اہم خبریں: ای ڈی منگل کے روز بھی کرے گی راہل گاندھی سے پوچھ تاچھ!

راہل گاندھی، تصویر آئی اے این ایس
راہل گاندھی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

20 Jun 2022, 9:54 PM

ای ڈی منگل کے روز بھی کرے گی راہل گاندھی سے پوچھ تاچھ!

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے منی لانڈرنگ معاملے میں کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کو منگل کے روز بھی پوچھ تاچھ کے لیے بلایا ہے۔ پیر کے روز راہل گاندھی سے چوتھے دن پوچھ تاچھ ہوئی، لیکن ذرائع کا کہنا ہے کہ ای ڈی کو ابھی کچھ سوالوں کے جواب نہیں ملے ہیں اس لیے انھیں منگل کو بھی بلایا گیا ہے۔

20 Jun 2022, 7:58 PM

کانگریس وفد کی صدر جمہوریہ سے ملاقات، دہلی پولیس کی بدسلوکی کا کیا ذکر

کانگریس لیڈر پی چدمبرم نے صدر جمہوریہ سے ملاقات کے بعد کہا کہ دو عرضداشت صدر جمہوریہ کو دی گئی جس میں دوسری عرضداشت کانگریس لیڈروں پر پولیس مظالم کو لے کر ہے۔ ہم نے صدر جمہوریہ سے اس کی جانچ کرانے اور معاملے کو پارلیمنٹ کے خصوصی اختیارات والی کمیٹی کو بھیجنے کو کہا ہے۔ ہم اپنا معاملہ پیش کریں گے اور دہلی پولیس و وزارت داخلہ کو اپنا معاملہ پیش کرنے دیں گے۔ کمیٹی کو طے کرنے دیں کہ حقوق کی خلاف ورزی ہوئی ہے یا نہیں۔ پی چدمبرم نے کہا کہ ’’صدر جمہوریہ نے ہمیں یقین دلایا ہے کہ وہ اس معاملے پر غور کریں گے اور اسے حکومت کے سامنے اٹھائیں گے۔‘‘

20 Jun 2022, 5:59 PM

اگنی پتھ اسکیم کے خلاف کانگریس کا راشٹرپتی بھون تک احتجاجی مارچ

مرکزی حکومت کے ذریعہ پیش اگنی پتھ بھرتی اسکیم اور راہل گاندھی سے ای ڈی کی پوچھ تاچھ معاملے پر کانگریس کا نمائندہ وفد صدر جمہوریہ سے ملاقات کرنے جا رہا ہے۔ مرکز کے قدم کی مخالفت میں کانگریس لیڈران وجئے چوک سے راشٹرپتی بھون کی طرف مارچ کر رہے ہیں۔


20 Jun 2022, 4:01 PM

مہاراشٹر کے سانگلی میں ایک ہی خاندان کے 9 افراد کی لاشیں برآمد

مہاراشٹر کے سانگلی میں ایک ہی خاندان کے 9 افراد کی لاشیں برآمد ہونے سے سنسنی پھیل گئی ہے۔ پولیس معاملہ کی جانچ کرنے میں مصروف ہو گئی ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق خاندان معاشی قلت سے دو چار تھا اور سبھی افراد نے اجتماعی طور پر زہر پیکر اپنی جان دے دی۔

20 Jun 2022, 1:44 PM

کانگریس پارلیمانی پارٹی کے دفتر میں کانگریس ارکان پارلیمنٹ کا اجلاس طلب

کانگریس پارٹی کی جانب سے پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ کا ایک اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ یہ اجلاس پارلیمنٹ میں واقع کانگریس پارلیمانی پارٹی کے دفتر میں طلب کیا گیا ہے۔ اجلاس کے دوران اہم امور پر غوروخوض کئے جانے کی توقع کی جا رہی ہے۔


20 Jun 2022, 12:38 PM

پرامن مظاہرہ کر رہے کانگریس کارکنان پر پولیس حملہ کر رہی ہے، اشوک گہلوت

کانگریس کے سینئر لیڈر اور وزیر اعلیٰ راجستھان اشوک گہلوت نے کہا، ’’لگاتار چوتھے دن پرامن مظاہرہ کر رہے کانگریس کارکنان پر پولیس حملہ کر رہی ہے۔ انہیں روک رہی ہے۔‘‘ خیال رہے کہ راہل گاندھی کو ای ڈی کی جانب سے چوتھی مرتبہ پوچھ گچھ کے لئے طلب کیا گیا ہے، کانگریس کارکنان ای ڈی کی اس کارروائی کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔

20 Jun 2022, 11:20 AM

ای ڈی دفتر پہنچے راہل گاندھی، آج پھر ہوگی پوچھ گچھ

راہل گاندھی سوالات کا سامنا کرنے کے لئے ای ڈی کے دفتر پہنچ چکے ہیں۔ نیشنل ہیرالڈ معاملہ میں ان سے 3 دنوں تک لگاتار پوچھ گچھ کی جا چکی ہے۔ اس معاملہ پر کانگریس کی جانب سے لگاتار احتجاج کیا جا رہا ہے۔


20 Jun 2022, 10:52 AM

جنتر منتر پر کانگریس کے ستیہ گرہ میں پارٹی کی متعدد لیڈران شامل

ای ڈی کی طرف سے راہل گاندھی کو طلب کئے جانے اور اگنی پتھ اسکیم کے خلاف کانگریس کے جنتر متر پر ستیہ گرہ میں پارٹی کے متعدد لیڈران شرکت کر رہے ہیں۔ ستیہ گرہ میں ملکارجن کھڑگے، سلمان خورشید، کے سریش، وی نارائن سامی اور دیگر لیڈران پہنچ چکے ہیں۔

20 Jun 2022, 9:26 AM

اگنی پتھ کے خلاف کانگریس لیڈران کا ستیہ گرہ جاری، صدر کو پیش کریں گے مکتوب

ملک بھر میں اگنی پتھ کے خلاف چل رہے احتجاج اور بند کے درمیان کانگریس پارٹی دہلی کے جنتر منتر پر ستیہ گرہ کر رہی ہے۔ پارٹی کے ستیہ گرہ کا آج دوسرا دن ہے۔ گزشتہ روز پرینکا گاندھی سمیت متعدد اہم لیڈران نے دھرنے میں شرکت کی تھی۔ اس سلسلہ میں کانگریس لیڈر اجے ماکن نے کہا، ’’ہم جنتر منتر پر ستیہ گرہ کریں گے اور شام کو پانچ بنے صدر کے نام مکتوب پیش کرتے ہوئے اگنی پتھ اسکیم کو واپس لینے کا مطالبہ کیا جائے گا۔ اسکیم لانے سے قبل نوجوانوں سے بات چیت ہونی چاہئے اور پارلیمنٹ میں بھی بحث ہونی چائے، اسے واپس لیا جانا چاہئے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔