اہم خبر: مساجد پر حملہ میں شہید ہوئے مسلمانوں کے لیے  پی ایم جیسنڈا کا بڑا اعلان

نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے بڑا اعلان کرتے ہوئے میڈیا سے کہا ہے کہ ان کا ملک مسجدوں میں ہوئی فائرنگ میں شہید ہوئے مسلمانوں کی یاد میں 29 مارچ کو قومی یادگاری خدمات کا انعقاد کرے گا۔

وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن
وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن
user

قومی آواز بیورو

24 Mar 2019, 10:09 PM

نیوزی لینڈ: مساجد پر حملہ میں شہید ہوئے مسلمانوں کے لیے پی ایم جیسنڈا نے کیا بڑا اعلان

نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ واقع مساجد میں اندھا دھند اور دہشت گردانہ فائرنگ کے بعد پی ایم جیسنڈا آرڈرن نے جس طرح کے اقدامات کیے اس کی تعریف پوری دنیا کر رہی ہے۔ اب جیسنڈا نے ایک اور بڑا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ ان کا ملک 29 مارچ کو قومی یادگاری خدمات کا انعقاد کرے گا۔ جیسنڈا نے واضح لفظوں میں کہا کہ جو کچھ مسجدوں میں ہوا اور جس طرح مسلمانوں ک تشدد کا نشانہ بنایا گیا وہ ناقابل فراموش ہے۔ پورے ملک نے اس مشکل وقت میں مسلمانوں کا ساتھ دیا اور ہم ہمیشہ ان کے ساتھ ہیں۔

24 Mar 2019, 8:27 PM

مہاراشٹر: دردناک بس حادثہ میں 4 افراد کی موت، 45 زخمی

ٹھانے: مہاراشٹر میں ناسک سے پالگھر جانے والی ایک پرائیویٹ بس اتوار کو گہری کھائی میں گر گئی۔ اس حادثے میں بس میں سوار 4 افراد کی موت ہوگئی جب کہ 45 دیگر زخمی ہو گئے۔ ٹھانے آر ڈی ایم سی سیل کے سربراہ سنتوش کدم نے اس حادثہ کے بارے میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ موکھادا ترمبکیشور روڈ واقع تورنگانے گھاٹ پر دن میں پونے تین بجے بس کھائی میں گری۔ سبھی زخمیوں کو ترمبکیشور سرکاری اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی فوری طورپر راحت اور بچاؤ کا کام شروع کر دیا گیا۔ جو مسافر ہلاک ہوئے ہیں ان کی شناخت ابھی تک نہیں ہوسکی ہے۔

24 Mar 2019, 7:09 PM

میرٹھ: اسپتال میں زیر علاج مریضہ کے ساتھ اجتماعی عصمت دری، 4 گرفتار

میرٹھ: اترپردیش کے ضلع میرٹھ کے گڑھ روڈ واقع سہارا اسپتال کے آئی سی یو میں زیر علاج مریضہ سے اجتماعی آبروریزی کا سنسنی خیز معاملہ سامنے آیا ہے۔ پولس نے اس معاملے میں اسٹاف نرس اور وارڈ بوائے کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولس سپرنٹنڈنٹ (شہر) ڈاکٹر اکھلیش نارائن سنگھ نے اتوار کو یہاں بتایا کہ تھانہ بھاون پور علاقے میں کرائے پر رہنے والی ایک خاتون کو ہفتہ کے روز پیٹ میں درد ہونے کی وجہ سے سہارا اسپتال کے آئی سی یو میں داخل کرایا گیا تھا۔ اس کا کہنا ہے کہ دیر رات ملزموں نے نشے کا انجکشن لگا کر اس کی عصمت دری کی ہے۔

پولس کے مطابق اسٹاف نرس پر ملزموں کے تعاون کا الزام ہے اور اس لیے ان کی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ خاتون نے ہوش میں آنے پر اپنے خاندان کے لوگوں کو عصمت دری کی بات بتائی۔ جس کے بعد پولس سے شکایت کی گئی۔ اکھلیش نارائن سنگھ کا کہنا ہے کہ خاتون سے اجتماعی عصمت دری کا معاملہ سامنے آیا ہے اور میڈیکل تھانہ پولس نے متاثرہ خاتون کے طبی معائنے کے بعد معاملہ درج کرلیا ہے۔


24 Mar 2019, 6:10 PM

جھارکھنڈ: بوکارو میں پاور پلانٹ میں لگی آگ، فائر بریگیڈ نے پہنچ کر کیا قابو

جھارکھنڈ کے بوکارو میں واقع ایک پاور پلانٹ میں آگ لگنے سے وہاں پر افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ آگ کی خبر ملتے ہی فائر بریگیڈ کی اڑیاں فوراً جائے وقوع پر پہنچیں اور آگ پر قابو پانے میں کامیابی حاصل کر لی۔ فی الحال آگ لگنے کی وجہ اور اس میں ہوئے نقصان کے بارے میں کچھ پتہ نہیں چل سکا ہے۔

24 Mar 2019, 5:09 PM

فوڈ کارپوریشن میں ہوا چوكيداروں کی بھرتی میں بڑا گھوٹالا

فوڈ کارپوریشن میں ہوئے چوكيداروں کی بھرتی میں بڑے گھوٹالے کا پردہ فاش ہوا ہے، گھوٹالے کا انکشاف سی بی آئی نے کیا ہے، اس معاملے میں پبلک کی جانب سے شکایت کی گئی تھی، شکایت کے مطابق جس پرائیویٹ ایجنسی کو سرکاری چوكيداروں کی بھرتی کا ٹھیکہ دیا گیا تھا، اس نے نااہل امیدواروں کو بھرتی کر لیا، سی بی آئی کی جانچ میں اس بات کی تصدیق ہوئی ہے۔


24 Mar 2019, 4:09 PM

نیوزی لینڈ میں طیارہ حادثے کا شکار، دو افراد ہلاک

آکلینڈ: نیوزی لینڈ میں نارتھ آئی لینڈ کی کیماناوا پہاڑیوں میں ہفتے کو ایک چھوٹا طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا جس میں دو افراد کی موت ہوگئی۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ یہ طیارہ ہفتے کو لاپتہ ہوگیا تھا لیکن موسم خراب ہونے کی وجہ سے ہیلی کاپٹر سروس میں رکاوٹ آنے سے مقامی پولس اتوار کی صبح تک وہاں نہیں پہنچ سکی۔ آج صبح طیارے کے حادثے کا شکار ہونے کی تصدیق ہوئی۔ طیارے میں سوار پائلٹ عملے کے دو اراکین حادثے میں مارے گئے۔ وہ دونوں آکلینڈ کے ارڈ مور فلائنگ اسکول کے فلائٹ انسٹرکٹر تھے۔

انہوں نے بتایا کہ طیارے کا ملبا آج صبح ساڑھے گیارہ بجے برآمد کیا گیا اور دونوں انسٹرکٹروں کی لاشیں بھی مل گئیں۔ طیارے نے ہفتے کی رات پامسٹرن نارتھ سے پرواز بھری تھی اور اسے تاؤپ ہوائی اڈے کے راستے ارڈمور پہنچنا تھا لیکن جب وہ وہاں نہیں پہنچا تو افسروں کو اطلاع دی گئی اور طیارے کی تلاش شروع کی گئی۔

مقامی پولس، شہری ہوابازی کی اتھارٹی اور ٹرانسپورٹ حادثوں کی جانچ کمیشن نے حادثے کی جانچ شروع کردی ہے۔ ارڈمور فلائنگ اسکول نیوزی لینڈ کا مشہور ٹریننگ اسکول ہے۔

24 Mar 2019, 3:09 PM

افغانستان میں سلامتی دستوں نے 11 ملی ٹنٹ کیے ہلاک

غزنی: مشرقی افغانستان کے دو صوبوں میں سلامتی دستوں کے ساتھ الگ الگ مڈبھیڑوں میں کم از کم 11 ملی ٹنٹ مارے گئے اورآٹھ دیگر زخمی ہوگئے۔ اس دوران سات ملی ٹنٹ کو گرفتار کیا گیا ہے۔

سرکاری ترجمان حریف نوری نے بتایا کہ ہفتے کی رات مشرقی غزنی صوبے کے جاناخان ضلع میں فوج کےخصوصی مہم دستے نے فضائیہ کے تعاون سے گوگر علاقے میں طالبان کے ٹھکانے پر حملہ کر کے 10 ملی ٹنٹوں کو ڈھیر کردیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس دوران آٹھ ملی ٹنٹ زخمی ہوگئے۔

انہوں نے بتایا کہ جمعہ کو پڑوسی کھوست صوبے کے تیریزائی ضلع میں مڈبھیڑ میں ایک طالبانی مارا گیا اور سات دیگر کو گرفتار کرلیا گیا۔ اس دوران کئی اے کے 47 رائفل بھی ضبط کی گئیں۔


24 Mar 2019, 2:09 PM

بی جے پی ایم پی حامیوں نے لگائے بی جے پی امیدوار کے خلاف نعرے

جھنجھنو: راجستھان میں جھنجھنو لوک سبھا حلقہ سے بی جے پی کے امیدوار اور مانڈوا اسمبلی حلقہ کے ممبر اسمبلی نریندر كھيچڑ پارٹی کی موجودہ رکن پارلیمنٹ سنتوش اہلاوت سے سورج گڑھ میں واقع ان کی رہائش گاہ پر ملنے پہنچے تو انہیں سنتوش اہلاوت کے حامیوں کے غصہ کا سامنا کرنا پڑا۔

سنتوش اہلاوت جھنجھنو راجستھان سے بی جے کی موجودہ ممبر پارلیمنٹ ہیں۔ پارٹی نے اس مرتبہ ان کا ٹکٹ کاٹ کر بی جے پی ممبر اسمبلی نریندر كھيچڑ کو دیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس سے سنتوش اہلاوت کافی ناراض ہیں۔ ان کی ناراضگی کے مدنظر نریندر كھيچڑ ان کو منانے گزشتہ روز ان کے گھر گئے تو وہاں موجود سنتوش اہلاوت کے حامیوں نے ان کے خلاف نعرے بازی کی اور نازیبا تبصرے کیے۔

اس سلسلے میں سنتوش اہلاوت نے کہا کہ ان کا ٹکٹ کٹنے سے ان کے حامیوں میں کافی ناراضگی ہے اور یہ واقعہ ان کا رد عمل ہے۔ اس سے پہلے ٹکٹ نہ ملنے پر سنتوش اہلاوت نے اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا ٹکٹ کاٹنا ان کی سیاسی بالا دستی کو ختم کرنے کی سازش ہے، وہ اسے ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیں گی۔

ادھر نریندر كھيچڑ نے اس واقعہ پر کسی طرح کا کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

24 Mar 2019, 1:09 PM

اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ جھڑپ میں 4 فلسطینی زخمی

غزہ: اسرائیلی سرحد کے قریب مشرقی غزہ پٹی میں ہفتہ کی شب احتجاجی مظاہروں اور اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ جھڑپوں کے دوران کم از کم چار فلسطینی زخمی ہو گئے۔

غزہ میں وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدر نے بتایا کہ مشرقی غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ میں چار فلسطینی زخمی ہو گئے جن میں سے ایک کی حالت نازک ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق، ’عظیم مارچ آف رٹرن‘ ریلیوں کے تحت مشرقی غزہ کی پٹی اور اسرائیل کے درمیان ہفتہ کی شب سرحد پر احتجاج و مظاہرہ شروع ہوا۔

مظاہرین نے ٹائر جلائے، کئی ساؤنڈ بم دھماکے کیے اور سر حد سے متصل اسرائیل کے چھوٹے شہروں کے باشندوں کو پریشان کیا۔ اسرائیلی میڈیا نے بتایا کہ رات میں تصادم کے دوران مظاہرین نے اسرائیلی فوج پر تین گھنٹے میں تقریباً 300 ساؤنڈ بم پھینکے۔ اس میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔

اشرف القدر نے بتایا کہ ریلیاں شروع ہونے کے بعد سے اب تک اسرائیلی فوج نے کم از کم 261 مظاہرین کو ہلاک کردیا جبکہ 29000 سے زیادہ دیگر زخمی ہوئے ہیں۔


24 Mar 2019, 11:09 AM

بابری مسجد معاملے میں آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کا ہنگامی اجلاس

بابری مسجد۔ایودھیا تنازعہ کو لے کر لکھنؤ میں آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ نے ہنگامی میٹنگ بلائی ہے، اس سے پہلے سپریم کورٹ نے بابری مسجد-رام جنم بھومی تنازعہ کو ثالثی کے ذریعے حل کرنے کے لئے تین رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی، ثالثی کمیٹی اس معاملے کو حل کرنے کی کوشش میں لگی ہوئی ہے۔

24 Mar 2019, 10:09 AM

فرانس میں پیلی جیکٹ والوں کا احتجاج 19ہفتہ سے جاری

پیرس: پیلی جیکٹ والوں کا احتجاج فرانس میں 19 ویں ہفتہ بھی جاری رہا۔ شانزے لیزے سمیت دیگر اہم مقامات پر مظاہرہ کرنے پر پابندی تھی، پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے 50 سے زائد مظاہرین کو گرفتار کر لیا گیا۔

فرانس میں گزشتہ ہفتہ کے پرتشدد مظاہرہ کے بعد پیرس اور دیگر شہروں میں سخت سیکورٹی انتظامات کیے گئے تھے، پیلی جیکٹ والوں نے پیرس کے جنوبی علاقے سے احتجاج کا سلسلہ شروع کیا، احتجاج کرتے مظاہرین نے صدر میکرون کے خلاف بینرز اٹھا رکھے تھے۔

وزارت داخلہ کے مطابق پیرس اور فرانس بھر میں مظاہرین کی تعداد پچھلے ہفتے کی نسبت بہت کم رہی، پولس نے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے پچاس سے زائد مظاہرین کو گرفتار کیا جبکہ 19 افراد کے خلاف جرمانہ عائد کیا گیا۔

فرانس میں 17نومبر سے پیلی جیکٹ مظاہرین حکومت کی پالیسیوں کے خلاف ہفتہ وار مظاہرہ کر رہے ہیں۔


24 Mar 2019, 9:09 AM

میرٹھ میں بی جے پی امیدوار راجیندر اگروال کی مخالفت، کارکنان نہیں دیں گے ووٹ

میرٹھ کے سسولی گاؤں میں مہا پنچایت کر بی جے پی حامیوں نے بی جے پی کے موجودہ ایم پی کے انتخاب لڑنے کی مخالفت کی ہے۔ بی جے پی کارکنان نے پنچایت میں یہ فیصلہ لیا کہ اگر بی جے پی موجودہ ایم پی کو یہاں سے انتخابی میدان سے نہیں ہٹاتی تو وہ نوٹا کا استعمال کریں گے۔ ان لوگوں کا کہنا کہ موجودہ ایم پی راجیندر اگروال الیکشن جیتنے کے بعد کبھی بھی کسی گاؤں نہیں گئے اور نہ ہی کچھ کام کیا ہے۔

24 Mar 2019, 8:05 AM

انڈونیشیا میں سیلاب سے مرنے والوں کی تعداد 112 ہوئی

جکارتہ: انڈونیشیا کے پاپوا صوبے میں گزشتہ ہفتے سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 112 ہو گئی جبکہ کم از کم 94 دیگر لاپتہ ہیں۔ سرکاری ذرائع نے آج یہ اطلاع دی۔

اعلی اہلکار ڈوڈی سمبوڈو نے کہا کہ فوجی، پولس اہلکار اور بچاؤ عملہ لاپتہ 94 لوگوں کی تلاش کر رہے ہیں۔ صوبے میں کچھ دنوں پہلے زبردست بارش کی وجہ سے سینٹنی جھیل میں پانی بڑھ گیا تھا جس کے بعد لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

ڈوڈی نے کہا، "سیلاب سے متاثرہ لوگوں تک امدادی سامان پہنچانے کے لیے ہر ممکن اقدمات کیے جارہے ہیں۔ 30 مقامات پرتقریباً 11،556 لوگوں نے پناہ لی ہے. "

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔