اہم خبریں: مدھیہ پردیش اسمبلی میں ’فلور ٹسٹ‘ کی عرضی پر سماعت کل تک ملتوی
مدھیہ پردیش: اسمبلی میں ’فلور ٹسٹ‘ سے متعلق شیوراج کی عرضی پر سماعت کل تک ملتوی
مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور بی جے پی لیڈر شیوراج سنگھ چوہان ریاستی اسمبلی میں فوری فلور ٹیسٹ کرانا چاہتے ہیں لیکن ان کی یہ امید ٹوٹتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ دو دنوں سے ان کی عرضی پر سپریم کورٹ میں سماعت ہو رہی ہے لیکن فلور ٹیسٹ سے متعلق کوئی فیصلہ اب تک نہیں سنایا گیا۔ آج شیوراج سنگھ چوہان اور مدھیہ پردیش حکومت کی دلیلوں کو سپریم کورٹ نے سنا اور پھر اس معاملے پر کل تک سماعت ملتوی کر دی۔
قابل ذکر ہے کہ وزیر اعلیٰ کمل ناتھ بی جے پی پر بار بار یہ الزام لگا رہے ہیں کہ کانگریس کے اراکین اسمبلی کو بی جے پی نے یرغمال بنا رکھا ہے اور جب تک وہ ریاست میں واپس نہیں آ جاتے، فلور ٹیسٹ نہیں کرایا جا سکے گا۔
اس جھوٹے رپورٹ کارڈ میں تحفظ نسواں سے متعلق بڑے بڑے دعوے کیے گئے ہیں: پرینکا گاندھی
کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے یوگی حکومت کو ایک بار پھر زبردست تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ’’یو پی کی بی جے پی حکومت اپنا رپورٹ کارڈ جاری کر رہی ہے۔ جھوٹ سے بھرے اس رپورٹ کارڈ میں تحفظ نسواں کو لے کر بڑے بڑے دعوے کیے گئے ہیں۔ لیکن اناؤ کے افسوسناک واقعہ کے بعد آج لکھیم پور کھیری کے واقعہ نے تحفظ نسواں کے دعوے کی قلعی کھول دی۔ آخر حکومت کب بیدار ہوگی؟‘‘
276 ہندوستانی غیر ممالک میں کورونا وائرس سے متاثر: وزارت خارجہ
وزارت خارجہ نے لوک سبھا میں ایک تحریری جواب میں بتایا ہے کہ ’’276 ہندوستانی بیرون ممالک میں کورونا وائرس سے متاثر ہیں جن میں ایران میں 255، یو اے ای میں 12، اٹلی میں 5 اور ہانگ کانگ، کویت، روانڈا اور سری لنکا میں ایک-ایک ہندوستانی شامل ہیں۔‘‘
کورونا وائرس کی وجہ سے ’ویشنو دیوی یاترا‘ بند کرنے کا اعلان
کورونا وائرس کے بڑھتے خطرے کو دیکھتے ہوئے ویشنو دیوی مندر کی یاترا آئندہ حکم تک بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ اعلان جموں و کشمیر حکومت کی وزارت اطلاعات اور رابطہ عامہ کے ذریعہ کیا گیا ہے۔ وزارت نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے سبھی بین ریاستی بسوں کی آمد و رفت پر بھی روک لگا دی گئی ہے۔
چنئی: کورونا سے بے خوف ہزاروں افراد نے سی اے اے کے خلاف نکالی ریلی
چنئی میں اس وقت ہزاروں لوگوں کی بھیڑ مدراس ہائی کورٹ کے قریب دیکھنے کو مل رہی ہے۔ یہ بھیڑ شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے)، قومی شہریت رجسٹر (این آر سی) اور قومی آبادی رجسٹر (این پی آر) کے خلاف سڑک پر نظر آ رہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ خواتین بھی بڑی تعداد میں گھروں سے نکل کر باہر آئی ہیں اور ان پر کورونا وائرس کا کوئی خوف دیکھنے کو نہیں مل رہا ہے۔ مظاہرین میں تمل ناڈو توحید جماعت کے اراکین بھی بڑی تعداد میں موجود ہیں۔
جمہوری اقدار، آئینی اقدار اور حقوق کو پامال کیا جا رہا ہے: کمل ناتھ
مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے ریاست کے موجودہ حالات سے متعلق کہا ہے کہ ’’جمہوری اقدار، آئینی اقدار اور حقوق کو پامال کیا جا رہا ہے۔ ہمارے حراست میں لیے گئے لیڈروں کو جلد آزاد کیا جائے اور یرغمال اراکین اسمبلی سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔‘‘
مدھیہ پردیش: ’فلور ٹیسٹ‘ ایشو پر سپریم کورٹ میں سماعت تھوڑی دیر میں
سابق وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان اور کچھ دیگر بی جے پی اراکین اسمبلی کی عرضی پر سپریم کورٹ میں کچھ دیر میں سماعت ہونی ہے۔ انھوں نے عرضی میں جلد از جلد مدھیہ پردیش اسمبلی میں فلور ٹیسٹ کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ حالانکہ وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے کہا ہے کہ جب تک غائب اراکین اسمبلی واپس نہیں آ جاتے اس وقت تک فلور ٹیسٹ کرانا درست نہیں۔ اس سلسلے میں سپریم کورٹ نے سماعت کرتے ہوئے منگل کے روز وزیر اعلیٰ کمل ناتھ اور اسمبلی اسپیکر کو نوٹس جاری کر کے جواب مانگا تھا۔ آج اس سلسلے میں تھوڑی دیر میں سماعت ہونی ہے۔
کورونا وائرس: بی جے پی رکن پارلیمنٹ سریش پربھو 14 دنوں کے لیے گھر میں قید
کورونا وائرس کے معاملے ہندوستان میں لگاتار بڑھتے ہی جا رہے ہیں اور اب تک تین اموات ہو چکی ہیں۔ اس درمیان بی جے پی رکن پارلیمنٹ اور سابق مرکزی وزیر ریل سریش پربھو نے خود کو اپنے گھر میں بند کر لیا ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول خبروں کے مطابق سریش پربھو نے اپنے گھر پر خود کو 14 دنوں کے لیے آئسولیشن میں رکھا ہوا ہے۔ ایسا انھوں نے احتیاطی قدم اٹھاتے ہوئے کیا ہے حالانکہ ان کا کورونا وائرس ٹیسٹ نگیٹیو آیا ہے۔ دراصل انھوں نے گزشتہ دنوں ایک میٹنگ میں شرکت کے لیے سعودی عرب کا دورہ کیا تھا اور اسی لیے سریش پربھو نے احتیاطی قدم اٹھاتے ہوئے خود کو 14 دنوں تک لوگوں سے بالکل الگ رکھنے کا فیصلہ کیا۔
کانگریس اراکین اسمبلی کو یرغمال بنایا گیا ہے، ان کے فون چھین لیے گئے ہیں: دگوجے سنگھ
کانگریس سینئر لیڈر دگ وجے سنگھ مدھیہ پردیش کے مبینہ باغی اراکین اسمبلی سے ملاقات کرنے کے لیے بنگلورو پہنچے ہیں۔ انھوں نے میڈیا سے کہا کہ ’’ہم ان کے واپس آنے کی امید کر رہے تھے، لیکن جب ہم نے دیکھا کہ انھیں واپس لے جا رہے ہیں تو ان کے گھر والوں سے پیغام آئے۔ میں نے نجی طور پر 5 اراکین اسمبلی سے بات کی۔ انھوں نے کہا کہ وہ یرغمال بنائے گئے ہیں، ان کے فون چھین لیے گئے ہیں۔ ہر کمرے کے سامنے پولس ہے، انھیں چوبیس گھنٹے فالو کیا جا رہا ہے۔‘‘
کانگریس اراکین اسمبلی سے ملنے ہوٹل پہنچے دگ وجے سنگھ کو پولس نے ملاقات سے روک دیا ہے اور تازہ ترین خبروں کے مطابق پولس انھیں لے کر امرتاہلی پولس اسٹیشن پہنچ گئی ہے۔ یہاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے دگ وجے سنگھ نے بھوک ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔