کامیڈین کنال کامرا پر ’انڈیگو‘ نے لگائی پابندی، مرکزی وزیر ہردیپ پوری نے کہا ’سبھی ائیرلائنس اٹھائیں ایسا قدم‘
کنال کامرا پر ’انڈیگو‘ نے لگائی پابندی، شہری ہوابازی کے وزیر نے کہا ’سبھی ائیرلائنس اٹھائیں ایسا قدم‘
اسٹینڈ اَپ کامیڈین کنال کامرا پر ہوائی سفر کے دوران صحافی ارنب گوسوامی پر تبصرہ کرنے کے لیے انڈیگو نے 6 مہینے کی پابندی عائد کر دی ہے۔ گویا کہ چھ مہینے تک کنال کامرا انڈیگو کے خدمات کا فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے۔ اس قدم کے اٹھائے جانے کی مرکزی وزیر برائے شہری ہوابازی ہردیپ سنگھ پوری نے تعریف کی ہے اور دیگر ائیر لائنز کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بھی کنال کامرا کے خلاف اسی طرح کی کارروائی کریں۔
شاہین باغ مظاہرہ: پستول لے کر پہنچا مشتبہ شخص کو مظاہرین نے پیٹ پیٹ کر بھگایا
دہلی کے شاہین باغ میں شہریت قانون اور این آر سی کے خلاف مظاہرہ جاری ہے۔ اس درمیان مظاہرین کے درمیان ایک مشتبہ شخص پستول لے کر پہنچ گیا۔ کسی کی نظر اس کے پستول پر پڑ گئی اور پھر ہنگامہ برپا ہو گیا۔ لیکن مظاہرین نے اس شخص کو پکڑ کر پٹائی کر دی اور وہاں سے بھگا دیا۔ دہلی پولس ذرائع کے حوالے سے یہ اطلاع خبر رساں ادارہ اے این آئی نے دی ہے۔
پرشانت کشور کے بغاوتی تیور پر نتیش کمار نے کہا ’امت شاہ کے کہنے پر پارٹی میں کیا تھا شامل‘
جنتا دل یو کے نائب صدر پرشانت کشور لگاتار شہریت قانون اور این آر سی کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں اور بی جے پی کے سینئر لیڈروں کو تنقید کا نشانہ بھی بنا رہے ہیں۔ ان کے بیانات کی وجہ سے نتیش کمار عجیب و غریب کیفیت میں مبتلا ہیں اور انھیں کچھ بولتے نہیں بن رہا ہے۔ اب اس سلسلے میں نتیش کمار نے ایک بڑا بیان دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’کسی نے چٹھی لکھی، میں نے اسے جواب دیا، کوئی ٹوئٹ کر رہا ہے تو اسے ٹوئٹ کرنے دو۔ مجھے اس کے ساتھ کیا کرنا ہے؟ پارٹی (جے ڈی یو) میں کوئی بھی تب تک رہ سکتا ہے جب تک وہ چاہے، وہ چاہے تو جا سکتا ہے۔ کیا آپ جانتے ہیں کہ آپ پارٹی میں کیسے شامل ہوئے؟ امت شاہ نے مجھے اسے شامل کرنے کے لیے کہا۔‘‘
کرناٹک: بیدر کے ایک ادارہ میں سی اے اے-این آر سی پر منعقد ہوا ڈرامہ، کیس درج
کرناٹک میں بیدر پولس نے 27 جنوری کو شہر کے شاہین ایجوکیشن انسٹی ٹیوٹ آف بیدر کے خلاف شہریت قانون و این آر سی پر مبنی ایک ڈرامہ پلے کیے جانے کے خلاف کارروائی کی ہے۔ اس ڈرامہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کیا گیا تھا جس کے بعد یہ کیس درج کیا گیا۔ الزام ہے کہ شہریت قانون اور این آر سی کے خلاف ڈرامہ میں وزیر اعظم نریندر مودی کی شبیہ کسی ویلن جیسی دکھائی گئی ہے۔ اس ڈرامہ کو اسٹیج پر گزشتہ اتوار کو پیش کیا گیا تھا۔
شہریت قانون: شاہین باغ مظاہرہ ختم کرانے کی پولس نے پھر کی کوشش، بھیڑ دیکھ ہوئی واپس
آج ایک بار پھر پولس کی ایک ٹیم نے دہلی کے شاہین باغ میں جمع خاتون مظاہرین سے بات کر کے انھیں دھرنا ختم کرنے کے لیے کہا لیکن انھوں نے ایسا کرنے سے صاف انکار کر دیا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق پولس کے ساتھ سول ڈریس میں بھی کچھ لوگ تھے جو خاتون مظاہرین کو دھرنا ختم کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہے تھے لیکن اس وقت خاتون مظاہرین کی ایک بھیڑ سامنے کھڑی ہو گئی اور دھرنا ختم کرنے سے منع کر دیا۔ ان خواتین کے ساتھ مرد بھی بڑی تعداد میں آ گئے جس کے بعد پولس کو مجبوراً وہاں سے واپس لوٹنا پڑا۔
بہار کے جہان آباد سے دہلی کرائم برانچ نے شرجیل امام کو کیا گرفتار
دہلی کرائم برانچ کی ٹیم نے بہار کے جہان آباد واقع کاکو تھانہ علاقہ سے جے این یو طالب علم شرجیل امام کو گرفتار کر لیا ہے۔ شرجیل امام پر اشتعال انگیز بیان دینے کا الزام عائد کیا گیا ہے گزشتہ کچھ دنوں سے اس کی گرفتاری کے لیے کوششیں ہو رہی تھیں۔
مودی حکومت نے 2 کروڑ روزگار کا وعدہ کیا لیکن 1 کروڑ لوگوں کو بے روزگار کر دیا: راہل گاندھی
راجستھان کی راجدھانی جے پور میں ’یوا آکروش ریلی‘ کو خطاب کرتے ہوئے کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے کہا کہ پی ایم مودی نے 2 کروڑ روزگار کا وعدہ کیا تھا، لیکن عالم یہ ہے کہ گزشتہ ایک سال میں ان کی حکومت نے 1 کروڑ روزگار چھین لیا۔
راہل گاندھی نے لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ملک کی حالت کے بارے میں اس ملک کا ہر نوجوان جانتا ہے اور پہچانتا ہے۔ ہر ملک کے پاس کوئی نہ کوئی پونجی ہوتی ہے۔ ہمارے ملک کے پاس کروڑوں نوجوان ہیں۔ ہمارے پاس تیل نہیں ہے۔ امریکہ کا مقابلہ ہم اسلحوں سے نہیں کر سکتے ہیں، لیکن ہمارے پاس ہمارے نوجوان ہیں جو ہماری پونجی ہیں۔ پورا ملک اور پوری دنیا اس بات کو مانتی ہے کہ ہندوستان کا نوجوان پوری دنیا کو بدل سکتا ہے۔ امریکہ کے صدر اوباما نے کہا تھا کہ ہندوستان اور چین کا مقابلہ امریکہ نہیں کر سکتا ہے۔‘‘
اتر پردیش: اناؤ میں ایک لڑکی نے لڑکے کے اوپر پھینکا تیزاب، لڑکا داخل اسپتال
اتر پردیش کے اناؤ واقع بھاوی گنج علاقہ میں پیر کے روز ایک لڑکی نے لڑکے پر تیزاب پھینک دیا۔ اناؤ کے اے ایس پی نے اس سلسلے میں بتایا کہ ’’ہمیں پتہ چلا ہے کہ وہ کئی مہینوں سے ایک دوسرے کے رابطے میں تھے اور پڑوسی تھے۔ لڑکے کو علاج کے لیے اسپتال بھیج دیا گیا ہے اور لڑکی سے پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔‘‘ پولس کا کہنا ہے کہ لڑکی کے خلاف شکایت ملتے ہی کارروائی کی جائے گی۔
سردار پورہ تشدد: قصورواروں کو مذہبی کام کرنے کی شرط کے ساتھ ضمانت
نئی دہلی: سپریم کورٹ نے 2002 کے گجرات فسادات کے دوران سردار پورہ تشدد کے 17 قصورواروں کو کچھ مختلف طرح کی شرائط کے ساتھ ضمانت پر رہا کرنے کی منگل کو ہدایت دی۔ چیف جسٹس شرد اروند بوبڈے، جسٹس بی آر گوئی اور جسٹس سوريہ كانت کی بنچ نے قصورواروں کو مذہبی اور سماجی کام کرنے کی ہدایت دی۔ بنچ کی ضمانت کی شرائط کے مطابق کچھ مجرم اندور اور کچھ جبل پور میں رہ کر مذہبی اور سماجی کام کریں گے۔
عدالت نے ان مجرموں کو دو گروپ میں تقسیم کیا ہے اور اندور اور جبل پور کے ضلع انتظامیہ کے حکام کو اس بات کا یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے کہ وہ معلوم کریں کہ آیا یہ مجرم مذہبی اور سماجی کام کر رہے ہیں یا نہیں۔ عدالت عظمیٰ نے افسران کو ان کی روزی روٹی کا انتظام کرنے کا بھی حکم دیا۔ بنچ نے ریاستی لا سروسز اتھارٹی کے حکم پر عمل سے متعلق رپورٹ اور ان کی روزی روٹی کے بارے میں بھی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔
امریکہ نے عراق کو ہتھیاروں کی سپلائی پر لگائی روک
واشنگٹن: امریکہ نے عراق کے ساتھ بڑھتی کشیدگی کے درمیان اس ملک کو سبھی طرح کی ہتھیاروں کی سپلائی پر روک لگادی ہے۔ امریکی نیوز ویب سائٹ ڈیفنس نے فضائیہ کے ترجمان برائن بریکینس کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں یہ جانکاری دی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عراق کو نئے ایف۔16 بیڑے کی سپلائی پر بھی روک لگادی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق بریکینس نے کہا کہ عراق میں ماحول بہتر ہونے پر یہ روک ہٹالی جائے گی۔
اس سے قبل عراق کے بغداد میں واقع امریکی سفارتخانے کے علاقے میں اتوار کے روز تین میزائل داغے گئے تھے۔ ان میں سے ایک میزائل سے سفارخانے کے ریستوراں کو نشانہ بنایا گیا تھا، جس میں کئی لوگ زخمی ہوئے تھے۔ واضح رہے کہ عراق کی پارلیمنٹ نے جنوری کے آغاز میں ملک سے سبھی غیر ملکی فورس کو باہر کرنے کے لئے ووٹ کیا تھا۔ اس کی اہم وجہ امریکہ کے ذریعہ گزشتہ دنوں بغداد میں ایک مہم میں عراقی شیعہ ملیشیا کے ڈپٹی کمانڈر ابو مہدی المہندس اور ایران کے اعلی جنرل قاسم سلیمانی کو ہلاک کیا جانا تھا۔
پاکستان میں سلنڈر پھٹنے سے عمارت منہدم، 7 افراد ہلاک
اسلام آباد: لاہور کے فیروز والہ میں واقع ایک فیکٹری میں سلنڈر پھٹنے سے عمارت زمین بوس ہوگئی، جس کے نتیجہ میں 7 افراد ہلاک ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق لاہور کے نزدیک واقع فیروز والہ کے علاقہ کے کالا خطائی روڈ پر گیس سلنڈر پھٹنے کے باعث زور دار دھماکہ ہوا اور فیکٹری کی عمارت زمین بوس ہوگئی۔ آگ لگنے اور عمارت گرنے کے نتیجے میں کم از کم سات افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ متعدد زخمی ہیں۔ امدادی ذرائع کے مطابق مرنے والوں میں ایک خاتون اور دو بچے بھی شامل ہیں، ایک مزدور زخمی ملا ہے جسے اسپتال روانہ کردیا گیا ہے۔
امدادی ذرائع کے مطابق فیکٹری تقریباً دو کنال رقبہ پر پھیلا ہے، جس میں شدید آگ لگی گئی، آگ کی شدت دیکھتے ہوئے فیکٹری سے ملحقہ مکانوں کو بھی خالی کرالیا گیا جبکہ آگ پر قابو پانے کے لیے فائربریگیڈ کی10 فائر بریگیڈ کی گاڑیاں طلب کی گئیں۔
کورونا وائرس جان لیوا مرض، اب تک 106 افراد کے مرنے کی تصدیق
بیجنگ: چین سے شروع اور پھیلنے والا خطرناک کرونا وائرس جان لیوا مرض میں تبدیل ہوچکا ہے۔ اس وائرس سے چین میں ہلاک اور متاثرہ افراد کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے جبکہ دیگر ملکوں میں بھی مریضوں میں اس وائرس کی تشخیص سامنے آرہی ہے۔ چین میں کرونا وائرس سے مزید 24 افراد ہلاک ہوگئے جس کے بعد مجموعی طور پر چین میں وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 106 ہوگئی ہے۔
حکام کے مطابق 1300 نئے کیسز اور سامنے آئے ہیں جن کے بعد چین میں مہلک وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔ دارالحکومت بیجنگ میں بھی کرونا وائرس سے پہلی ہلاکت رپورٹ مل چکی ہے اور مرنے والی بچی کی عمر 9 ماہ تھی۔ جرمنی میں بھی کرونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آگیا ہے۔ دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ نے اپنے شہریوں کو چین کے سفر پر نظرثانی کی ہدایت کی ہے۔ دنیا بھر میں کئی ممالک اپنے ایئرپورٹس پر وائرس سے بچاؤ کے لیےحفاظتی اقدامات کررہے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔