شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ میں دیپکا پادوکون کو بھگوا کپڑے میں دیکھ کر مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ ناراض، کارروائی کی دھمکی

مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ نروتم مشرا نے اداکارہ دیپکا پادوکون پر ’ٹکڑے ٹکڑے‘ گینک کو سپورٹ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پوشاک بے حد قابل اعتراض ہے۔

فلم پٹھان کے ایک نغمہ کا منظر
فلم پٹھان کے ایک نغمہ کا منظر
user

قومی آواز بیورو

مدھیہ پردیش میں شاہ رخ خان اور دیپکا پادوکون کی آنے والی فلم ’پٹھان‘ کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ایسا اس لیے کیونکہ فلم میں دیپکا کے ذریعہ پہنے گئے بھگوا کپڑے پر وزیر داخلہ نروتم مشرا نے سخت اعتراض ظاہر کیا ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے دھمکی دی ہے کہ اگر فلم کے ایسے مناظر کو نہیں بدلا جاتا تو ریاستی حکومت فلم کی ریلیز سے متعلق کوئی سخت فیصلہ لینے کے لیے مجبور ہوگی۔

دراصل فلم میں ایک نغمہ ہے ’بے شرم رنگ‘ جس میں دیپکا پادوکون نے بھگوا رنگ کا لباس زیب تن کر رکھا ہے۔ اسی پر نروتم مشرا نے اپنی ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ منگل کے روز ریلیز ہوا یہ نغمہ سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کر رہا ہے۔ فلم کے پروموز پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ نروتم مشرا نے بدھ کے روز کہا کہ ’’فلم کا لباس اور مناظر فحش و قابل مذمت ہیں۔‘‘


دیپکا کے بھگوا لباس پر جاری تنازعہ سے متعلق رد عمل ظاہر کرتے ہوئے نروتم مشرا نے دیپکا پر ٹکڑے ٹکڑے گینگ کو سپورٹ کرنے کا الزام عائد کر دیا۔ انھوں نے کہا کہ اداکارہ کا لباس انتہائی قابل اعتراض ہے اور نغمہ کو گندی ذہنیت کے ساتھ شوٹ کیا گیا ہے۔ نغموں کے مناظر اور کاسٹیوم بدل دیے جائیں، نہیں تو پہلے مدھیہ پردیش میں اسکریننگ کا فیصلہ لینا ہوگا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل مدھیہ پردیش اسمبلی میں حزب مخالف لیڈر گووند سنگھ نے بھی نغمہ میں دکھائے گئے لباس پر اپنی ناراضگی ظاہر کی تھی۔ گووند سنگھ نے بدھ کے روز صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بھی کہا تھا کہ نغمہ کے مناظر اور لباس بے حد قابل اعتراض ہیں۔ ہندوستانی ثقافت میں ایسی چیزیں قابل قبول نہیں ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔