مایا وتی ہماری ’بوا‘ اور ہم عظیم اتحاد کے ساتھ، بھیم آرمی کے والیا کا بڑا بیان

چندر شیکھر عرف راون کے بہت قریبی تصور کیے جانے والے کمل والیا نے عظیم اتحاد کے ساتھ کھڑے ہونے کا اعلان کرتے ہوئے مایاوتی کو اپنی بوا بتایا اور کہا کہ ’بھیم آرمی‘بی جے پی کے خلاف مہم چلائے گی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

بھیم آرمی کے سربراہ چندر شیکھر آزاد عرف راون جیل سے آزاد ہو چکے ہیں۔ ان کی آزادی کا پروانہ جاری کر یوگی حکومت نے دلتوں کے درمیان اپنی شبیہ بہتر بنانے کی جو کوشش کی تھی، رہائی کے بعد چندر شیکھر راون نے اس پر پانی پھیر دیا ہے۔ وہ 2019 میں بی جے پی کو اقتدار سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے اپنے عزم کا اظہار کر چکے ہیں اور اب تو چندر شیکھر کے بہت قریبی تصور کیے جانے والے کمل والیا نے ایک ہندی نیوز ویب سائٹ سے بات چیت کے دوران بھیم آرمی کے ذریعہ عظیم اتحاد کو حمایت دینے کا بھی اعلان کر دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارا مقصد بی جے پی کو شکست دینا ہے تاکہ بی جے پی کا یو پی سے پوری طرح صفایا ہو جائے۔

کمل والیا نے ’نیوز 18‘ (ہندی) سے بات چیت کے دوران واضح الفاظ میں کہا کہ وہ اس بات کو ہر ممکن طریقے سے یقینی بنائیں گے کہ بی جے پی کو 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں شکست ملے۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’بھیم آرمی حکومت کے دباؤ میں جھکنے والی نہیں ہے اور بی جے پی کو عام انتخابات میں اقتدار سے باہر کرنے کے لیے آئینی طریقے سے جنگ لڑی جائے گی۔‘‘ والیا نے اپنی بات چیت کے دوران حالانکہ اس بات سے انکار کیا کہ چندر شیکھر عرف راون انتخابات لڑیں گے، لیکن یہ ضرور کہا کہ بی جے پی مخالف پارٹیوں کے حق میں ہمہ وقت کھڑے نظر آئیں گے۔

بی ایس پی سربراہ مایاوتی کے تعلق سے بولتے ہوئے والیا نے کہا کہ ’’مایاوتی ہماری بوا کی طرح ہیں اور ان سے کسی طرح کی مخالفت نہیں ہے۔ وہ سماج کے لیے ایماندار ہیں اور ہم ان کے ساتھ ہیں۔ جو لوگ سرکاری مشینری کا غلط استعمال کر رہے ہیں بھیم آرمی ان کے خلاف کھڑی ہوگی۔‘‘ بی جے پی پر الزام عائد کرتے ہوئے والیا کہتے ہیں کہ ’’ہمارے 11 کارکنان کو بی جے پی والوں نے مروا دیا۔ ہم لوگوں پر راسوکا لگانے کا کام کیا۔ ہم لوگ 2019 کے انتخابات میں بی جے پی کو اس کا جواب دیں گے۔‘‘

اپنی بات چیت کے دوران کمل والیا نے یہ بھی کہا کہ چندر شیکھر راون کو دوبارہ جیل بھیجا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’’سرکار بھیم آرمی کے سربراہ چندر شیکھر راون کو جیل سے باہر لا کر دوبارہ فساد کروانا چاہتی ہے اور اس کے بعد انھیں پھر سے جیل بھیجنے کا کام کرے گی۔‘‘ دلت سماج کے حق کی لڑائی کا دعویٰ کرنے والی بھیم آرمی کے ضلعی صدر کمل والیا نے کہا کہ ’’ہماری تنظیم پوری طرح سے غیر سیاسی ہے، لیکن یہ ملک بھر میں گھوم گھوم کر بی جے پی کو شکست دینے کے لیے تشہیر کرے گی۔ بی جے پی نے ایک پالیسی کے تحت چندر شیکھر راون کو جیل سے باہر نکالا ہے تاکہ فساد کروا کر دوبارہ اس پر راسوکا لگایا جا سکے۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ یوگی حکومت نے راون کی ماں کی اپیل پر غور کرتے ہوئے جمعرات کی شام ایک پریس نوٹ جاری کر اس پر سے راسوکا ہٹاتے ہوئے آزاد کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔ اس کے بعد جمعہ کی صبح تقریباً ڈھائی بجے سہارنپور کی جیل سے اسے آزاد کر دیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی راون کے دیگر دو ساتھیوں کو بھی آزاد کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔