اہم خبر: تین ہندوستانی کوہ پیماؤں کے خلاف نیپال نے جانچ شروع کی
تین ہندوستانی کوہ پیماؤں کے خلاف نیپال نے جانچ شروع کی
کاٹھمنڈو: دنیا کی سب سے اونچی چوٹی ماؤنٹ ایوریسٹ کو 26 مئی کو فتح کرنے کا دعوی کرنے والے ہندوستان کے تین کوہ پیماؤں کے خلاف نیپالی حکومت نے جانچ شروع کردی ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق ہریانہ کے وکاس رانا، شوبھا بنوال اور انکش کسانا کو ماؤنٹ ایوریسٹ فتح کرنے کے دستاویزی سند دکھانے کے لئے کہا گیا ہے۔ ان تینوں کے دعوی کے بعد ان کا اپنے آبائی گھر لوٹنے پر زبردست استقبال کیا گیا تھا۔
اخبار ہمالین ٹائمز نے دعوی کرتے ہوئے کہا ہے کہ تینوں کوہ پیماؤں نے کیمپ۔3 بھی پار نہیں کیا تھا جو چوٹی پر چڑھنے سے 1300 میٹر پہلے آخری کیمپ سے پہلے کا کیمپ تھا۔ ہمالین ٹائمز نے دعوی کیا ہے کہ ان تینوں کے پاس ایوریسٹ فتح کرنے کا کوئی فوٹو نہیں ہے اور نہ ہی شیرپا نے ایسا کوئی دعوی کیا ہے۔ اس کے علاوہ نیپال کے محکمہ سیاحت نے تینوں کو کوئی سرٹیفیکیٹ جاری بھی نہیں کیا ہے۔
واضح رہے کہ ہر کوہ پیما کے ساتھ ایک شیرپا کا رہنا ضروری ہے۔ رپورٹ کے مطابق جب تینوں کوہ پیماؤں سے ان کے شیرپا کے نام پوچھے گئے تو وہ ان کا نام تک نہیں بتا سکے۔ تینوں کوہ پیماؤں نے دعوی کیا تھا کہ صرف ان تینوں اور ان کے چار شیرپا نے 26 مئی کو دنیا کی سب سے اونچی چوٹی کو فتح کیا تھا۔
حوثی باغیوں کے میزائل حملے میں 26 شہری زخمی
ریاض: جنوب مغربی سعودی عرب میں یمن کے حوثی باغیوں کے ایک میزائل حملے میں کم سے کم 26 شہریوں کے زخمی ہونے کی رپورٹیں ہیں۔ میڈیا رپورٹوں میں یہ اطلاع دی گئی ہے۔
بی بی سی نے فوج کے ایک ترجمان کے حوالے سے بتایا کہ یہ حملہ ابہا ائرپورٹ کو نشانہ بنا کر کیا گیا اوراس حملے میں تین خواتین اور دو بچے بھی زخمی ہوئے ہیں۔
اس درمیان حوثی باغیوں کے ایک ترجمان نے بتایا کہ میزائل نے اپنے ہدف کو صحیح نشانہ لگایا ہے۔
افغان فضائیہ نے اپنے ہی فوجیوں پر کیا غلطی سے حملہ، 5 ہلاک
قندوز: افغانستان کے شمالی قندوز صوبہ میں فضائیہ کی غلطی سے کیے گئے ایک ہوائی حملے میں پانچ افغان فوجی مارے گئے اور سات دیگر زخمی ہوگئے۔ ضلع گورنر محبو ب اللہ سیدی نے یہ اطلاع دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہوائی حملے رات دو بجے کیے گئے تھے اور ان کا نشانہ مسلح دہشت گردوں کا ٹھکانہ تھا لیکن یہ غلطی سے امام صاحب ضلع کے اسماعیل کشلاک علاقے میں کردیا جس میں پانچ فوجی ہلاک اور سات دیگر زخمی ہوگئے۔
ابھی تک یہ پتہ نہیں چل سکا کہ یہ جوان فضائیہ کے تھے یا امریکہ کی قیادت والے فوجی اتحاد کے تھے۔ واضح رہے کہ مارچ کے مہینے میں بھی اروزگان صوبہ میں اسی طرح سے غلطی سے کیے گئے حملے میں متعدد فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔
مودی کا طیارہ پاکستان کے اوپر سے نہیں گزرے گا، آج رات ہوں گے بشکیک روانہ
نئی دہلی: شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہان مملکت کی چوٹی کانفرنس میں حصہ لینے کے لئے کرگیز جمہوریہ کے دارالحکومت بشکیک جانے کے لئے وزیراعظم نریندرمودی کا طیارہ پاکستان کے فضائی علاقے سے ہو کر نہیں گزرے گا۔
وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے پی ایم مودی کے طیارے کے راستے کے بارے میں نامہ نگاروں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے بشکیک جانے کے لئے وزیراعظم کے طیارے کے لئے دو راستوں کے متبادل کو تلاش کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ وزیراعظم کا طیارہ عمان ،ایران اور وسطی ایشیائی ملکوں کے فضائی علاقوں سے گزرتا ہوا بشکیک پہنچے گا۔
اسلام آباد سے آئی میڈیا رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ہندوستان نے پی ایم مودی کے طیارے کے بشکیک جانے کے لئے پاکستان حکومت سے اپنے فضائی علاقے سے گزرنے کی اجازت طلب کی تھی۔ پہلے وزارت خارجہ کے افسران نے پی ایم مودی کے طیارے کے راستے پر کیے گئے سوالوں کو یہ کہتے ہوئے ٹال دیا تھا کہ وزیراعظم کی سلامتی کے پیش نظر سفرکا راستہ عام نہیں کیا جاسکتا۔
پی ایم مودی 13 اور 14 جون کوشنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے رکن ملکوں کے سربراہان مملکت کی چوٹی کانفرنس میں حصہ لینے کے لئے آج رات بشکیک روانہ ہوں گے جہاں ان کی روس کے صدر ولادیمر پوتن اور چین کے صدر شی جنپنگ کے ساتھ دو طرفہ میٹنگ بھی ہوگی۔ دونوں دن چوٹی کانفرنس میں حصہ لینے کےعلاوہ ان کا کرگیز جمہوریہ میں دو روزہ دورے کا بھی پروگرام ہے۔ بشکیک میں پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے ساتھ رسمی یا غیر رسمی میٹنگ کے امکان کے بارے میں پوچھے جانے پر وزارت خارجہ نے واضح کیا کہ پی ایم مودی کی پاکستانی وزیراعظم سے ملاقات کا کوئی پروگرام نہیں ہے۔
دہلی میں بجلی-پانی کی صورت حال پر شیلا کی کیجریوال سے ملاقات
نئی دہلی: دہلی کانگریس صدر شیلا دکشت نے بدھ کو وزیراعلی اروند کیجریوال سے ملاقات کر کے دارالحکومت میں بجلی اور پانی کی دقتوں کے سلسلے میں بات چیت کی۔ شیلا دکشت دہلی کانگریس لیڈروں کے ساتھ اروند کیجریوال سے ملیں اور بجلی اور پانی کے سلسلے میں دارالحکومت دہلی کے لوگوں کو ہونے والی دقتیوں سے روبرو کرایا۔
تین مرتبہ دہلی کی وزیراعلی رہ چکیں شیلا دکشت نے گزشتہ ہفتے پریس کانفرنس میں عام آدمی پارٹی (آپ) کی حکومت پر طے چارج کے ذریعہ بجلی کمپنیوں کو موٹا فائدہ پہنچانے کا الزام لگایا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ بجلی کمپنیوں نے 7401 کروڑ کی رقم مختلف طے چارجوں کے تحت وصولی ہے اور اس رقم کو ضم کرنے کے لئے دارالحکومت دہلی کے بجلی صارفین سے اگلے چھ ماہ تک بجلی کے بلوں کو معاف کیا جائے۔
حوثی باغیوں کا سعودی عرب کے ابہا ہوائی اڈے پر حملہ
دوحہ: انصار اللہ تحریک کے حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے ابہا ہوائی اڈے پر بدھ کو میزائل سے حملہ کیا۔ حوثیوں کے فوجی ذرائع نے ’المسراه‘ نیوز چینل کے حوالہ سے یہ خبر دی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ میزائل نشانے پر گری۔ تاہم سعودی عرب کی حکومت نے اس رپورٹ کی تصدیق نہیں کی ہے۔
اس سے پہلے آج سعودی عرب کے سیکورٹی فورسز نے صوبہ اسیر میں واقع کنگ خالد فوجی اڈے کو حوثی باغیوں کی طرف سے نشانہ بنا کر کیے گئے كواسیف -2 کے ڈرون حملے کو غیر فعال کر دیا۔
قابل ذکر ہے کہ جزیرہ نما عرب کے چھوٹے سے ملک یمن میں سرکاری فورسز اور حوثی باغیوں کے درمیان کئی برسوں سے مسلح جنگ چل رہی ہے۔ یمن کے صدر منصور ہادی کے اصرار پر سعودی عرب کی قیادت میں اتحادی فورس کے جوان مارچ 2015 سے حوثی باغیوں پر فضائی حملے کر رہے ہیں۔ جنگ سے اس ملک میں بڑے پیمانے پر انسانی بحران پیدا ہو گیا ہے۔
جے پور ایئر پورٹ پر اسپائس جیٹ طیارے کی ایمرجنسی لینڈنگ
راجستھان کے جے پور ایئر پورٹ پر اسپائس جیٹ کے دبئی-جے پور ایس جی- 58 پرواز کی ایمر جنسی لینڈنگ کرائی گئی ہے، لینڈنگ کے دوران اسپائس جیٹ طیارے کا ٹائر پھٹ گیا، غنیمت یہ رہا کہ اس حادثہ میں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ طیارے میں 189 مسافر سوار تھے، جنہیں بحفاظت ہوائی جہاز سے باہر نکال لیا گیا۔
طوفان ’وايو‘ كے پیش نظر کانگریسی کارکن مدد کے لئے تیار رہیں... راہل گاندھی
نئی دہلی: کانگریس صدر راہل گاندھی نے گجرات میں گردابی طوفان ’وايو‘ كے خدشے کے پیش نظر کانگریس کارکنان سے لوگوں کی مدد کے لئے تیار رہنے کے لئے کہا ہے۔
راہل گاندھی نے بدھ کے روز ٹوئٹ کیا کہ ’’طوفان ’وايو‘ گجرات کے سمندر کے قریب پہنچنے والا ہے۔ میں گجرات کے سبھی کانگریسی کارکنان سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس کے راستے میں آنے والے تمام علاقوں میں مدد کے لئے تیار رہیں۔ میں طوفان سے متاثر ہونے والے علاقوں کے سبھی لوگوں کی حفاظت اور فلاح و بہبود کے لئے خدا سے دعا کرتا ہوں‘‘َ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب میں ہوا کے کم دباؤ کے سبب پیدا ہونے والا طوفان ’وايو‘ 13 جون کی صبح تک گجرات پہنچ جائے گا جس کے پیش نظر ریاستی حکومت نے ہائی الرٹ جاری کیا ہے۔ انتظامیہ نے سیاحوں سے محفوظ مقام پر جانے کے لئے کہا ہے۔
سوپور میں تصادم، ایک ملی ٹنٹ ہلاک
سری نگر: جموں و کشمیر میں ضلع بارہ مولہ کے سوپور میں منگل کی رات سلامتی دستوں کے ساتھ تصادم میں ایک ملی ٹنٹ مارا گیا۔
پولس ترجمان نے بدھ کے روز بتایا کہ ملی ٹنٹوں کے چھپے ہونے کی خفیہ اطلاع پر 22 قومی راشٹریہ رائفل، جموں کشمیر پولس کے خصوصی مہم کے دستے اور سینٹرل ریزرو پولس فورس کے جوانوں نے منگل کی صبح سوپور کے ودورا پیان میں مشترکہ تلاشی مہم چلائی۔ باہر نکلنے کے تمام راستوں کو بند کرنے کے بعد گھر گھر تلاشی مہم چلائی گئی۔ پورا دن تلاشی مہم کے بعد ملی ٹنٹوں کے ٹھکانے کا پتہ چلا۔
ملی ٹنٹوں کی جانب سے گولیاں چلانے پر سلامتی دستوں نے بھی جوابی کارروائی کی جس سے تصادم شروع ہوگیا۔ ترجمان نے بتایا کہ منگل کی دیر رات ایک ملی ٹنٹ مارا گیا۔ بڑی مقدار میں گولہ بارود اور ہتھیار برآمد کیے گئے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق مہم جاری ہے مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔