اہم خبریں: 14 ممالک کے 36 تبلیغی جماعت اراکین کو دہلی کی عدالت نے کیا بری

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

15 Dec 2020, 8:29 PM

14 ممالک سے تعلق رکھنے والے 36 تبلیغی جماعت اراکین کو عدالت نے کیا بری

دہلی کے نظام الدین علاقہ واقع تبلیغی جماعت کے پروگرام میں حصہ لینے والے 36 بیرون ملکی شہریوں کو منگل کے روز بڑی خوشخبری ملی۔ 14 ممالک سے تعلق رکھنے والے ان 36 شہریوں کو ساکیت کورٹ نے بری الذمہ قرار دیا ہے۔ ان سبھی افراد پر وبائی ایکٹ کی خلاف ورزی کا الزام تھا۔ چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ ارون کمار گرگ نے ان سبھی 36 غیر ملکیوں کو الزامات سے بری کر دیا۔

15 Dec 2020, 5:29 PM

بنگلور میں نائیجیریائی اسمگلر گرفتار

بنگلور: کرناٹک پولیس کی سینٹرل کرائم برانچ (سی سی بی) نے کوکن کی اسمگلنگ کرنے والے گروہ کے سرغنہ چِڈی بیرے ایمبروز کو منگل کے روز گرفتار کر لیا۔ ایمبروز نائیجیریا کا شہری ہے اور اسے نشہ آور اشیاء کی اسمگلنگ کرنے والوں کے مابین ’چیف‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ سی سی بی کے سینیئر افسران کے مطابق نشہ آور اشیاء کی اسمگلنگ کے معاملوں میں پہلے بھی کئی دفعہ نائیجیریائی اسمگلروں نے ایمبروز کے نام کا انکشاف کیا ہے اور بتایا ہے کہ وہ ’چیف‘ کے رابطے میں رہ چکے ہیں اور اسی سے کوکن خریدتے تھے۔ تقریباً ایک ماہ تک جاری تفصیلی تفتیش اور مسلسل نگرانی کے بعد سی سی بی کے افسران نے چِڈی بیرے ایمبروز کو گرفتار کر لیا۔ سی سی بی کے نارکوٹکس محکمہ کے افسران اس معاملے کی تفتیش کر رہے ہیں۔

15 Dec 2020, 4:30 PM

جمنا ایکسپریس وے پر حادثہ، 3 کی موت، 2 زخمی

گریٹر نوئیڈا: قومی راجدھانی سے منسلک اترپردیش کے ضلع گوتم بدھ نگر کے جیور تھانہ علاقے کے جمنا ایکسپریس وے پر منگل کی علی الصبح اسکارپیو کار اور ڈمپر میں ہوئی ٹکر میں دو خواتین سمیت 3 افراد کی موت ہوگئی جبکہ دیگر دو افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد موقع واردات پر پہنچی پولیس نے سخت مشقت کے بعد اسکارپیو کی کھڑکی کو توڑ کر لاشیں باہر نکالیں۔ اسکارپیو کار سوار آگرہ سے نوئیڈا کی طرف آرہے تھے ۔ تیز رفتار ڈمپر آگرہ کی طرف جارہا تھا۔ زخمیوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اسکارپیو کار سوار سبھاش، پون دوبے، رنکی، انیتا، سمن شہرت گڑھ سدھارتھ نگر سے نوئیڈا آرہے تھے۔ راستے میں ان کی کار جیور تھانہ علاقے میں جمنا ایکسپریس وے پر رام پور بانگر پل کے نزدیک ایک تیز رفتار بے قابو ڈمپر ڈیوائیڈر کو توڑ کر ان کی اسکارپیو کو ٹکر مار دی۔ اس حادثے میں اسکارپیو کے پرخچے اڑ گئے اور پون دوبے، رنکی، انیتا کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ سبھاش، سمن شدید طور سے زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو کیلاش اسپتال میں علاج کے لئے داخل کرایا گیا ہے۔ دونوں زخمیوں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ پولیس حادثے کی جانچ شروع کردی ہے۔


15 Dec 2020, 3:36 PM

آریہ سماج مندر کے بارے میں سوشل میڈیا پر پھیلائی جانی والی افواہیں بے بنیاد… پولیس

سری نگر: جموں و کشمیر پولیس نے سوشل میڈیا کے ذریعے پھیلائی جانے والی ان افواہوں کو بے بنیاد قرار دیا ہے جن میں کہا گیا ہے کہ سری نگر کے رعنا واری علاقے میں واقع آرایہ سماج مندر کو نذر آتش کر دیا گیا ہے۔ ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ پولیس نے مذہبی تفرقہ پھیلانے کی غرض سے اپ لوڈ کیے جانے والے اس سوشل میڈیا پوسٹ کی نوٹس لیتے ہوئے ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مصدقہ ذرائع سے اطلاع موصول ہونے پر معلوم ہوا ہے کہ کچھ سماج دشمن عناصر نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر افواہیں مشتہر کی تھیں جن میں کہا گیا تھا کہ سری نگر کے رعناواری علاقے میں واقع آریہ سماج مندر کو مبینہ طور نذر آتش کیا گیا ہے۔ موصوف نے کہا کہ یہ افواہیں سراسر بے بنیاد ہیں اور مندر بالکل صحیح و سالم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ٹوئٹ میں مذہبی تفرقہ کی آگ کو بھڑکانے کے لئے انتہائی اشتعال انگیز زبان استعمال کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن رعنا واری میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

15 Dec 2020, 1:45 PM

اے پی میں ناجائز تعلقات پر ایک نوجوان کا قتل

حیدرآباد: ناجائز تعلقات پر ایک نوجوان کا قتل کر دیا گیا۔ یہ واردات اے پی کے اونگول میں منگل کی صبح پیش آئی۔ مقامی پولیس کے مطابق 25 سالہ تھامس ایک شاپنگ مال میں سیلز مین کے طور پر کام کرتا تھا۔ وہ منگل کو کام پر جا رہا تھا کہ گاندھی پارک کے روبرو واقع اس شوروم کے قریب اس پر چاقو سے حملہ کرتے ہوئے اس کا قتل کر دیا گیا۔ حملہ آور کی شناخت جوزف کے طور پر کی گئی۔ تھامس کے ناجائز تعلقات جوزف کی بیوی سے ہوگئے تھے اور وہ اس سلسلہ میں دیئے گئے انتباہ کو بھی نظر انداز کر رہا تھا۔ ملزم نے اونگول پولیس اسٹیشن میں خود سپردگی اختیار کی۔


15 Dec 2020, 12:40 PM

تمام ریاستیں آن لائن درس و تدریس کے لئے انتظامات کریں، سپریم کورٹ

سپریم کورٹ نے تمام ریاستوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ 30 دن کے اندر اندر چائلڈ کیئر تعلیمی اداروں کے لئے آن لائن درس و تدریس کے حوالہ سے ضروری انتظامات کریں اور اسٹیشنریز، کتابیں اور دیگر ساز و سامان مہیا کرائیں۔

15 Dec 2020, 11:46 AM

آیرویدک-یونانی ڈاکٹر کورونا کے مریضوں کے لئے وزارت کی منظور شدہ ادیات کا نسخہ لکھ سکتے ہیں: سپریم کورٹ

سپریم کورٹ نے اپنے ایک فیصلہ میں کہا ہے کہ آیوش (آیروید، یونانی، ہومیوپیتھک وغیرہ) کے تعلیم یافتہ ڈاکٹر کووڈ-19 سے متاثرہ مریضوں کے لئے حکومت سے منظور شدہ ان گولیوں یا مرکب کا نسخہ لکھ سکتے ہیں، جو وزارت کی طرف سے 6 مارچ کے نوٹیفکیشن میں دی گئی ہیں۔


15 Dec 2020, 11:00 AM

بحریہ کے سینئر افسر وائس ایڈمیرل سریکانت کا انتقال

ہندوستانی بحریہ کے سب سے سینئر افسر وائس ایڈمیرل سریکانت کا گزشتہ رات انتقال ہو گیا۔ وہ کورونا کی وبا سے ہونے والی پریشانیوں سے دو چار تھے۔ سریکانت بحریہ کے پراجیکٹ سی برڈ کے ڈائریکٹر جنرل تھے اور نہیں حال ہی میں جوہری سلامتی کا انسپکٹر جنرل اور این ڈی سی کا کمانڈنٹ مقرر کیا گیا تھا۔

15 Dec 2020, 10:56 AM

تمل ناڈو: ٹی وی اداکارہ اور وی جے چترا کے شوہر کو پولیس نے کیا گرفتار

ٹی وی اداکارہ اور وی جے چترا کے خود کشی کے معاملہ میں اداکارہ کے شوہر ہیم ناتھ کو تمل ناڈو پولیس نے گرفتار کر لیا اہے۔ چترا چنئی کے مضافات میں واقع ایک ہوٹ کے کمرے سے 9 دسمبر کو مردہ حالت میں پائی گئی تھیں۔


15 Dec 2020, 10:53 AM

دہلی: برطانوی خارجہ سکریٹری ڈومینک راب کی وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جےشنکر سے ملاقات

15 Dec 2020, 10:25 AM

پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس کورونا کی نذر

حکومت نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر اس مرتبہ پارلیمنٹ میں سرمائی اجلاس نہیں ہوگا۔ پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں اس کے حق میں ہیں کہ اس مرتبہ سرمائی اجلاس طلب نہ کیا جائے اور سیدھے جنوری میں بجٹ اجلاس ہی طلب کیا جائے۔


15 Dec 2020, 10:14 AM

سینسیکس میں 135 پوائنٹس کی گراوٹ کے بعد 46118 اور نفٹی 13515 پر

15 Dec 2020, 10:08 AM

ہندوستان میں کورونا کے متاثرین کی تعداد 99 ہزار سے تجاوز

کورونا کے 22065 نئے مریضوں کی تشخیص ہونے کے بعد ہندوستان میں کیسز کی تعداد بڑھ کر 9906165 ہو گئی۔ جبکہ 354 نئی اموات کے ساتھ اموات کی مجموعی تعداد 143709 ہو گئی ہے۔ اس وقت کل فعال کیسز کی تعداد 339820 ہے، جبکہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 34477 افراد نے شفایابی حاصل کر لی۔ اب تک مجموعی طور پر 9422636 کورونا کے مریض شفایاب ہو چکے ہیں۔


15 Dec 2020, 9:49 AM

دہلی ایمس میں نرس یونین کی ہڑتال، مریض پریشان

دہلی ایمس کی نرس یونین کی طرف سے غیر معینہ مدت کی ہڑتال کا آج سے آغاز ہو گیا ہے۔ ہڑتال کرنے والے طبی اہلکاروں کا کہنا ہے کہ ان کے مطالبات کو پورا کیا جائے اور چھٹے پے کمیشن کی سفارشات کو نافذ کیا جائیے۔

مظاہرین نے کہا، ’’ہماری یونین انتظامیہ سے بات چیت کے لئے تیار ہے۔ مریضوں کے لئے ہمیں بہت برا لگ رہا ہے لیکن ہم مجبور ہیں کیونکہ ہمارے مطالبہ پر غور نہیں کیا جا رہا۔ ہم نے ایک مہینہ قبل ہڑتال کے لئے نوٹس دیا تھا لیکن انتظامیہ ہمارے مطالبات پر سماعت کرنے کو تیار نہیں۔‘‘

15 Dec 2020, 8:38 AM

دہلی میں کڑاکے کی ٹھنڈ، شمالی ہندوستان میں ٹھنڈ بڑھ سکتی ہے

ایک دن میں درجہ حرارت کے تین ڈگری نیچےآنے کے بعد دہلی میں زبردست ٹھنڈ ہو گئی ہے اور محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی کے مطابق شمالی ہندوستان میں مزید ٹھنڈ بڑھ سکتی ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ اگلے دوتین دن شمالی ہندوستان میں رات کےدرجہ حرارت میں مزید تین سے پانچ ڈگری کی گراوٹ آئے گی۔ پنجاب میں ٹھنڈ کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتاہے جبکہ ہریانہ، چنڈی گڑھ اور راجستھان میں ٹھنڈ رہے گی۔ درجہ حرارت کے کم ہونے سے شمالی ہندوستان میں کوہرے کا اثرنظرآئے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔