اہم خبریں: 'اگنی پتھ' کے خلاف بہار بند کے دوران کئی مقامات پر پرتشدد مظاہرے، اب تک 620 افراد گرفتار
'اگنی پتھ' کے خلاف بہار بند کے دوران کئی مقامات پر پرتشدد مظاہرے، اب تک 620 افراد گرفتار
اگنی پتھ اسکیم کے خلاف بہار میں بند کے دوران کئی مقامات پر تشدد دیکھا گیا۔ جہاں پتھراؤ کے ساتھ ساتھ گاڑیوں کو آگ لگا دی گئی۔ تین دن سے بہار سمیت ملک کے مختلف حصوں میں ہنگامہ جاری ہے۔ ادھر بہار پولیس نے شرپسندوں کے خلاف کارروائی شروع کر دی ہے۔ پولیس نے اب تک 620 افراد کو گرفتار کیا ہے اور 130 ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔
اگنی پتھ احتجاج، سکندرآباد ریلوے نے دوسرے دن بھی کئی ٹرینیں منسوخ کر دیں
جمعہ کو سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پر پُرتشدد اگنی پتھ احتجاج اور آندھرا پردیش کے بڑے ریلوے اسٹیشنوں پر اسی طرح کے احتجاج کے اندیشے کی وجہ سے ہفتہ کو کئی ٹرینیں منسوخ کر دی گئیں۔ ریلوے حکام نے کچھ ٹرینوں کو جزوی طور پر منسوخ یا ان ٹرینوں کا رخ موڑ دیا ہے یا پھر ری شیڈول کیا۔
مرکزی حکومت کے ایجنسیوں کے غلط استعمال کے باوجود ہمارے تمام ایم ایل سی امیدوار فتح یاب ہوں گے، نانا پٹولے
کانگریس لیڈر نانا پٹولے نے کہا ’’مہا وکاس اگھاڑی (ایم وی اے) کے تمام 6 ایم ایل سی امیدوار فتح یاب ہوں گے۔ مرکزی حکومت مرکزی حکومت مرکزی ایجنسیوں کا غلط استعمال کر رہی ہے۔ راجیہ سبھا کی پولنگ کے دوران دھمکیاں دی گئیں اور اب بھی دی جا رہی ہیں۔ ہم یہ بات ثبوتوں کی بنیاد پر کہہ رہے ہیں اور وقت پر ہم انہیں عوامی کریں گے۔‘‘
اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار نہیں ہوں گے فاروق عبداللہ، نام واپس لینے کا اعلان
کشمیر سے تعلق رکھنے والے نیشنل کانفرنس کے لیڈر فاروق عبداللہ نے صدارتی انتخابات کے لئے خود کو اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار بنائے جانے کے امکان کو خارج کر دیا۔ اپنے نام کو واپس لینے کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ اس وقت جموں و کشمیر ایک نازک مرحلہ سے گزر رہا ہے اور اس غیر یقینی صورت حال کو حل کرنے میں میری کاوشیں درکار ہیں۔‘‘
انہوں نے کہا کہ آگے مجھے کافی فعال سیاست کرنی ہے اور میں جموں و کشمیر اور ملک کی خدمت میں مثبت حصہ ڈالنے کا خواہاں ہوں۔ میرا نام تجویز کرنے کے لیے میں ممتا دیدی کا شکر گزار ہوں۔ میں ان تمام سینئر لیڈروں کا بھی شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے اپنی حمایت کی پیشکش کی۔‘‘
امن کی راہ پر چل کر اپنی آواز اٹھائیں، سونیا گاندھی کا نوجوانوں کو پیغام
کانگریس صدر سونیا گاندھی نے اگنی پتھ کے خلاف احتجاج کرنے والے نوجوانوں کے نام پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے آپ کی آواز کو نظرانداز کرتے ہوئے نئی اسکیم کا اعلان کر دیا، جوکہ پوری طرح بے سمت ہے۔
پارٹی کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش کے توسط سے جاری کردہ پیغام میں سونیا گاندھ نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عدم تشدد اور امن کی راہ پر چلتے ہوئے احتجاج کریں۔ انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ انڈین نیشنل کانگریس آپ کے ساتھ ہے۔
کابل میں گردوارے پر حملہ، وزیر اعلیٰ پنجاب بھگونت مان کی مذمت
افغانستان کے دار الحکومت کابل میں واقع گردوارے پر حملہ کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب بھگونت مان نے اس واقعہ کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں گزشتہ 3-4 مہینے سے اقلیتوں پر حملے ہو رہے ہیں۔ میں وزارت خارجہ اور وزیر اعظم سے اپیل کرتا ہوں کہ افغان سفیر کو طلب کر کے یہ پیغام دیں کہ حکومت ہند اقلیتوں کی حفاظت کے لئے کھڑی ہے۔
پون کھیڑ کانگریس پارٹی کے نئے شعبہ مواصلات میں چیئرمین میڈیا اور پبلسٹی مقرر
کانگریس لیڈر پون کھیڑا کو پارٹی کے نئے شعبہ مواصلات میں چیئرمین میڈیا اور پبلسٹی مقرر کیا گیا ہے۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے پریس بیان جاری کر کے اس کی اطلاع دی۔
اگنی پتھ اسکیم کے خلاف جنتر منتر پر ستیہ گرہ کریں گے کانگریس لیڈران
کانگریس نے اگنی پتھ اسکیم کے خلاف احتجاج کر رہے نوجوانوں سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی نے اعلان کیا ہے کہ نوجوانوں کی حمایت میں کل 19 جون کو جنتر منتر پر ستیہ گرہ کیا جائے گا۔ اس ستیہ گرہ میں پارٹی کے تمام ارکان پارلیمنٹ، سی ڈبلیو سی کے ارکان اور اے آئی سی سی کے عہدیدار شرکت کریں گے۔
ہندوستان میں کورونا کے 13216 نئے کیسز دردج، 23 اموات
مرکزی وزارت صحت کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 13216 نئے کیسز درج کئے گئے ہیں۔ اس دوران 8148 مریضوں نے شفایابی حاصل کر لی جبکہ 23 افراد کی جان چلی گئی۔ ملک بھر میں فعال کیسز کی تعداد 68108 ہو گئی ہے۔
مرکزی مسلح پولیس فورسز اور آسام رائفلز میں اگنی ویروں کے لئے 10 فیصد ریزرویشن کا اعلان
فوج کی نئی بھرتی اسکیم ’اگنی پتھ‘ کے خلاف سڑکوں پر کی جاری ہنگامہ آرائی کے درمیان وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ مرکزی مسلح پولیس فورسز (سی اے پی ایف) اور آسام رائفلز کی بھرتی میں اگنی ویروں کو 10 فیصد ریزرویشن فراہم کیا جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔