موب لنچنگ کے حوالے سے حکومت کے رویہ پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات پر نریندر مودی اور ریاستی حکومتوں کی نیت انہیں صاف لگتی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’سپریم کورٹ نے بھی ایسی واردات پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور مرکزی حکومت نے وزراء کی ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ اب ایسے واقعات پر روک لگ سکے گی۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 29 Jul 2018, 9:59 PM