اہم خبریں: شاہ رخ کے بیٹے آرین خان اب 7 اکتوبر تک این سی بی ریمانڈ پر رہیں گے
شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان کو 7 اکتوبر تک این سی بی حراست میں بھیجا گیا
کروز ڈرگس پارٹی معاملے میں گرفتار شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان کو ممبئی کی ایک عدالت نے 7 اکتوبر تک کے لیے این سی بی کی حراست میں بھیج دیا ہے۔ اس کے علاوہ دو دیگر ملزمین ارباز سیٹھ مرچنٹ اور منمن دھمیچا کی بھی حراست بڑھائی گئی ہے اور انھیں بھی اب 7 اکتوبر تک این سی بی کی ریمانڈ میں رہنا ہوگا۔
ایس پی کارکناں نے یوگی کا پھونکا پتلہ، 18 گرفتار
پریاگ راج: اترپردیش کے ضلع لکھیم پور کھیری میں اتوار کو پیش آئے واقعہ کی مخالفت میں آج یہاں سماج وادی پارٹی(ایس پی) یوا مورچہ کے کارکنوں نے اترپردیش حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کا پتلہ پھونکا۔ ایس پی کارکن سول لائن کے سبھاش چوراہے پر اکٹھا ہوکر لکھیم پور کھیری کے واقعہ کی مخالفت میں وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کا پتلہ پھونکا۔ اس دوران ان کی پولیس کے ساتھ نوک جھونک بھی ہوئی۔ پولیس نے آگ لگے پتلے کو بجھانے کی کوشش کی۔ پتلہ جلانے کی کوشش میں اب تک 18کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے اور انہیں پولیس لائن لایا گیا ہے۔
کانگریس نے کیا اجے شرما کی برطرفی اور ان کے بیٹے کی گرفتاری کا مطالبہ
نئی دہلی: کانگریس نے اتر پردیش میں ضلع لکھیم پور کھیری سانحہ کے سلسلے میں مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ اجے مشرا کی فوری برطرفی اور ان کے بیٹے کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ کانگریس کے ترجمان راجیو شکلا نے پیر کو یہاں ایک پریس کانفرنس میں وزیر اعظم نریندر مودی اور ریاست کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے لکھیم پور کھیری میں کسانوں کے ساتھ تشدد کے ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی اور اجے مشرا کو کابینہ سے ہٹانے کا مطالبہ کیا۔
لکھیم پور معاملہ، اکھلیش یادو کو حراست میں لیا گیا
اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو کو حراست میں لے لیا گیا ہے، جس کا سماج وادی پارٹی کے کارکنوں نے زبردست احتجاج کیا۔ اس سے پہلے اکھلیش یادو لکھیم پور کھیری جانے سے روکنے کے بعد لکھنؤ میں اپنے گھر کے باہر دھرنے پر بیٹھ گئے تھےـ
خطہ مراٹھواڑہ میں کورونا وائرس کے مزید 79 نئے معاملے اور دو افراد کی موت
اورنگ آباد: مہاراشٹر کے خطہ مراٹھواڑہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہلاکت خیز کورونا وائرس کے 79 نئے کیس سامنے آئے اور دو مریضوں کی موت ہوگئی۔ خطہ کے ہیلتھ افسران نے پیر کو یہ اطلاع دی۔ خطہ مراٹھواڑہ کے تمام ضلع ہیڈ کوارٹرز سے ملنے والی تفصیلات کے مطابق علاقے کے تمام آٹھ اضلاع میں سے اورنگ آباد گزشتہ 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ متاثر رہا، جہاں کورونا وائرس کے 19 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور دو افراد کی موت ہوگئی۔ اس کے بعد ضلع بیڈ میں 22، ضلع عثمان آباد میں 20، ضلع لاتور میں آٹھ، ضلع پربھنی میں سات، ضلع جالنا میں دو اور ضلع ناندیڑ میں کورونا وائرس کا ایک کیس سامنے آیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔