اہم خبریں LIVE: ایم سی ڈی الیکشن میں 14 مسلم امیدوار ہوئے کامیاب، 9 مسلم خواتین نے لہرایا فتح کا پرچم
ایم سی ڈی الیکشن میں 14 مسلم امیدوار ہوئے کامیاب، 9 مسلم خواتین نے لہرایا فتح کا پرچم
دہلی میونسپل کارپوریشن الیکشن کا نتیجہ برآمد ہو چکا ہے اور اب سبھی سیٹوں کو لے کر پارٹیوں کا جائزہ شروع ہو گیا ہے۔ اس درمیان خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ دہلی میونسپل کارپوریشن میں اس بار 14 مسلم امیدواروں نے فتح یابی حاصل کی ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ ان 14 مسلم امیدواروں میں 9 خواتین شامل ہیں۔ یعنی 5 مرد مسلم امیدواروں کو اس بار کامیابی ملی ہے۔
دوسرے یک روزہ میچ میں بھی بنگلہ دیش نے ہندوستان کو دی شکست، سیریز پر0-2 سے قبضہ
تین یک روزہ میچوں کی کرکٹ سیریز کے شروعاتی دونوں میچ میں بنگلہ دیش نے ہندوستان کو شکست دے دی ہے۔ آج دوسرے میچ میں بنگلہ دیش کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور 50 اوور میں 271 رن کا اسکور کھڑا کیا۔ 272 رن کے ہدف کا پیچھا کرنے کے لیے ہندوستان کی طرف سے اوپننگ بلے باز وراٹ کوہلی اور شکھر دھون اترے تھے لیکن وراٹ کوہلی محض 5 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد شکھر دھون بھی محض 8 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ شریئس ایر نے 82 رن بنا کر اور اکشر پٹیل نے 56 رن بنا کر ہندوستان کی امیدیں زندہ رکھیں، لیکن دیگر بلے باز کچھ خاص نہیں کر سکے۔ کپتان روہت شرما چونکہ فیلڈنگ کرتے ہوئے زخمی ہو گئے تھے اس لیے وہ 7 وکٹ گرنے کے بعد بلے بازی کرنے اترے۔ یہاں جب ہندوستان کی شکست یقینی دکھائی دے رہی تھی تو کپتان روہت شرما نے تیز طرار ناٹ آؤٹ 51 رن (28 گیندوں پر) کی اننگ کھیلی۔ آخری گیند پر 6 رن کی ضرورت تھی لیکن روہت شرما مستفیض الرحمن کی یارکر گیند پر بڑا شاٹ لگانے میں ناکام ہو گئے۔ دوسرے یک روزہ میچ میں 5 رن سے جیت کے ساتھ ہی بنگلہ دیش نے 3 میچوں کی سیریز پر 0-2 سے قبضہ کر لیا ہے۔ آخری میچ 10 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔
راجیہ سبھا کی کارروائی جمعرات کی صبح 11 بجے تک کے لیے ملتوی
آج سے پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کا آغاز ہو چکا ہے۔ اس درمیان خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ راجیہ سبھا کی کارروائی 7 دسمبر یعنی کل 11 بجے تک کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے۔
عام آدمی پارٹی نے اکثریت کا ہندسہ عبور کیا، 126 سیٹیں جیتیں
دہلی ایم سی ڈی میں عام آدمی پارٹی کی سرکار، رجحانات میں بی جے پی پیچھے
دہلی ایم سی ڈی میں عام آدمی پارٹی کی حکومت بنتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ دہلی ایم سی ڈی کی 196 سیٹوں کے نتائج آ چکے ہیں۔ عام آدمی پارٹی نے 106 سیٹیں جیتی ہیں۔ بی جے پی نے 84 سیٹیں جیتی ہیں۔ کانگریس نے 5 سیٹیں جیتی ہیں۔ آزاد امیدوار نے ایک سیٹ حاصل کی ہے۔ عآپ فی الحال 26، بی جے پی 20، کانگریس 5 اور آزاد امیدوار 3 سیٹوں پر آگے ہے۔
ایم سی ڈی میں اب تک عآپ کا 89 سیٹوں پر قبضہ، 47 پر آگے، بی جے پی 47 پر فتحیاب، 32 سیٹوں پر آگے
دہلی ایم سی ڈی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ اب تک عام آدمی پارٹی نے 89 سیٹیں جیت لی ہیں جبکہ اسے 47 سیٹوں پر سبقت حاصل ہے۔ وہیں بی جے پی نے اب تک 47 سیٹوں پر جیت حاصل کی ہے جبکہ وہہ 32 سیٹوں پر آگے چل رہی ہے۔ کانگریس اب تک چار سیٹیں جیت چکی ہے اور 5 پر آگے ہے۔
ایم سی ڈی انتخابات میں بی جے پی 32 اور عام آدمی پارٹی 31 سیٹوں پر فتح یاب
رجحانات میں بی جے پی اور عآپ میں سخت مقابلہ
دہلی ایم سی ڈی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی صبح 8 بجے سے جاری ہے۔ ایک گھنٹے کے بعد بی جے پی اور عام آدمی پارٹی میں سخت مقابلہ نظر آ رہا ہے۔ ریاستی الیکشن کمیشن کے مطابق فی الحال بی جے پی 107 سیٹوں پر، بی جے پی 95 پر اور کانگریس 9 سیٹوں پر آگے چل رہی ہے۔
دہلی ایم سی ڈی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی جاری، ابتدائی رجحانات میں بی جے پی اور عآپ میں مقابلہ
دہلی ایم سی ڈی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ ابتدائی رجحانات میں عآپ اور بی جے پی میں مقابلہ چل رہا ہے۔ پہلے عآپ آگے چل رہی تھی، تاہم اب بی جے پی 55 سیٹوں پر، عآپ 20 سیٹوں پر آگے چل رہی ہے۔ کانگریس تیسرے مقام پر ہے اور تین سیٹوں پر آگے چل رہی ہے۔
ایم سی ڈی الیکشن کے ووٹوں کی گنتی کے پیش نظر سیکورٹی کے سخت انتظامات
کمیشن نے انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے دہلی میں سیکورٹی انتظامات میں دہلی پولیس، پیرا ملٹری اور ہوم گارڈ کے 84,000 اہلکاروں کو تعینات کیا تھا۔ دہلی پولیس کے 55 ہزار، سی آر پی ایف، ایس ایس بی، آئی ٹی بی پی اور بی ایس ایف کی 108 کمپنیاں یعنی تقریباً 8 ہزار اہلکار اور 21 ہزار ہوم گارڈ اہلکار تعینات تھے۔ اس بار پولنگ تقریباً 50 فیصد رہی اور اسے حکومت مخالف لہر کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
دارالحکومت دہلی میں حد بندی کے بعد اس سال کے شروع میں شمالی، جنوبی اور مشرقی دہلی میونسپل کارپوریشنوں کو ملا کر دہلی میونسپل کارپوریشن کوتشکیل دیا گیا تھا۔ اس کے بعد یہ پہلا الیکشن ہے۔
دہلی میونسپل کارپوریشن کے 250 وارڈوں کے لیے ووٹوں کی گنتی شروع
قومی راجدھانی دہلی میں کارپوریشن انتخابات کے لئے ووٹوں کی گنتی آج صبح 8 بجے شروع ہو گئی۔ الیکشن کمیشن نے ووٹوں کی گنتی کے لیے 42 گنتی مراکز قائم کیے ہیں۔
کمیشن کے مطابق ووٹوں کی گنتی کے لیے 68 انتخابی مبصرین تعینات کیے گئے ہیں۔ گنتی مراکز کے باہر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ ووٹوں کی گنتی کا عمل ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے امیدواروں یا ان کے نمائندوں کی موجودگی میں کیا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ کمیشن نے 136 انجینئرز کو بھی تعینات کیا ہے۔ ووٹوں کی گنتی 1349 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کرنے جا رہی ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) گزشتہ 15 سالوں سے دہلی میونسپل کارپوریشن میں برسراقتدار ہے۔ 4 دسمبر کو ہونے والے انتخابات کے لیے دہلی میں 250 وارڈوں کے لیے کل 13,665 بوتھ سینٹر بنائے گئے تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔