اہم خبریں: ڈی آئی آر آئی نے سونے کی 160اینٹیں برآمد کیں
ڈی آئی آر آئی نے سونے کی 160اینٹیں برآمد کیں
کلکتہ: مغربی بنگال کے سلی گوڑی میں ڈی آئی آر آئی نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے اسمگلنگ کیے جارہے سونے کی ایک بڑی کھیپ کو ضبط کیا ہے۔ ڈائریکٹر برائے محصولات انٹلیجنس (ڈی آر آئی) کے ذرائع کے مطابق سونے کی 160 اینٹیں برآمد کی گئی ہیں۔ یہ تمام اینٹیں غیرملکی ساخت کی ہیں اور ان کا کل وزن تقریباً 26.560 گرام ہے۔ مارکیٹ میں اس کی قیمت لگ بھگ 14.5 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔ ڈی آر آئی حکام نے بتایا کہ تین اسمگلروں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ فی الحال مزید تفتیش جاری ہے۔ خیال رہے کہ بنگلہ دیش یا پھر نیپال کے راستے اس علاقے میں بڑ ے پیمانے پر سونے کی اسمگلنگ کی جاتی ہے۔
مہندر سنگھ دھونی نے انٹرنیشنل کرکٹ سے سبکدوش ہونے کا کیا اعلان
ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی نے بین الاقوامی کرکٹ سے سبکدوش ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ اب دھونی ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے لئے کھیلتے نظر نہیں آئیں گے۔ ھالانکہ ایم ایس دھونی آئی پی ایل کھیلنا جاری رکھیں گے۔ اب ان کے پرستار دھونی کو آئی پی ایل میں کھیلتا ہوا دیکھ سکتے ہیں۔
سڑک حادثے میں 2 مزدوروں کی موت
امروہہ: اترپردیش کے ضلع امروہہ میں دہلی۔لکھنؤ نیشنل ہائی وے ۔24 پر آج صبح پیش آئے سڑک حادثے میں دو مزدوروں کی موت ہوگئی۔ پولیس ترجمان نے ہفتہ کو یہاں بتایا کہ رام پور کے ملک علاقے کے بھیسوڑی باشندہ متھن (35) اور قریبی گاؤں کے پرہاد سنگھ (36)دہلی میں مزدور کرتے تھے۔ لاک ڈاؤن کے دوران دونوں گھر آئے تھے۔ دونوں واپس کام کرنے دہلی جانے کے لئے بائیک سے نکلے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈڈولی کوتوالی علاقے میں دہلی۔لکھنؤ قومی شاہراہ پر امہیڑا گاؤں کے نزدیک مخالف سمت سے آرہے بے قابو ٹریکٹر نے بائیک کو ٹکر مار دی۔ جس سے متھن و پرہاد کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ انہوں نے بتایا کہ حادثے کے بعد ٹریکٹر ڈرائیور فرار ہوگیا۔ پولیس نے نامعلوم ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ پولیس مفرور ڈرائیور کو تلاش کر رہی ہے۔
مدھیہ پردیش کے بیتول میں کورونا پازیٹو بزرگ کی لاش گھنٹوں وارڈ میں پڑی رہی
بیتول: مدھیہ پردیش کے بیتول ضلع اسپتال میں آج ایک بڑی لاپرواہی سامنے آئی ہے، جہاں ایک بزرگ کورونا پازیٹو خاتون کی صبح موت ہونے پر لاش گھنٹوں کووڈ وارڈ میں زمین پر پڑی رہی۔ احتجاج کرنے کے بعد اسپتال انتظامیہ کے ذریعہ لاش کو وہاں سے ہٹایا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ ضلع اسپتال کے کووڈ وارڈ میں اٹھنیر علاقے کی کورونا متاثر بزرگ خاتون نے صبح دم توڑ دیا تھا، جس کے بعد اس کی لاش گھنٹوں وارڈ میں زمین پر پڑی رہی۔ لوگوں کے احتجاج کرنے پر لاش کو وارڈ سے ہٹایا گیا۔ اس وارڈ میں کورونا متاثر ایک زچہ بھی ایک دن کے نوزائدہ بچے کے ساتھ داخل ہے، حالانکہ بچہ متاثر نہیں ہے۔
اس معاملے میں ضلع اسپتال کے سیول سرجن ڈاکٹر اشوک بارنگا نے بتایا کہ کووڈ وارڈ میں ایک بزرگ کی موت ہونے کے اطلاع صبح ملی تھی۔ اس خاتون کے گھر کے ایک شخص کی کورونا انفیکشن سے حمیدیہ اسپتال بھوپال میں موت ہوگئی تھی۔ وہیں، ابھی بھی چھ لوگ پازیٹو ہونے سے ان کا علاج چل رہا ہے۔ خاتون کی موت ہونے کی اطلاع رشتہ داروں کو دے دی گئی ہے۔ لاش کو وارڈ سے ہٹانے میں وقت لگا ہے، لیکن یہ لاپرواہی نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پورے پروٹوکول پر عمل کرتے ہوئے بزرگ کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔
سوشانت سنگھ معاملہ، وکیل نے پوسٹ مارٹم رپورٹ پر اٹھائے سوال
سوشانت سنگھ راجپوت کے والد کے وکیل وکاس سنگھ نے کہا کہ سوشانت سنگھ راجپوت کی پوسٹ مارٹم رپورٹ جو میں نے دیکھی ہے اس میں موت کا وقت نہیں ہے، جبکہ ان معاملوں میں موت کا وقت بہت اہم ہوتا ہے، اس سے یہ بات واضح ہوجاتی ہے کہ سوشانت سنگھ کو مارا گیا ہے یا انہیں پھانسی پر لٹکایا گیا ہے۔
خریدار نہ ہونے کے سبب پتنگ اور جھنڈے کاروباریوں کو زبردست نقصان
پرانی دہلی: اس مرتبہ پہلے کے مقابلے یوم آزادی پر پتنگوں اور جھنڈوں کی فروخت میں کمی واقع ہوئی ہے۔ اس سلسلے میں ایک دکاندار کا کہنا ہے کہ "ہم 25 سالوں سے اس کاروبار سے جڑے ہوئے ہیں۔ اس سال پتنگوں اور جھنڈوں کی فروخت میں زبر دست کمی آئی ہے، امسال ان چیزوں کا کروبار 25 فی صد بھی نہیں رہ گیا ہے، اوپر سے ہمیں سامان بہت مہنگا مل رہا رہا ہے، پرانی دہلی کے کاروباریوں کا کہنا ہے کہ پچھلے 5-6 مہینے سے پھیلی کورونا وبا نے کاروبار بالکل ختم کردیا ہے، جس کی وجہ سے گاہک نہیں آ رہے ہیں۔
کورونا وائرس پر چونکا دینے والا انکشاف، ٹھیک ہونے کے بعد پھر ہو سکتا ہے انفکشن
ہارورڈ یونیورسٹی کے امیونولوجسٹ ڈاکٹر مائیکل مینا کا کہنا ہے کہ کورونا متاثرہ شخص کے جسم میں مدافعتی نظام بننا شروع ہو جاتا ہے (یعنی جسم میں کورونا سے لڑنے کی طاقت آجاتی)، جسے اینٹی باڈیز کہتے ہیں۔ سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ یہ اینٹی باڈیز مریض کے جسم میں دو تین ماہ تک ہی رہتی ہیں۔
یوم آزادی: ’کانگریس کی وراثت، ملک کی وراثت‘، راہل گاندھی نے شیئر کیا ویڈیو
ہندوستان کی 74ویں یوم آزادی کے موقع پر کانگریس کے سابق قومی صدر راہل گاندھی نے اپنے ٹوئٹر سے ایک ویڈیو شیئر کیا ہے جس کا عنوان دیا ہے ’کانگریس کی وراثت، ملک کی وراثت‘۔ ویڈیو میں کانگریس کے قیام، آزادی کی لڑائی اور پھر آزادی کے بعد ہندوستان کو مضبوط بنانے کے لیے کیے گئے کاموں کا تذکرہ کیا گیا ہے۔
لداخ: 16 ہزار فیٹ کی اونچائی پر آئی ٹی بی پی جوان نے منایا یوم آزادی
آج یوم آزادی کا جشن لداخ میں 16 ہزار فیٹ کی اونچائی پر آئی ٹی بی پی کے جوانوں نے بھی منایا۔ اس سلسلے میں خبر رساں ادارہ اے این آئی نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر ایک ویڈیو شیئر کیا ہے جس میں کچھ آئی ٹی بی پی جوان ایک قطار میں آگے بڑھ رہے ہیں اور ایک جوان کے ہاتھ میں ہندوستانی پرچم ہے۔ ویڈیو میں آئی ٹی بی پی جوان ’بھارت ماتا کی جے‘ کے نعرے لگاتے ہوئے بھی سنائی دے رہے ہیں۔
دہلی: اوکھلا فیز-1 کے گودام میں لگی آگ پر پایا گیا قابو
راجدھانی دہلی کے اوکھلا فیز-1 علاقہ واقع ایک گودام میں آتش زدگی کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ گودام میں آگ لگنے کی خبر ملتے ہی فائر بریگیڈ کی 10 گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور تازہ ترین جانکاری کے مطابق آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔ اس حادثہ میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
ہندوستان: 24 گھنٹوں کے دوران ایک بار پھر 65 ہزار سے زائد کورونا کیسز درج، مزید 996 اموات
ہندوستان میں ایک بار پھر 24 گھنٹوں میں 65 ہزار سے زائد کورونا کے کیسز سامنے آئے۔ جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں جہاں 65002 نئے معاملے سامنے آئے ہیں وہیں 996 لوگوں کی موت بھی ہوئی ہے۔ اس طرح ہندوستان میں کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 25 لاکھ 26 ہزار 193 ہو گئی ہے اور مہلوکین کی مجموعی تعداد 49 ہزار 36 تک پہنچ گئی ہے۔
یوم آزادی: پرینکا گاندھی نے طبی اہلکار، صفائی ملازمین، کسانوں اور مزدوروں کو پیش کیا سلام
کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی وڈرا نے یوم آزادی پر ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں انھوں نے لکھا ہے کہ ”جان کی قیمت ادا کر کے طویل جدوجہد کے بعد ہندوستان کو آزادی ملی۔ کروڑوں ہندوستانی ایک ہو کر سچ کے لیے لڑے اور جیتے۔ جان کی بازی لگا کر ہمیں اپنی آزادی کی حفاظت کرنی ہے۔ یوم آزادی کے مبارک موقع پر سرحد پر کھڑے جوانوں، طبی اہلکاروں، صفائی ملازمین، کسانوں اور مزدوروں کو سلام۔“
خود کفیل ہندوستان بنانے پر وزیر اعظم کا زور
یوم آزادی کی74 ویں سالگرہ کے موقع پر لال قلع سے خطاب کرتےہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک بار پھر ہندوستان کو خود کفیل بنانے پر زور دیا ۔ انہوں نےکہا کہ ہندوستان کب تک خام مال باہربھیجتا رہے گا اور وہاں کا تیار کیا ہوا سامان استعمال کرتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ ایک زمانہ تھا جب ہم زرعی طور پر پسماندہ تھے لیکن آج ہم نہ صرف اپنے عوام کا پیٹ بھر رہے ہیں بلکہ دنیا کے کئی ممالک کے عوام کا پیٹ بھرنے میں مدد کر رہے ہیں۔
وزارت صحت کے جوائنٹ سکریٹری لو اگروال کورونا سے متاثر
مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود کے جوائنٹ سکریٹری لو اگروال کو کورونا وائرس کووڈ ۔19 سے متاثر پایا گیا ہے۔مسٹر اگروال نے آج رات ٹویٹ کرکے اس بارے میں اطلاع دی۔ انہوں نے کہا ’’سب کی اطلاع کے لئے میری کورونا جانچ رپورٹ مثبت آئی ہے اور میں ہدایت نامے کے مطابق گھرپر آئسولیشن میں آگیا ہوں۔ میں تمام ساتھیوں اور معاونین سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اپنی جانچ کرائیں۔ طبی ٹیم رابطے میں آئے لوگوں کی جانچ کرے گی۔ امید کرتا ہوں جلد ملاقات ہو گی‘‘۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔