اہم خبر : پاکستانی پریس بریفنگ براہ راست نشر کرنے پر 13 چینلوں کو نوٹس
مودی حکومت نے پاکستانی فوج ترجمان کی پریس بریفنگ براہ راست نشر کرنے کے سبب 13 نیوز چینلوں کو نوٹس جاری کیا ہے اور سات دنوں کے اندر اس کا جواب بھی مانگا ہے۔
پاکستانی فوج کی پریس بریفنگ نشر کرنے پر مودی حکومت نے 13 چینلوں کو بھیجا نوٹس
نئی دہلی: حکومت نے پاکستانی فوجی ترجمان کی پریس کانفرنس براہ راست نشر کرنے کے سلسلے میں ملک کے 13 نیوز چینلوں کو نوٹس بھیج دیا ہے۔ مرکزی حکومت نے ترنگا ٹی وی، نیوز 18 انڈیا، اے بی پی نیوز، سوریہ سماچار، نیوز نیشن، زی ہندوستان، ٹوٹل ٹی وی، اے بی پی ماجھا، نیوز 18 لوك مت، جے مہاراشٹرا، نیوز 18 گجراتی، نیوز 24 اور سندیش نیوز سماچار چینلوں کو یہ نوٹس بھیجا ہے۔
مرکزی حکومت نے پلوامہ حملے سے متعلق خبروں کی نشریات میں احتیاط برتنے سے متعلق پہلے ہی نیوز چینلوں کو ہدایت جاری کر رکھی ہیں۔ ایسا قانون و انتظام کی صورتحال برقرار رکھنے اور پر تشدد سرگرمیوں پر نہ اكسائے جانے کے مقصد سے کیا گیا تھا۔ ترنگا ٹی وی کو بھیجے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پلوامہ حملے کے بعد پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کی پریس کانفرنس 20 منٹ 45 سیکنڈ تک براہ راست نشر کر کے چینل نے مرکزی حکومت کی مشاورت کی خلاف ورزی کی ہے۔ ان چینل سے سات دن کے اندر جواب دینے کے لئے کہا گیا ہے۔
عمران خان نے اپنا سفیر ہندوستان بھیج کر بہتر قدم اٹھایا: فاروق عبداللہ
پلوامہ دہشت گردانہ حملے کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی بڑھتی ہی جا رہی ہے لیکن اس درمیان نیشنل کانفرنس کے لیڈر فاروق عبداللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے ہندوستان میں اپنا سفیر بھیج کر جنگ کے ماحول کو کم کیا ہے۔ جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ نے 25 فروری کو کہا کہ ’’مجھے خوشی ہے کہ پاکستانی پی ایم عمران خان نے کل اپنے مشیر کو بھیجا تھا جنھوں نے پی ایم اور سشما سوراج جی سے بات بھی کی ہے۔ ہمیں امید ہے کہ یہ جو جنگ کا ماحول بن رہا تھا، اس میں کچھ کمی ہوئی ہے۔‘‘
بہترین اداکار کا آسکر خطاب حاصل کرنے والے واحد مسلم اداکار ہیں ماہیشالہ علی
ماہیشالہ علی واحد ایسے مسلم اداکار ہیں جنھوں نے آسکر میں ’بہترین اداکار‘ کا ایوارڈ حاصل کیا اور دلچسپ بات یہ ہے کہ کوئی ایک بار بھی یہ کارنامہ انجام نہیں دے سکا لیکن علی نے دو-دو بار یہ فخر حاصل کیا۔ 2017 میں علی پہلے مسلم اداکار بنے تھے جنھوں نے ’بہترین اداکار‘ کا خطاب جیتا تھا اور آج انھوں نے فلم ’گرین بُک‘ کے لیے بہترین اداکاری کا خطاب اپنے نام کیا۔
جموں و کشمیر: جنگ جیسے حالات کے درمیان پاکستان نے پھر کی جنگ بندی کی خلاف ورزی
ایک طرف پاکستان اس طرح کے بیانات دے رہا ہے کہ وہ ہندوستان کے ساتھ امن کا رشتہ قائم رکھنا چاہتا ہے اور دوسری طرف وہ دہشت گردی کے خلاف کوئی قدم بھی نہیں اٹھا رہا ہے۔ جموں و کشمیر میں سرحد پر جنگ بندی کی خلاف ورزی بھی وہ لگاتار کر رہا ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ایک بار پھر پاکستان نے راجوری ضلع کے نوشیرا میں پاکستان نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے۔ ابھی اس کی تفصیلات سامنے نہیں آ سکی ہیں لیکن پاکستان کی اس طرح کی حرکتوں کے سبب جنگ جیسے حالات بنتے جا رہے ہیں اور کشمیری عوام میں خوف کا ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے۔
دہلی: خراب موسم کے پیش نظر تین ہوائی جہاز کا راستہ بدلا گیا
دہلی میں موسم کا مزاج اچانک بدل گیا ہے اور گھٹاؤں کی گرج شروع ہو گئی ہے۔ راجدھانی میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش بھی ہو رہی ہے۔ موسم کے خراب ہوئے مزاج کی وجہ سے دہلی ائیر پورٹ سے تین پروازوں کا راستہ بدل دیا گیا ہے۔
ہماچل پردیش: زبردست آگ میں 10 مکان خاکستر، 3 گائیں بھی ہلاک
ہماچل پردیش میں کلّو ضلع کے جند گاؤں میں آج زبردست آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا جس میں 10 گھر جل کر پوری طرح خاک ہو گئے۔ اس واقعہ میں تین گائیں بھی آگ کی نذر ہو گئیں۔ کسی انسانی جان کی ہلاکت کی خبریں فی الحال موصول نہیں ہوئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق آگ نے خطرناک صورت حال اس لیے اختیار کر لی کیونکہ یہ علاقہ سڑک سے جڑا ہوا نہیں ہے جس کی وجہ سے فائر بریگیڈ کی گاڑی یہاں نہیں پہنچ پاتی۔ گاؤں کے لوگوں نے خود ہی اس آگ پر بڑی مشقت سے قابو پایا۔
چین: کان حادثہ میں مرنے والوں کی تعداد 22 پہنچی
بیجنگ: شمالی چین کے منگولیا کان حادثے میں زخمی شخص کی موت کے بعد مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 22 ہوگئی ہے۔ مقامی انتظامیہ نے یہ اطلاع دی۔ سنگین طور سے زخمی شخص کی اتوار کو علاج کے دوران موت ہوگئی۔ ابھی 28 لوگوں کا علاج اسپتال میں جاری ہے۔ یہ حادثہ ہفتہ کو سیلنگ گول لیگ کے مغربی ازمکین بینر میں ہوا۔ دراصل ایک شٹل گاڑی 50 لوگوں کو لے جارہی تھی کہ بریک خراب ہونے کی وجہ سے گاڑی بے قابو ہوگئی اور وہ لیڈ، جستا اور چاندی کے کان میں حادثہ کا شکار ہوگئی جس میں 22 لوگوں کی موت ہوگئی۔
بنارس ہندو یونیورسٹی میں طلبا کے درمیان تصادم، 6 زخمی، حالات کشیدہ
وارانسی: بنارس ہندو یونیورسٹی (بی ایچ یو) میں یہاں کے دو طالب علموں کے درمیان معمولی تنازعہ کے بعد ہونے والی پرتشدد جھڑپوں میں متعدد اسٹوڈنٹس زخمی ہو گئے۔ مارپیٹ، توڑ پھوڑ اور پتھراؤ کے واقعہ کے بعد یونیورسٹی کیمپس میں کشیدگی کا ماحول ہے۔ پولس ذرائع نے پیر کو یہاں بتایا کہ یونیورسٹی کے بین فیکلٹی یوتھ فیسٹول ’اسپندن‘ میں اتوار کو دو طالب علموں کے آپسی تنازعہ کے بعد اتوار کی رات بڑلا ہاسٹل کے طالب علم آپس میں جھگڑنے لگے۔ تنازع بڑھنے کے بعد بہت سے طالب علم سڑکوں پر آ گئے۔ پولس اور یونیورسٹی کی سیکورٹی کے عملہ کی موجودگی میں طالب علموں کے دو گروپوں نے دیر رات تک ایک دوسرے کو نشانہ بنا کر پتھراؤ کیا۔
ذرائع کے مطابق ہاسٹل کے کئی کمروں میں توڑ پھوڑ کی گئی. واقعہ میں کم از کم چھ طالب علم زخمی ہو گئے۔ طالب علموں کو سمجھانے کے لئے یونیورسٹی کی پراکٹر پرو فیسر روينا سنگھ سکیورٹی کے ساتھ موقع پر پہنچیں۔ مقامی پولیس افسران کی موجودگی میں انہوں نے طالب علموں کو سمجھانے کی کوشش کی لیکن ان پر کوئی اثر نہیں ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی کیمپس میں کشیدگی برقرار ہے۔ اسے دیکھتے ہوئے کافی تعداد میں سیکورٹی عملہ کو بڑلا ہاسٹل سمیت تمام حساس مقامات پر تعینات کیا گیا ہے۔ پولیس اہلکاروں کو بھی چوکس رہنے کیلئے کہا گیا ہے۔
کسانوں کو بدحال کرنے کے بعد پی ایم نے ’کیش فور ووٹ‘ منصوبہ شروع کیا: چدمبرم
کانگریس کے سینئر لیڈر پی چدرمبرم نے ’پی ایم کسان سمّان ندھی‘ منصوبہ کو لے کر پیر کے روز پی ایم مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے اس سلسلے میں ایک ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’’پہلے تو ملک کے کسانوں کو قرض اور زبردست بحران کا شکار بنا دیا گیا اور اب بی جے پی انھیں 17 روپے روزانہ فی فیملی کی معمولی رقم کے سہارے دلاسہ دینے کی کوشش کر رہی ہے۔‘‘
’سنگم‘ میں ڈبکی لگانے سے پی ایم مودی کے پاپ نہیں دھلیں گے: مایاوتی
وزیر اعظم نریندر مودی کے پریاگ راج واقع کمبھ میلہ میں پہنچنے اور غسل کرنے کو لے کر بی ایس پی سپریمو نے جم کر نشانہ سادھا ہے۔ مایاوتی نے ٹوئٹ کر کہا ہے کہ ’’انتخاب کے وقت سنگم میں شاہی اَسنان کرنے سے مودی حکومت کی انتخابی وعدہ خلافی، عوام سے دھوکہ اور دوسری طرح کی سرکاری ظلم و زیادتی اور پاپ کیا دھل جائیں گے؟ نوٹ بندی، جی ایس ٹی، ذات پرستی، نفرت اور فرقہ واریت وغیرہ کی زبردست مار سے پریشان لوگ کیا بی جے پی کو اتنی آسانی سے معاف کر دیں گے؟‘‘
پاکستان کے بلوچستان میں بم دھماکہ، ایک کی موت 13 زخمی
اسلام آباد: پاکستان کے جنوب مغربی صوبے بلوچستان کے ڈیرہ مراد جمالی شہر میں اتوار کی شام ہونے والے بم دھماکے سے ایک شخص کی موت ہو گئی اور 13 دیگر زخمی ہو گئے۔ مقامی میڈیا کے مطابق بلوچستان کے ضلع نصرآباد میں کسی نامعلوم شخص نے موٹر سائیکل میں بم لگا کر اسے ڈیرہ مراد جمالی شہر کے مزدور چوک علاقے کے باہر کھڑا کر دیا۔ بم دھماکے کے بعد امدادی ٹیم، پولس اہلکاروں اور سیکورٹی فورس کے جوان موقع پر پہنچے اور لاش اور زخمیوں کو ضلع اسپتال پہنچایا۔
ڈاکٹروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ تین افراد شدید زخمی ہونے کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔ پولس نے کہا کہ بم دھماکے لئے چھ سے آٹھ کلو گرام دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا اور ریمورٹ کی مدد سے دھماکے کو انجام دیا گیا۔
سیکیورٹی فورس نے محاصرہ کرکے گردونواح کے علاقوں میں بم دھماکے کے مشتبہ افراد کی تلاش شروع کر دی ہے۔ کسی بھی دہشت گرد تنظیم نے ابھی تک ا س حملے کی ذمہ داری نہیں لی ہے۔
حوثی باغیوں کے میزائل حملہ میں 12 یمنی فوجی ہلاک
صنعا: سعودی عرب کی جنوبی سرحد کے قریب باغی گروپ حوثیوں کے میزائل حملے میں اتوار کو یمن کے جلاوطن صدر عبد ربہ منصور ہادی کے 12 شاہی فوجی ہلاک اور 60 دیگر زخمی ہو گئے۔ فوجی ذرائع کے مطابق البقا بازار میں فوجیوں پر یہ حملہ کیا گیا، انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو سعودی عرب کے صوبہ نجران کے اسپتال میں داخل کرایا گیا۔
اس دوران حوثی باغیوں کے مسیرا ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق البقا میں بیلسٹک میزائل حملے میں کم از کم 40 شاہی فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔
سعودی عرب کے جنوبی صوبے نجران اور یمن کے باغیوں کے کنٹرول والے سعدہ دونوں البقا سے ملے ہوئے ہیں، یمنی حکومت کی فوج نے سعودی قیادت والی اتحادی افواج کی حمایت سے سال 2016 میں یہاں کنٹرول حاصل کر لیا تھا۔
ایم جے اكبر کی طرف سے دائر ہتک عزت معاملے میں صحافی پریا رمانی کو ملی ضمانت
صحافی پریا رمانی می ٹو معاملے میں پیر کو دہلی کی پٹیالہ ہاؤس عدالت میں پیش ہوئیں، کورٹ نے صحافی پریا رمانی کو 10،000 روپے کے ذاتی مچلکے پر ضمانت دے دی، اب اس معاملے کی اگلی سماعت 8 مارچ کو ہوگی، بتا دیں کہ سابق مرکزی وزیر ایم جے اکبر کی طرف سے دائر ہتک عزت معاملے میں عدالت نے پریا رمانی کو سمن کیا تھا۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں چل رہی می ٹو مہم کے تحت پریا رمانی نے ایم جے اکبر پر 20 سال قبل ان کے ساتھ جنسی زیادتی کے الزام لگائے تھے۔ اگرچہ ایم جے اکبر نے ان الزامات کو یکسر مسترد کردیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔