اہم خبر: مندر میں پوجا کے دوران بھگدڑ، ایک عقیدت مند کی موت، 15 افراد بیہوش

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

12 Aug 2019, 11:09 PM

سابق مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی کی حالت مستحکم

نئی دہلی: سانس لینے میں تکلیف کی وجہ سے گزشتہ ہفتہ آل انڈیا میڈیکل سائنسز (ایمس) میں داخل کرائے گئے سابق وزیر خزانہ ارون جیٹلی کی حالت مستحکم ہے۔ ارون جیٹلی کا علاج کر رہے ایمس کے ڈاکٹروں کی رپورٹ کے مطابق ان کی حالت مستحکم ہے۔ ارون جیٹلی کو ایمس میں داخل کرائے جانے کے بعد نائب صدر ایم ونکیا نائیڈو، وزیراعظم نریندر مودی، بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر اور وزیر داخلہ امت شاہ سمیت کئی اہم لیڈر ان کی عیادت کے لئے ایمس گئے تھے۔

کانگریس کے لیڈر ششی تھرور نے بھی پیر کو ٹوئٹ کرکے کہا کہ یہ معلوم ہونے پر کہ کالج کے دنوں کے ساتھی اور میرے دوست ارون جیٹلی کی حالت مستحکم ہے۔ میں ان کے جلد از جلد صحتیاب ہونے کی خواہش کرتا ہوں اور چاہتا ہوں کہ جلد ان کے ساتھ سیاسی لڑائی لڑوں۔

12 Aug 2019, 9:10 PM

مندر میں پوجا کرنے کے دوران ایک عقیدت مند کی موت، 15 افراد بیہوش

لکھی سرائے: بہار میں لکھی سرائے ضلع کے نگر تھانہ علاقہ کے اشوک دھام مندر میں آج ساون کے آخری سوموار پر پوجا کرنے کے دوران زیادہ بھیڑ اور گرمی کی وجہ سے بھگدڑ مچ گئی جس سے ایک عقیدت مند کی موت ہوگئی اور پندرہ سے زائد بیہوش ہو گئے ۔

پولس ذرائع نے بتایا کہ ساون کی آخرے سوموار کے موقع پر عقیدت مند اشوک دھام مندر جل چڑھانے آئے ہوئے تھے۔ اسی دوران بہت زیادہ بھیڑ اور گرمی کی وجہ سے بھگدڑ مچ گئی جس سے ایک عقیدت مند کی موت ہوگئی جبکہ پندرہ سے زائد بیہوش ہوگئے۔ متوفی کی فی الحال شناخت نہیں کی جاسکی ہے۔ متوفی کی عمر تقریباً 55 سال ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ بیہوش لوگوں کاعلاج اشوک دھام میں واقع کیمپ میں کیا جا رہا ہے۔

12 Aug 2019, 5:09 PM

بدایوں میں عید گاہ کے سامنے پتھراؤ، 12 کانوڑیئے زخمی

بدایوں: اترپردیش میں بدایوں کے اسلام نگر علاقے میں پیر کو خاص برادری کے لوگوں نے کانوڑیوں پر پتھراؤ کردیا جس سے 12 سے زیادہ زخمی ہوگئے۔ حادثے کے بعد تناؤ میں اضافہ دیکھتے ہوئے پولس تعینات کردی گئی ہے۔ پولس سپرنٹندنٹ اشوک کمار ترپاٹھی نے بتایا کہ اسلام نگر علاقے میں بدایوں ۔ بسولی مارگ پر واقع عیدگاہ میں عید کی نماز پڑھی جارہی تھی۔ اسی درمیان ہری دوار سے جل لے کر ٹریکٹرٹرالی پر سوار کانوڑیے ڈی جے بجاتے ہوئے گزر رہے تھے۔ مسلم برادری کے لوگوں کی مخالفت پر انہوں نے ڈی جے بند کردیا۔ اس درمیان دونوں فریقوں کے درمیان تکرار ہونے پر مارپیٹ شروع ہوگئی۔ خاص برادری کے لوگوں نے کانوڑیوں کو دوڑا لیا اور تقریباً دو کلومیٹر دوڑ کر کانوڑیوں نے جان بچائی۔

جائے واقعہ پر پولس اور خواتین پولس پر بھی لوگوں نے حملہ کردیا اور پتھراؤ شروع کردیا۔ اس حادثے میں پولس اہلکاروں نے ایک پٹرول پمپ میں چھپ کر اپنی جان بچائی۔ مارپیٹ اور پتھراؤ میں 12 سے زیادہ کانوڑیئے زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں ایک کانوڑیئے کی حالت سنگین بتائی جارہی ہے۔ ترپاتھی نے بتایا کہ حادثے کے بعد پولس اور پی اے سی تعینات کردی گئی ہے۔ فی الحال حالات قابو میں ہیں۔ افسران صورت حال پر نظر رکھ رہے ہیں۔


12 Aug 2019, 4:09 PM

انبالہ: کپڑوں کی مارکیٹ میں زبردست آگ, تین دکانیں جل کر راکھ

انبالہ: ہریانہ کے انبالہ شہر میں شمالی ہندوستان کی سب سے بڑی کپڑوں کی مارکیٹ میں آج زبردست آگ لگنے سے تین دکانیں جل کر راکھ ہوگئیں۔ موصول اطلاع کے مطابق پہلی نظر میں آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتایا جارہا ہے لیکن دکان مالکوں کا کہنا ہے کہ ان کی کسی کے ساتھ پراپرٹی تنازعہ چل رہا تھا جس کی وجہ سے ان کی دکانوں میں آگ لگوائی گئی ہے۔ فی الحال پولس جانچ کر رہی ہے اور فائر بریگیڈ آگ بجھانے میں لگی ہے۔

جائے واقعہ پر انبالہ سٹی اور کینٹ کی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں آگ بجھانے میں جٹی ہیں۔ اب تک تقریباً چھ گاڑیاں آگ بجھانے کی کوشش کر رہی ہیں اور تقریباً دو گھنٹے بعد آگ پر قابو پایا جاسکا۔ دکان مالک رابن نے بتایا کہ پورے سامان سمیت دکان پوری طرح سے جل کر راکھ ہوگئی ہے۔

12 Aug 2019, 3:09 PM

سیلفی لینے کی کوشش میں سیاح جھیل میں گرا

ماؤنٹ آبو: راجستھان کے سروہی ضلع میں واقع ماؤنٹ آبو کی نکی جھیل میں بوٹنگ کرنے کے دوران ایک سیاح سیلفی لینے کی کوشش میں پانی میں گر گیا۔ پیڈل بوٹ میں سواری کرنے والے دوسرے ساتھی کی احتیاط اورسوجھ بوجھ کی وجہ سے ڈوبتے شخص کو بچا لیا گیا۔ گجرات کے مہسانا ضلع کے اونجھا میں اندرا نگر کروڈا کے رہنے والے لوسی بھائی سینما نے بتایا کہ وہ اپنے چچازاد بھائیوں کے ساتھ اپنے گاؤں سے ماؤنٹ آبو گھومنے آئے تھے اور شام کو نکی جھیل میں چچازاد بھائی جگنیش جوشی کے ساتھ پیڈل بوٹ سے بوٹنگ کرنے چلے گئے۔ باقی دیگر چار بازار کی طرف نکل گئے۔

بوٹنگ کے دوران جگنیش بوٹ میں بیٹھے بیٹھے سیلفی لینے لگا اور اسی دوران اس کا توازن بگڑا اور وہ پانی میں جاگرا اور پانی کے تیز بہاؤ کے ساتھ آگے چلا گیا۔ لیکن لوسی نے جگنیش کے پیچھے کشتی چلاکر اس کا پیچھا کیا اور کسی طرح اس تک پہنچ کر اسے پانی سے کشتی میں کھینچنے میں کامیاب ہوگیا۔ ڈوبنے سے جگنیش بے ہوش ہوگیا۔

اتنی دیر میں تیراک بھی ان کے پاس پہنچ گئے اور ان کی کشتی کو کنارے لایا گیا۔ بعد میں بے ہوشی کی حالت میں جگنیش کو کمیونٹی ہیلتھ سینٹر پہنچایا گیا۔ جہاں سے اسے گلوبل اسپتال ریفر کردیا گیا ہے۔ جگنیش کے گھروالوں کی درخواست پر اسے علاج کے لئے گجرات بھیجا گیا ہے۔


12 Aug 2019, 1:44 PM

امریکہ کے ڈے کیئر میں آگ لگنے سے پانچ بچوں کی موت

واشنگٹن: امریکہ کے پینسلوینیا صوبے میں ایک ’ڈے کیئرسینٹر‘ میں آگ لگنے سے اتوار کو کم ازکم پانچ بچوں کی موت ہوگئی۔ یہ حادثہ شمالی پینسلوینیا کے جھیل شہر ایری میں اتوار کی صبح ہوا۔ ایری کے فائربریگیڈ محکمے کے سربراہ گائی سینٹون نے بتایا کہ آگ ایری میں واقع سہ منزلہ عمارت میں لگی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ ہلاک شدہ بچوں کی عمر آٹھ مہینے سے لے کر سات سال تک تھی۔ ڈے کیئر سینٹر کے مالک کو علاج کے لئے ایک نزدیکی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق ’ڈے کیئرسینٹر‘ کو مقامی انتظامیہ کے ذریعہ مارچ 2020 تک کے لئے سرٹیفائی کیا گیا ہے۔ ایری پینسلوینیا صوبے کا چوتھا بڑا شہر ہے اور یہاں کی آبادی تقریباً 100000ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔