اہم خبریں: اعظم خان رامپور اسمبلی کے ضمنی انتخاب میں نہیں ڈال سکیں گے ووٹ
اعظم خان رامپور اسمبلی کے ضمنی انتخاب میں نہیں ڈال سکیں گے ووٹ
رامپور: الیکٹورل رجسٹریشن آفیسر نے احکامات جاری کیے ہیں کہ ایس پی لیڈر محمد اعظم خان کا ووٹ ووٹر لسٹ سے کاٹ دیا جائے، اس لئے رامپور اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں اب اعظم خان ووٹ نہیں ڈال سکیں گے، خبروں کے مطابق بی جے پی امیدوار آکاش سکسینہ نے الیکٹورل رجسٹریشن آفیسر کو خط لکھا تھا کہ اعظم کا نام ووٹر لسٹ سے کاٹا جائے، جس کے بعد یہ کارروائی عمل میں آئی ہے، انہوں نے آر پی ایکٹ کا حوالہ دیتے ہوئے اعظم خان کو ووٹ کے حق سے محروم کرنے کا مطالبہ کیا تھا، انہوں نے اعظم خان کو ہوئی سزا کا بھی حوالہ دیا تھا۔
غازی آباد کی ڈاسنا جیل میں 140 قیدی ایچ آئی وی پازیٹو، جیل انتظامیہ میں مچی افرا تفری
اتر پردیش کے غازی آباد ضلع واقع ڈاسنا جیل میں 140 قیدی ایچ آئی وی پازیٹو پائے گئے ہیں۔ جیل کے 5500 قیدیوں کی جانچ کرائی گئی تھی جن میں سے 140 کی رپورٹ پازیٹو ہے۔ علاوہ ازیں 17 قیدیوں میں ٹی وی کی علامات بھی پائی گئی ہیں۔ اس خبر کے پھیلنے کے بعد جیل انتظامیہ سے لے کر محکمہ صحت تک افرا تفری مچ گئی ہے۔ جیل انتظامیہ نے اب سبھی قیدیوں کی جانچ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
شردھا قتل معاملہ کے ملزم آفتاب کی حراست میں 5 دنوں کی توسیع
دہلی کی ایک عدالت نے شردھا قتل واقعہ کے ملزم آفتاب کی پولیس حراست اگلے 5 دنوں کے لیے بڑھا دی ہے۔ پولیس نے عدالت میں بتایا کہ ملزم آفتاب کو جانچ کے لیے اتراکھنڈ اور ہماچل پردیش لے جایا جانا ہے۔ عدالت نے ملزم آفتاب کے نارکو اینالیسس ٹیسٹ کی اجازت والی پولیس کی عرضی بھی منظور کر لی۔
گیان واپی مسجد معاملہ: وارانسی کورٹ نے ہندو فریق کی عرضی کو قابل سماعت قرار دیا
گیان واپی معاملے میں وارانسی کورٹ نے مسلم فریق کو ایک بار پھر زوردار جھٹکا دیا ہے۔ عدالت نے ہندو فریق کے ذریعہ داخل عرضی کو قابل سماعت قرار دیا ہے۔ دراصل مسلم فریق نے کہا تھا کہ معاملہ سننے لائق ہے ہی نہیں، اور اس تعلق سے اپنی طرف سے عرضی عدالت میں داخل کی تھی۔ مسلم فریق کی اس عرضی کو ضلع کورٹ نے خارج کر دیا۔
منی لانڈرنگ معاملے میں ستیندر جین کو ضمانت دینے سے عدالت نے کیا انکار
دہلی کی ایک عدالت نے منی لانڈرنگ کے ایک معاملے میں عآپ لیڈر ستیندر جین اور دو دیگر افراد کو ضمانت دینے سے جمعرات کو انکار کر دیا ہے۔ عدالت کا یہ فیصلہ ستیندر جین کے لیے ایک زوردار جھٹکا تصور کیا جا رہا ہے۔
شردھا قتل معاملہ میں آفتاب نے دہلی پولیس کے سامنے اپنا جرم قبول کیا
شردھا قتل معاملہ میں ایک اہم خبر سامنے آ رہی ہے۔ دہلی پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم آفتاب نے پولیس کے سامنے اس بات کا اعتراف کر لیا ہے کہ شناخت چھپانے کے لیے اس نے شردھا کی لاش کے ٹکڑے کرنے کے بعد اس کا چہرہ جلا دیا تھا۔ اس نے یہ بھی قبول کیا ہے کہ اس نے قتل کے بعد لاش کو ٹھکانے لگانے کے طریقے انٹرنیٹ پر تلاش کیے تھے۔
گوتم نولکھا کی نظربندی کا معاملہ ایک بار پھر سپریم کورٹ پہنچا
مشہور و معروف سماجی کارکن گوتم نولکھا کی نظربندی کا معاملہ ایک بار پھر سپریم کورٹ پہنچ گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس معاملے پر سپریم کورٹ کل یعنی 18 نومبر کو سماعت کرے گی۔ دراصل گوتم نولکھا کو عدالت کے حکم کے باوجود ابھی تک جیل سے گھر میں نظربند کے لیے نہیں بھیجا گیا ہے۔
ہیٹ اسپیچ معاملے میں اعظم خان کو لگا جھٹکا، ہائی کورٹ سے عرضی خارج
الٰہ آباد ہائی کورٹ نے ہیٹ اسپیچ معاملے میں سماجوادی پارٹی لیڈر اعظم خان کی عرضی کو خارج کر دیا ہے۔ اعظم خان نے 2019 کے ہیٹ اسپیچ معاملے میں چل رہے مقدمے پر روک لگانے کا مطالبہ کرتے ہوئے عرضی داخل کی تھی۔ رامپور کی ایک اسپیشل کورٹ نے انھیں اکتوبر 2022 میں اس معاملے میں قصوروار ٹھہرایا تھا۔ عدالت نے انھیں تین سال کی جیل کی سزا بھی دی تھی۔ اس فیصلے کے بعد اعظم خان کی عرضی بے معنی ہو گئی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔