مہادیو بیٹنگ ایپ کے مالک کو دبئی میں انٹرپول نے کیا گرفتار، ہندوستان کے حوالے کرنے کی تیاری
مہادیو سٹہ بازی ایپ کیس میں ہندوستانی ایجنسیوں کو بڑی کامیابی ملی ہے۔ ذرائع کے مطابق اس معاملے کے کلیدی ملزم اور کمپنی کے مالک سوربھ چندراکر کو دبئی میں انٹرپول نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے
مہادیو سٹہ بازی ایپ کیس میں ہندوستان کی تفتیشی ایجنسیوں نے بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ ذرائع کے مطابق بیٹنگ ایپ کے مالک سوربھ چندراکر کو انٹرپول نے حراست میں لے لیا ہے جس کے بعد ان کی ہندوستان حوالگی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی ٹیم مہادیو ایپ کے مالک سوربھ چندراکر کو ایک ہفتے کے اندر ہندوستان لا سکتی ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ انٹرپول نے سی بی آئی کو اطلاع دی ہے، جو کہ نوڈل ایجنسی ہے۔ ای ڈی نے اس معاملے میں ریڈ کارنر نوٹس جاری کیا تھا۔ سوربھ چندراکر کے داؤد ابراہیم سے بھی مراسم بتائے جاتے ہیں۔ مہادیو ایپ کے خلاف ملک کی کئی ریاستوں میں کیس درج ہیں۔ ایپ کو لے کر ای ڈی میں شکایت بھی درج کرائی گئی ہے۔ اس سے قبل دسمبر 2023 میں سوربھ چندراکر کو دبئی میں حراست میں لینے کے بعد 'گھر میں نظربند' کر دیا گیا تھا۔
مرکزی حکومت نے 5 نومبر 2023 کو مہادیو بیٹنگ ایپ سمیت 22 غیر قانونی بیٹنگ ایپس اور ویب سائٹس کو بلاک کرنے کا حکم دیا تھا۔ ای ڈی کی سفارشات کے بعد انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کی دفعہ 69 اے کے تحت احکامات جاری کیے گئے۔ 8 نومبر 2023 کو ممبئی پولیس نے مہادیو بیٹنگ ایپ اور اس کے پروموٹرز کے خلاف دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کیا تھا۔ ملزمان پر دھوکہ دہی اور جوا کھیلنے کا الزام تھا۔ اس معاملے میں سوربھ چندراکر، روی اپل سمیت 30 سے زیادہ لوگوں کے خلاف ماٹونگا تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، جسے بعد میں ممبئی کرائم برانچ کے حوالے کر دیا گیا تھا اور پھر اس کی جانچ کے لیے ایس آئی ٹی تشکیل دی گئی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔