اہم خبر: پرواز بھرتے ہی ائیر انڈیا مسافر طیارہ میں لگی آگ، ہوئی ایمرجنسی لینڈنگ
دہلی: جے پور کے لیے پرواز بھرتے ہی ائیر انڈیا طیارہ میں لگی آگ، کرنی پڑی ایمرجنسی لینڈنگ
دہلی سے جے پور جا رہی ائیر انڈیا کی ایک فلائٹ اے آئی 9643 میں آگ لگنے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ میڈیا ذرائع کے مطابق طیارہ میں آگ لگنے کے بعد اسے واپس دہلی کے اندرا گاندھی ائیر پورٹ پر اتارنا پڑا۔ ذرائع کے مطابق سبھی مسافروں کو محفوظ طیارہ سے باہر نکال لیا گیا ہے۔
پاکستان: جنرل باجوہ مزید تین برس کے لیے پاکستانی فوجی سربراہ مقرر
اسلام آباد: جنرل قمر جاوید باجوہ کو مزید تین برس کے لیے پاکستان کا فوجی سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کے دفتر کی جانب سے پیر کو جاری نوٹیفکیشن میں اس بات کی اطلاع دی گئی۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ’’جنرل قمر جاوید باجوہ کو تین برس کے لیے مزید فوجی سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔ ان کی یہ تقرری حالیہ مدت کار پورا ہونے کے دن سے نافذالعمل ہوگی۔ یہ فیصلہ خطے کی سلامتی کے پیش نظر کیا گیا ہے۔‘‘
واضح رہے کہ جنرل باجوہ کو سابق وزیر اعظم نواز شریف نے نومبر 2016 میں فوج کا سربراہ مقرر کیا تھا۔ گزشتہ برس پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات میں وزیر اعظم عمران خان کی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سب سے بڑی سیاسی جماعت کے طور پر ابھرکر برسراقتدار آئی تھی۔
اترپردیش: سوتنتر دیو سنگھ نے یوگی کابینہ سے دیا استعفی
لکھنؤ: اترپردیش بی جے پی کے صدر سوتنتر دیو سنگھ نے پیر کو وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی کابینہ سے استعفی دے دیا۔ مسٹر سنگھ نے جولائی میں یو پی بی جے پی کا صدر بنائے جانے کے بعد اتوار کو بی جے پی کے ’ایک آدمی ایک پوسٹ‘ کے فارمولے کے تحت وزارت سے استعفی دے دیا۔وہ یوگی کابینہ میں وزیرٹرانسپورٹ تھے ۔مسٹر سنگھ کے استعفی کو وزیر اعلی نے منظور کرلیا ہے۔ مسٹر سنگھ کے وزارت سے استعفی دینے کےبعد اب اترپردیش کابینہ میں بشمول وزیر اعلی وزراء کی تعداد 42 رہ گئی ہے۔کوٹہ کے مطابق یوپی وزارت میں 60 وزراء ہوسکتے ہیں۔سوتنتر دیو سنگھ اترپردیش سے دو بار ایم ایل سی رہے ہیں اور اترپردیش اسمبلی انتخابات۔2017 میں وزیر اعظم نریندر مودی کی ریلیوں کے انچارج تھے۔
(یو این آئی)
بلامقابلہ راجیہ سبھا رکن منتخب ہونے پر اشوک گہلوت نے منموہن سنگھ کو دی مبارکباد
راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے ٹوئٹ کر کہا ہے کہ ’’میں سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ جی کو راجستھان سے راجیہ سبھا رکن کی شکل میں بلامقابلہ منتخب ہونے پر مبارکباد دیتا ہوں۔‘‘
ایودھیا تنازعہ پر آج نہیں ہو سکی سماعت، جسٹس بوبڈے ہو گئے علیل
نئی دہلی: سپریم کورٹ میں اترپردیش کے ایودھیا میں واقع رام جنم بھومی۔ بابری مسجد اراضی تنازع کی پیر کے روز (آٹھ دن) ایک جج کے بیمار ہونے کے سبب سماعت نہیں ہوسکی۔ چیف جسٹس رنجن گگوئی کی صدارت والی پانچ رکنی آئینی بنچ کے ایک جج ایس اے بوبڈے کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی جس کے کے سبب آٹھویں دن کی سماعت نہیں ہوسکی۔ آئینی بنچ میں جسٹس وائی چندر چوڑ، جسٹس اشوک بھوشن اور جسٹس ایس عبدالنظیر بھی شامل ہیں۔ ایودھیا معاملہ پر آج سماعت ہونی تھی، لیکن جسٹس بوبڈے کے علیل ہونے کی آئینی بنچ کو اطلاع ملنے کے بعد سماعت موخر کردی گئی۔
جیٹلی کی حالت نازک، عیادت کے لیے لال کرشن اڈوانی بھی پہنچے ایمس
نئی دہلی: سابق مرکزی وزیر اور بی جے پی لیڈر ارون جیٹلی کی عیادت کے لئے پارٹی کے سینئر ترین لیڈر اور سابق نائب وزیراعظم لال کرشن اڈوانی پیر کو آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) پہنچے۔ مسٹر جیٹلی کو خراب صحت کے سبب 9 اگست کو ایمس میں داخل کرایا گیا تھا۔ ان کی حالت نہایت نازک بتائی جارہی ہے۔ سماجی فلاح و بہبود کے وزیر تھاورچند گہلوت کے علاوہ بھی کئی دیگر لیڈر جیٹلی کا حال جاننے ایمس پہنچے۔ صدر رام ناتھ کووند ہفتہ کے روز جیٹلی کی حالت جاننے ایمس گئے تھے۔ وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے علاوہ کئی دیگر مرکزی وزیر بھی گزشتہ کچھ دنوں میں جیٹلی کا حال جاننے ایمس گئے تھے۔ بہوجن سماج پارٹی سپریمو مایاوتی اور بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار بھی بی جے پی لیڈر کا حال جاننے ایمس آئے تھے۔
غلام نبی آزاد نے کشمیری لیڈروں کو فوراً آزاد کرنے کا کیا مطالبہ
کانگریس لیڈر غلام نبی آزاد جموں و کشمیر کے حالات پر متفکر ہیں۔ انھوں نے آج کہا کہ میں حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ ان کے ذریعہ لیا گیا فیصلہ (دفعہ 370 ہٹانے سے متعلق)، جو غلط ثابت ہوا ہے اور اس فیصلے سے ریاست میں کوئی خوش نہیں ہے۔ ایسے میں اس فیصلہ کو الٹ دینا چاہیے۔ ساتھ ہی غلام نبی آزاد نے جموں و کشمیر کے لیڈروں کو آزاد کیے جانے کا مطالبہ بھی کیا تاکہ حالات بہتر ہو سکیں۔
کشمیر معاملہ پر پریس کانفرنس کرنے سے پہلے مگیسیسے ایوارڈ یافتہ سندیپ پولس حراست میں
کشمیر معاملہ پر پریس کانفرنس کرنے ایودھیا پہنچے میگسیسے انعام سے سرفراز سندیپ پانڈے کو پولس نے حراست میں لے لیا ہے۔ پریس کانفرنس کے پہلے ہی ایودھیا پولس نے سندیپ پانڈے کو حراست میں لے لیا۔ واضح رہے کہ کچھ دنوں پہلے ہی انھیں گھر پر بھی نظر بند رکھا گیا تھا۔
اس بات کی جانکاری صحافی شاہ عالم نے اپنے فیس بک صفحہ پر دی ہے۔ انھوں نے فیس بک پر لکھا ہے کہ ’’سندیپ پانڈے کے انٹرویو کے دوران انھیں پولس نے پکڑ لیا۔‘‘ فیس بک پوسٹ کی تصویروں میں سندیپ پانڈے پولس جپسی میں نظر آ رہے ہیں۔
الہ آباد میں نوجوان سمیت تین افراد کا گولی مار کر قتل
الہ آباد: اترپردیش میں الہ آباد کے گھومن گنج اور جارج ٹاؤن علاقے میں ہوئے جھگڑے میں تین افراد کا گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔ پولس ذرائع نے پیر کو یہاں طلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ گھومن گنج علاقے کے چوفٹہ میں اتوار کی رات تقریباً نو بجے راستے کے تنازعہ کو لے کر دو فریقوں کے درمیان کہا سنی ہوگئی۔ بات بڑھنے پر ٹھاکر پارٹی کے لوگوں نے گولی چلا دی۔ اس واقعہ میں امت کمار پاسوان (40) اور 35 سالہ روی شنکر یادو کی موت ہوگئی۔ اس واقعہ میں دو افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ واقعہ کو دیکھتے ہوئے علاقے میں احتیاطاً پولس فورس تعینات کر دی گئی ہے۔ اس معاملہ میں باپ بیٹے سمیت چار افراد کے خلاف مقدمہ درج کرایا گیا ہے۔ پولس ملزمان کی تلاش کر رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق اس کے علاوہ جارج ٹاؤن علاقے میں اللہ پور قدوائی نگر رہائشی للو سونکر کو 25 سالہ بیٹا سچن سونکر اتوار کی رات اپنے ساتھی رجت کے ساتھ گھر سے نکلا تھا۔ دیر رات تقریباً 11 بجے اللہ پور قبرستان کے پاس سچن کو نامعلوم افراد نے گولی مار دی۔ سنگین حالت میں اسے ایس آر این اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں اس کی موت ہو گئی۔ پولس قاتلوں کی تلاش کر رہی ہے۔
نہیں رہے بہار کے سابق وزیر اعلی جگن ناتھ مشرا، طویل عرصے سے تھے بیمار
بہار کے سابق وزیر اعلی جگن ناتھ مشرا کا آج انتقال ہو گیا ہے، 82 سالہ مشرا تین بار بہار کے وزیر اعلی اور مرکزی وزیر رہے بھی رہے تھے، ڈاکٹر مشرا 1975 میں پہلی بار وزیر اعلی بنے تھے، دوسری بار انہیں 1980 میں کمان سونپی گئی اور آخری بار 1989 سے 1990 تک بہار کے وزیر اعلی کی ذمہ داری سنبھالی تھی۔
بہار کے سابق وزیر اعلی جگن ناتھ مشرا نے سیاست سے پہلے اپنے کیریئر کی شروعات لیکچرر کے طور پر کی تھی، بعد میں انہوں نے بہار یونیورسٹی میں معاشیات کے پروفیسر کے طور پر اپنی خدمات انجام دی۔
آخر ملک میں اس خوفناک کساد بازاری کا ذمہ دار کون ہے؟
کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ملک میں ملازمتوں کے بحران پر بی جے پی حکومت پر حملہ بولا ہے، انہوں نے کہا، "حکومت کی خاموشی خطرناک ہے، کمپنیوں کا کام چوپٹ ہے، لوگوں کو کام سے نکالا جا رہا ہے، بی جے پی حکومت خاموش ہے۔ "انہوں نے مزید کہا کہ آخر ملک میں اس شدید مندی کا ذمہ دار کون ہے؟
یوگنڈا: تیل ٹینکر میں آگ لگنے سے 20 افراد ہلاک، کئی زخمی
کمپالا: یوگنڈا کے مغربی علاقہ میں ایک تیل ٹینکر میں آگ لگنے کی وجہ سے کم از کم 20 افراد کی موت ہوگئی اور کئی دیگر افراد زخمی ہوئے ہیں۔ مقامی میڈیا نے پیر کو یہ اطلاع دی۔
پولس کے مطابق کینیا سے کانگو جا رہے تیل ٹینکر میں یوگنڈا کے مغربی ضلع روبیرجی میں آگ لگ گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ تیل ٹینکر کے ڈرائیور نے گاڑی پر سے کنٹرول کھو دیا، جس کی وجہ سے وہ ایک گاڑی سے ٹکرا گیا اور اس میں آگ لگ گئی۔ ترکی کی اناڈولو نیوز ایجنسی نے ایک پولس افسر کے حوالے سے کہا ’’اس واقعہ میں کئی دکانیں، اسٹالوں، ایک مارکیٹ اور دو گاڑیاں جل کر راکھ ہوگئی ہیں‘‘۔ بیس افراد کی موت کی تصدیق ہوگئی ہے، جبکہ کئی افراد اب بھی ملبے میں دبے ہوئے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔