ہاتھرس معاملہ: جنتر منتر پر لگے مودی-یوگی مخالف نعرے، درجنوں تنظیموں کا زبردست مظاہرہ
جنتر منتر پر لگے مودی-یوگی مخالف نعرے
ہاتھرس اجتماعی عصمت دری واقعہ سے ناراض لوگ ہزاروں کی تعداد میں جنتر منتر پہنچے اور مودی-یوگی مخالف نعرے بھی گونجتے سنائی دیے۔ سماجی و سیاسی تنظیموں کے ساتھ ساتھ طلبا تنظیموں نے بھی جنتر منتر مظاہرہ میں شرکت کی اور قابل ذکر بات یہ ہے کہ خواتین کی بھی کافی تعداد یہاں دیکھنے کو ملی۔ تاریکی ہونے پر سبھی اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے موبائل کی لائٹ جلاتے ہوئے بھی نظر آئے۔ اس درمیان کانگریس لیڈر سشمتا دیو بھی احتجاجی مظاہرہ میں شامل ہونے کے لیے پہنچیں۔ انھوں نے کہا کہ تشدد کے شکار ہر مظلوم کے ساتھ ہیں اور ان کے لیے انصاف کا مطالبہ کر رہی ہیں۔
جدوجہد اس وقت تک جاری رہے گا جب تک یو پی کے وزیر اعلیٰ استعفیٰ نہیں دیتے: چندرشیکھر آزاد
ہاتھرس واقعہ کے خلاف جنتر منتر پر زبردست احتجاجی مظاہرہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ سی پی ایم جنرل سکریٹری سیتارام یچوری، سی پی آئی لیڈر ڈی راجہ، جگنیش میوانی، سورا بھاسکر اور بھیم آرمی سربراہ چندرشیکھر آزاد جیسی شخصیت جنتر منتر پہنچے اور ہاتھرس واقعہ کے خلاف اپنی آواز بلند کی۔ جنتر منتر پر مظاہرہ کر رہے بھیم آرمی چیف نے کہا کہ "میں ہاتھرس کا دورہ کروں گا۔ ہماری جدوجہد اس وقت تک جاری رہے گی جب تک یو پی کے وزیر اعلیٰ استعفیٰ نہیں دیتے اور انصاف نہیں مل جاتا۔ میں سپریم کورٹ سے ہاتھرس واقعہ پر نوٹس لینے کی گزارش کرتا ہوں۔"
ہندوستان میں کہیں بھی عصمت دری کا واقعہ نہیں ہونا چاہیے: اروند کیجریوال
ہاتھرس اجتماعی عصمت دری کے خلاف دہلی کے جنتر منتر پر سماجی تنظیموں کے احتجاجی مظاہرہ میں شامل ہوئے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے کہا کہ اس ایشو پر کوئی سیاست نہیں ہونی چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ اتر پردیش ہی کیوں، مدھیہ پردیش، راجستھان، ممبئی یا دہلی میں بھی عصمت دری نہیں ہونی چاہیے۔ ہندوستان میں کہیں بھی عصمت دری جیسا واقعہ پیش نہیں آنا چاہیے۔
دہلی: جنتر منتر پر یوتھ کانگریس نے گاندھی جی کی شکل اختیار کر کیا زبردست مظاہرہ
یوتھ کانگریس کارکنان دہلی کے جنتر منتر پر بڑی تعداد میں گاندھی جی کی شکل اختیار کر پہنچے اور زبردست مظاہرہ کیا۔ انھوں نے ہاتھرس اجتماعی عصمت دری متاثرہ کو انصاف دلانے اور قصورواروں کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا۔
جنتر منتر مظاہرہ کو دیکھتے ہوئے جن پتھ میٹرو اسٹیشن کا گیٹ بند
جنتر منتر میں سماجی و سیاسی تنظیموں کے ساتھ ساتھ طلبا تنظیموں کی بھیڑ بھی جمع ہونے لگی ہے۔ ہاتھرس اجتماعی عصمت دری معاملہ پر لوگوں میں زبردست ناراضگی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ بھیم آرمی سربراہ چندرشیکھر آزاد اور دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال سمیت کئی سرکردہ سیاسی و سماجی لیڈران لگاتار جنتر منتر پہنچ رہے ہیں۔ اس مظاہرہ کے پیش نظر جن پتھ میٹرو اسٹیشن میں داخل ہونے اور نکلنے کا دروازہ بند کر دیا گیا ہے۔
دہلی کے جنتر منتر پر کئی تنظیموں کا زبردست احتجاجی مظاہرہ
ہاتھرس عصمت دری معاملہ کو لے کر پورے ملک میں زبردست غم و غصے کی لہر۔ جمعہ کے روز اس تعلق سے دہلی کے جنتر منتر پر کئی تنظیموں کا زبردست احتجاجی مظاہرہ دیکھنے کو ملا۔ ہاتھرس کیس کے خلاف جنتر منتر پر کئی سماجی و سیاسی تنظیموں کے لیڈران و کارکنان مظاہرہ کرنے جمع ہوئے ہیں۔ فلم اداکارہ اور سماجی کارکن سورا بھاسکر اور سیاسی لیڈر جگنیش میوانی بھی جنتر منتر پہنچ چکے ہیں۔
متاثرہ کے کنبہ کو پولیس نے کیا گھر میں قید، فون چھیننے اور پٹائی کے الزامات
ہاتھرس میں گینگ ریپ کا نشانہ بننے والی متاثرہ کے اہل خانہ اس وقت خوف کے سایہ میں زندگی گزار رہے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس نے متاثرہ کے گھر کا محاصرہ کر لیا ہے اور کسی کو بھی اندر جانے کی یا باہر آنے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔
متاثرہ کا ایک بھائی کھیتوں کے راستے پولیس کو چکمہ دینے میں کامیاب رہا کسی طرح گاؤں کے باہر جاکر میڈیا والوں سے پولیس کی بربریت کی داستان سنائی۔ متاثرہ کے بھائی نے بتایا کہ ان کے کنبہ کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ اس کی بھابی میڈیا سے ملنا چاہتی ہیں اور کل ڈی ایم نے ان کے تاؤ کے سینے پر لات مار دی۔
متاثرہ کے گاؤں جا رہے ڈیریک کے ساتھ بھی ہاتھا پائی! پولیس پر دھکا مارکر نیچے گرانے کا الزام
جمعہ کے روز متاثرہ کے اہل خانہ سے ملاقات کے لئے جا رہے ترنمول کانگریس کے کچھ ارکان پارلیمنٹ کو یو پی پولیس کی طرف سے روکا گیا۔ اس دوران ڈیریک او برائن نیچے گر گئے۔ ٹی ایم سی کے ایک بیان کے مطابق کچھ ارکان پارلیمنٹ کو یو پی پولیس نے متاثرہ کے گاؤں سے ڈیڑھ کلومیٹر پہلے ہی روک لیا۔ پارٹی نے بتایا کہ ارکان پارلیمنٹ الگ الگ سفر کر رہے تھے۔
ٹی ایم سی ارکان اسمبلی میں ڈیریک او برائن، کاکولی گھوش دستیدار، پرتیما مونڈل اور سابق رکن پارلیمنٹ ممتا ٹھاکر شامل ہیں۔ یہ تمام لیڈران دہلی سے ہاتھرس کے لئے روانہ ہوئے تھے۔
اتر پردیش میں صدر راج نافذ کرنے کے مطالبہ نے زور پکڑا
یمنا ایکسپریس وے پر کل ہوئے ہنگامہ کے بعد ہاتھرس واقعہ کے خلاف مظاہروں اور احتجاجوں کا مرکز دہلی بن رہا ہے۔ آج مہاتماگاندھی کے یوم پیدائش کے موقع پر اس واقعہ کے خلاف دہلی کےانڈیا گیٹ پر مظاہرہ کی اپیل کی گئی ہے ۔ ان مظاہروں کے پیش نظر دہلی پولیس نے انڈیا گیٹ کے آس پا س کسی بڑے اجتماع پر پابندی لگائی ہوئی ہے اور تین ستمبر سے دفعہ 144 نافذ ہے۔ دہلی میں مظاہرہ جنتر منتر پر پیشگی اجازت کے بعد کرنے کی اجازت ہے اور اس میں کورونا وبا کی وجہ سے سو سے زیادہ لوگوں کے شرکت کی اجازت نہیں ہے۔
ہاتھرس کی انیس سالہ لڑکی کی اجتماعی زیادتی کے بعد موت اور موت کے بعد رات کے اندھیرے میں آخری رسومات ادا کرنے سے عوام میں زبردست غصہ ہے ۔ اب اتر پردیش میں صدر راج کے نفاذ کے مطالبہ کی گونج بڑھتی جا رہی ہے۔ غازی آباد کے کئی وکیلوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اتر پردیش میں صدر راج نافذ کیا جائے۔ کل اتر پردیش کی سابق وزیر اعلی مایاوتی نے بھی یہ مطالبہ کیا تھا۔کانگریس نے یوگی حکومت کی برطرفی کا مطالبہ کیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔