اہم خبریں LIVE: آسٹریلیا کو 24 رنوں سے شکست دے کر ہندوستانی ٹیم سیمی فائنل میں داخل

<div class="paragraphs"><p>روہت شرما، تصویر&nbsp;<a href="https://twitter.com/BCCI">@BCCI</a></p></div>

روہت شرما، تصویر@BCCI

user

قومی آوازبیورو

24 Jun 2024, 11:54 PM

ٹی-20 عالمی کپ: ہندوستان نے آسٹریلیا کو 24 رنوں سے دی شکست، روہت بریگیڈ سیمی فائنل میں داخل

ہندوستانی ٹیم نے سپر-8 کا اپنا آخری مقابلہ آسٹریلیا سے جیت لیا ہے۔ جیت کے لیے 206 رنوں کے ہدف کا پیچھا کرتے ہوئے آسٹریلیائی ٹیم 20 اوورس میں 7 وکٹ کے نقصان پر 181 رن ہی بنا سکی۔ یعنی روہت بریگیڈ کو 24 رنوں سے جیت حاصل ہو گئی۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم سیمی فائنل میں داخل ہو گئی ہے۔ آج کی جیت کے ہیرو کپتان روہت شرما ہی رہے جنھوں نے 41 گیندوں میں شاندار 91 رنوں کی اننگ کھیلی۔ آسٹریلیا کی طرف سے ٹریوس ہیڈ نے 43 گیندوں پر 76 رنوں کی اننگ کھیلی، اور جب تک وہ میدان میں تھے آسٹریلیائی ٹیم مقابلے میں نظر آ رہی تھی۔ ان کے علاوہ کپتان مشیل مارش نے سب سے زیادہ 37 رن بنائے، لیکن ان کے 2 کیچ بھی چھوٹے۔

اب آسٹریلیا کے لیے سیمی فائنل میں پہنچنا تھوڑا مشکل دکھائی دے رہا ہے۔ سپر-8 لیگ کا آخری میچ ہندوستانی وقت کے مطابق کل صبح 6 بجے کھیلا جائے گا جس میں بنگلہ دیش اور افغانستان مد مقابل ہوں گے۔ اگر افغانستان اس میچ میں جیت حاصل کرتا ہے تو اس کے 4 پوائنٹس ہو جائیں گے اور وہ سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا۔ اگر بنگلہ دیش یہ میچ جیتتی ہے تو پھر آسٹریلیا، بنگلہ دیش اور افغانستان تینوں کے 2-2 پوائنٹس ہو جائیں گے اور سیمی فائنل میں وہ ٹیم پہنچے گی جس کا نیٹ رَن ریٹ اچھا ہوگا۔

24 Jun 2024, 10:10 PM

ٹی-20 عالمی کپ: ہندوستان نے آسٹریلیا کے سامنے جیت کے لیے رکھا 206 رنوں کا ہدف

ہندوستانی کپتان روہت شرما کی طوفانی اننگ کی وجہ سے آسٹریلیا کے سامنے ہندوستانی ٹیم 20 اوورس میں 205 رن بنانے میں کامیاب ہو گئی۔ یعنی آسٹریلیا کو یہ میچ جیتنے کے لیے 206 رنوں کا ہدف ملا ہے۔ ہندوستان کی طرف سے روہت شرما نے 41 گیندوں پر 91 رن کی شاندار اننگ کھیلی، اور ان کے علاوہ سوریہ کمار یادو نے 31 رن (16 گیندوں پر)، ہاردک پانڈیا نے ناٹ آؤٹ 27 رن (17 گیندوں پر)، شیوم دوبے نے 28 رن (22 گیندوں پر) بنائے۔

24 Jun 2024, 8:33 PM

ٹی-20 عالمی کپ: آسٹریلیا کے خلاف ہندوستان کی طوفانی شروعات، روہت شرما بنے ’سکسر‘ کے بادشاہ

ٹی-20 عالمی کپ میں آج ہندوستان کا مقابلہ آسٹریلیا سے ہو رہا ہے۔ آسٹریلیا کے کپتان مشیل مارش نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا اور پھر ہندوستانی کپتان روہت شرما نے اپنا آتشی انداز دکھا کر سبھی کو حیران کر دیا۔ ابھی بارش کی وجہ سے کھیل رُکا ہوا ہے اور ہندوستان کا اسکور 4.1 اوورس میں 43 رن ہو گیا ہے۔ روہت شرما 14 گیندوں میں 5 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 41 رن بنا کر کھیل رہے ہیں۔ انھوں نے جب آج پیٹ کمنز کی گیند پر اپنی اننگ کا پانچواں چھکا لگایا تو اس کے ساتھ ہی وہ ٹی-20 انٹرنیشنل میں 200 چھکے لگانے والے دنیا کے پہلے بلے باز بن گئے۔ یعنی اب وہ ٹی-20 کرکٹ میں ’سکسر‘ کے بادشاہ ہیں۔ ہندوستان کا اسکور 43 رن پر ایک وکٹ ہے، یعنی وراٹ کوہلی (صفر) آؤٹ ہو چکے ہیں۔ انھیں جوش ہیزل ووڈ نے کیچ آؤٹ کرایا۔ اب روہت شرما کا ساتھ رشبھ پنت دے رہے ہیں جنھوں نے فی الحال 6 گیندوں پر 1 رن بنائے ہیں۔


24 Jun 2024, 5:34 PM

احمد آباد میں فیکٹری میں دھماکہ، مالک سمیت دو افراد ہلاک، چار زخمی

گجرات کے احمد آباد کے اوڈھو انڈسٹریل ایریا میں ایک بھیانک حادثہ پیش آیا۔ اریہنت انڈسٹریل اسٹیٹ کے گودام میں سلنڈر پھٹنے سے آگ لگ گئی۔ اس حادثے میں دو افراد کی موت ہو گئی جبکہ چار دیگر زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ اس واقعے میں فیکٹری کے ایک مالک کی بھی موت ہو گئی ہے۔

24 Jun 2024, 4:15 PM

پریاگ راج میں خوفناک سڑک حادثہ، ایک ہی کنبہ کے 5 افراد ہلاک

اتر پردیش کے پریاگ راج میں آج ایک دردناک حادثہ پیش آیا جس میں پانچ افراد کی موت ہو گئی۔ جون پور کا رہنے والا کنبہ شادی میں شامل ہو کر بائک سے پریاگ راج کے سرائے ممریج لوٹ رہا تھا، اسی دوران تیز رفتار ٹرک نے بائک سوار کو پیچھے سے زوردار ٹکر مار دی۔ ٹکر اتنی زبردست تھی کہ موقع پر ہی سبھی کی موت ہو گئی۔


24 Jun 2024, 2:47 PM

جب تک چندرشیکھر آزاد پارلیمنٹ میں ہے تب تک ہر ظلم کے خلاف آواز اٹھے گی: چندرشیکھر آزاد

آزاد سماج پارٹی (کانشی رام) کے سربراہ اور رکن پارلیمنٹ چندر شیکھر آزاد نے آج کہا کہ ’’یہ آواز ہمیشہ غیر جانبدار اور کمزوروں کے لیے رہے گی۔ میں ان کی آواز ہوں جنھیں انسان نہیں جانور مان کر سماجی و معاشی بنیاد پر کچلا گیا ہے۔ جب تک چندر شیکھر آزاد پارلیمنٹ میں ہے تب تک ہر ظلم کے خلاف آواز اٹھے گی اور حکومتوں سے جواب طلب کیا جائے گا۔‘‘

24 Jun 2024, 11:44 AM

آئین کی حفاظت ہم کریں گے کے نعروں کے ساتھ احتجاج

کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن سونیا گاندھی اور کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے سمیت انڈیا نامی اتحاد رہنماؤں نے پارلیمنٹ کے احاطے میں احتجاج کیا۔ وہ آئین کی کاپی ہاتھ میں اٹھائے نعرے لگا رہے تھے کہ آئین کی حفاظت کون کرے گا، ہم کریں گے ہم کریں گے۔


24 Jun 2024, 11:30 AM

اکھلیش کی قیادت میں سماجوادی کے تمام ارکان آئین کی کاپی لے کر پارلیمنٹ پہنچے

اکھلیش یادو، ڈمپل یادو اور سماج وادی پارٹی کے دیگر تمام ارکان  پارلیمنٹ آئین ہند کی کاپی لے کر پارلیمنٹ پہنچے۔

24 Jun 2024, 11:23 AM

18ویں لوک سبھا کا پہلا اجلاس ہنگامہ آرائی کے ساتھ شروع، وزیر اعظم  نے بطور رکن پارلیمنٹ حلف لیا

سب سے پہلے وزیر اعظم نریندر مودی نے رکن پارلیمنٹ کے طور پر حلف لیا۔ بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ اور پروٹیم اسپیکر بھرتری ہری مہتاب نے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کو عہدے کا حلف دلایا۔بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ اور پروٹیم اسپیکر بھرتری ہری مہتاب نو منتخب ارکان اسمبلی کو حلف دلارہے ہیں۔

پارلیمنٹ شروع ہوتے ہی ہنگامہ شروع ہو گیا۔ اپوزیشن بی جے پی لیڈر اور سات بار کے رکن پارلیمنٹ بھرتری ہری مہتاب کو پروٹیم اسپیکر بنانے پر حکومت پر حملہ کر رہی ہے۔


24 Jun 2024, 11:11 AM

نو منتخب ارکان پارلیمنٹ آئین کاپی ہاتھ میں اٹھائے ہوئے احتجاج کر رہے ہیں

انڈیا  نامی اتحاد  کے  رہنما پارلیمنٹ اجلاس کے پہلے دن آئین کی کاپی کو لے کر احتجا ج کر رہے ہیں ۔ نو منتخب ارکان پارلیمنٹ نے آئین کی کاپی ہاتھ میں اٹھا رکھی ہے۔

24 Jun 2024, 11:04 AM

وزیر اعظم مودی نے کہا، 'اگر ہمارے ملک کے شہریوں نے مسلسل تیسری بار کسی حکومت پر بھروسہ کیا ہے، تو اس کا مطلب ہے کہ انہوں نے حکومت کی پالیسیوں اور ارادوں کو منظوری دی ہے۔ میں عوام کے تعاون اور اعتماد کے لیے ان  کا مشکور ہوں۔ حکومت چلانے کے لیے اکثریت ضروری ہے لیکن ملک چلانے کے لیے اتفاق رائے ضروری ہے۔

لوک سبھا اجلاس کے آغاز سے پہلے وزیر اعظم نریندر مودی نے قوم سے خطاب کیا۔ اس دوران انہوں نے کہا، '18ویں لوک سبھا نئی قراردادوں کے ساتھ کام کرے گی۔' انہوں نے کہا، 'یہ نیا نیا جوش اور نئی رفتار حاصل کرنے کا موقع ہے۔ دنیا کا سب سے بڑا الیکشن انتہائی شاندار اور شاندار طریقے سے منعقد ہوا۔ یہ 140 کروڑ ہندوستانیوں کے لیے فخر کی بات ہے۔


24 Jun 2024, 10:54 AM

کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگےلوک سبھا اجلاس میں شرکت کے لیے روانہ ہوئے

کانگریس کے قومی صدر اور راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھڑگے 18ویں لوک سبھا کے اجلاس میں شرکت کے لیے اپنی رہائش گاہ سے روانہ ہوئے

24 Jun 2024, 10:49 AM

کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن سونیا گاندھی پارلیمنٹ پہنچیں

کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن سونیا گاندھی 18ویں لوک سبھا کے پہلے اجلاس کے آغاز سے قبل پارلیمنٹ پہنچیں


24 Jun 2024, 10:44 AM

بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ بھرتری ہری مہتاب بنے 18 ویں لوک سبھا کے پروٹیم اسپیکر

بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ بھرتری ہری مہتاب نے 18ویں لوک سبھا کے پروٹیم اسپیکر کے طور پر حلف لیا۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے انہیں حلف دلایا۔

24 Jun 2024, 10:36 AM

پروٹیم اسپیکر کی تقرری کے معاملے میں کوئی تنازعہ نہیں: کرن رجیجو

آج سے پارلیمانی اجلاس کا آغاز ہو رہا ہے۔ اس اجلاس میں اسپیکر کے انتخاب اور نیٹ کے معاملے پر ہنگامہ آرائی کا امکان ہے۔ اجلاس میں پرٹیم اسپیکر کے تقرری بھی ایک موضوع ہے، جس پر پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے تمام لیڈروں کے درمیان مفاہمت کی بات کہی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ میں نے تمام لیڈروں سے ملاقات کی ہے۔ ابھی میں نے ڈی ایم کے پارلیمانی پارٹی کے لیڈر ٹی آر بالو سے ملاقات کی ہے۔ ہر کوئی اس بات سے متفق ہے کہ ہندوستانی پارلیمنٹ کی تاریخ میں پروٹیم اسپیکر کی تقرری کا مسئلہ کبھی نہیں رہا ہے۔ پرو ٹیم سپیکر کا کام بنیادی طور پر نومنتخب ممبران کو حلف دلانا اور نئے سپیکر کے انتخاب میں مدد کرنا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔