اہم خبریں: مایاوتی نے خفیہ طور پر بی جے پی سے سمجھوتہ کر رکھا ہے... کانگریس
مایاوتی نے بی جے پی سے سمجھوتہ کر رکھاہے: اجے کمار للو
وارانسی:: اترپردیش کانگریس کے ریاستی صدراجے کمار للو نے بی ایس پی سپریمو مایاوتی پر حکمراں جماعت بی جے پی سے اندرونی سمجھوتہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ’’سی اے اے کی مخالفت میں کانگریس کی جانب سے بلائی گئی آل پارٹی میٹنگ میں بی ایس پی کے شامل نہ ہونے سے اس کا اصلی چہرہ ظاہر ہو گیا۔‘‘
کانگریس ریاستی صدر نے پیر کو یہاں صحافیوں کے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سونیا گاندھی کی جانب سے نئی دہلی میں بلائی گئی میٹنگ میں متعدد پارٹیوں نے حصہ لیا لیکن مایاوتی کا اس سے کنارہ کشی اختیار کرنا اس بات کا پتہ دیتا ہے کہ غریبوں، اقلیتوں سے جڑے مسائل کے تئیں بی ایس پی سربراہ بالکل بھی سنجیدہ نہیں اور اندر خانے حکمراں جماعت سے سمجھوتہ کر رکھا ہے۔
ریاستی صدر نے کہا کہ بی ایس پی سربراہ کے خلاف کئی مرکزی ایجنسیاں جانچ کررہی ہیں اور اسی وجہ سے وہ بی جے پی سے خائف ہیں اور اس کی ایجنٹ کی طرح کام کررہی ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی ایس پی کبھی بھی عوامی مسائل کو لے کر عوام کے درمیان نہیں آئی۔ وہ مسائل کے نیچے دبے عوام کو گمراہ کر رہی ہے۔ انہوں نے بی ایس پی پر بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کے سپنوں کے خلاف کام کرنے کا الزام لگایا۔
دہلی: انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی معاملہ میں اب تک 21 ایف آئی آر درج
چیف الیکٹورل افسر نے میڈیا کو جانکاری دی ہے کہ دہلی اسمبلی انتخابات کے پیش نظر مثالی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے متعلق اب تک 21 ایف آئی آر درج کیے گئے ہیں۔
سونیا گاندھی نے دہلی کے سبھی سینئر لیڈروں کو دہلی اسمبلی انتخاب لڑنے کے لیے کہا
کانگریس صدر سونیا گاندھی نے دہلی کے سبھی سینئر لیڈروں سے اسمبلی انتخاب لڑنے کے لیے کہا ہے۔ دہلی میں اسمبلی انتخاب 8 فروری کو سبھی 70 سیٹوں کے لیے ہوگا اور 11 فروری کو نتیجہ جاری کیا جائے گا۔ اس کے پیش نظر سونیا گاندھی نے ان سبھی لیڈروں کو بھی اسمبلی انتخاب میں امیدواری پیش کرنے کے لیے کہا ہے جنھوں نے لوک سبھا الیکشن میں کانگریس کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا تھا۔
مہنگائی کے محاذ پر مودی حکومت کو بڑا جھٹکا، دسمبر میں خوردہ شرح مہنگائی بڑھ کر ہوئی 7.35 فیصد
مہنگائی کے محاذ پر مودی حکومت کو ایک بار پھر جھٹکا لگا ہے۔ کھانے پینے کی چیزیں مہنگی ہونے کی وجہ سے دسمبر میں خوردہ مہنگائی کی شرح میں پھر اضافہ ہو گیا ہے۔ دسمبر میں خوردہ مہنگائی کی شرح بڑھ کر 7.35 فیصد ہو گئی ہے جب کہ نومبر میں خوردہ مہنگائی کی شرح 5.54 فیصد تھی۔
کرناٹک: کانگریس نے ’گو بیک امت شاہ‘ مہم چلانے کا کیا اعلان
ہبلی: مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ کے کرناٹک دورہ کے دوران ضلع دھارواڑ کانگریس ’گوبیک امت شاہ‘ یعنی ’امت شاہ واپس جاؤ‘ مہم چلائے گی اور احتجاج میں انہیں سیاہ جھنڈے دکھائے جائیں گے۔ امت شاہ 18 جنوری کو ہبلی کے دورہ پر آئیں گے اور شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کی حمایت میں ہبلی میں ایک ریلی کو خطاب کریں گے۔دھارواڑ دیہی کانگریس کمیٹی کے صدر انل کمار پاٹل نے پیر کے روز کہا کہ ’’ہم منگل سے’ڈانٹ کم امت شاہ‘ مہم چلائیں گے اور آئندہ 18 جنوری کو ہونے والے احتجاج کی تفصیلات آنے والے دنوں میں طے کر لی جائے گی۔‘‘ انل کمار پاٹل نے مزید کہا کہ ’’مرکزی حکومت سي اے اے اور این آر سی کے نام پر لوگوں کو الگ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اسی وجہ سے ہم ہبلی میں مسٹر شاہ کی مخالفت کریں گے۔
میں ایک ’ہندو‘ ہوں اور ’درگاہ‘ پر بھی جاتی ہوں: یشومتی ٹھاکر
اپنے ایک بیان پر تنازعہ کی شکار مہاراشٹر وزیر اور کانگریس لیڈر یشومتی ٹھاکر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’سبھی کسان اپنی گایوں اور بیلوں کی پرورش انتہائی محبت کے ساتھ کرتے ہیں۔ اس میں توہم پرستی جیسی کوئی بات نہیں ہے۔ مجھے سمجھ نہیں آتا کہ اس کو غلط طریقے سے کیوں لیا جا رہا ہے۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ میں کانگریس کے ساتھ جڑی ہوئی ہوں اور ’سرو دھرم‘ میں یقین رکھتی ہوں۔ وہ مزید کہتی ہیں کہ ’’میں ایک ہندو ہوں لیکن میں درگاہ پر بھی جاتی ہوں۔‘‘
کرناٹک: 114 فٹ لمبی عیسیٰ مسیح کی مورتی تعمیر کے خلاف ہندو تنظیموں کا مظاہرہ
کرناٹک کے کنک پورہ میں 114 فٹ لمبی عیسیٰ مسیح کی مورتی کی تعمیر کی مخالفت میں آر ایس ایس، وی ایچ پی اور ہندو جاگرن ویدک نے مظاہرہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ مورتی تعمیر نہیں ہونی چاہیے۔
ٹرک کی ٹکر سے شوہر اور بیوی کی موت
مرینا: مدھیہ پردیش کے ضلع مرینا میں چھوندا گاؤں کے پاس ٹرک کی ٹکر سے بائیک سوار شوہر اور بیوی کی موت ہوگئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق سیول لائنس تھانہ علاقے کے تحت آنے والے چھوندا گاؤں کے پاس کل شام ہوئے اس حادثے میں کھیم سنگھ (45)اور اس کی بیوی سورج دیوی(42)کی موت ہوگئی۔ یہ دونوں پاس ہی واقع سکروڑی گاؤں جارہے تھے، تبھی تیز رفتار ٹرک کی زد میں آگئے۔ حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور گاڑی سمیت بھاگنے میں کامیاب ہوگیا۔
دہلی: جامعہ وائس چانسلر کے دفتر کے باہر طلبہ نے کیا مظاہرہ
دہلی میں طلبہ کے گروپ نے جامعہ ملیہ اسلامیہ کی وائس چانسلر نجمہ اختر کے دفتر کے باہر مظاہرہ کیا ہے، طلبہ نے امتحان کی تاریخوں کا ری شیڈولنگ کرنے، پولیس کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے اور طالب علموں کی حفاظت کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
دہلی پولیس نے ہائی کورٹ سے کہا، ہم نے JNU سے CCTV فوٹج مانگے، لیکن کوئی جواب نہیں ملا
جے این یو میں ہوئے حملے جڑے سی سی ٹی وی فوٹیج کو لیکر دہلی پولیس نے ہائی کورٹ کو بتایا کہ اس نے 5 جنوری کو ہوئے تشدد کے سی سی ٹی وی فوٹیج مانگے تھے، لیکن یونیورسٹی سے کوئی جواب نہیں ملا، پولیس نے یہ بھی کہا کہ اس نے واٹس ایپ سے دو گروپوں کی ڈٹیل بھی مانگی ہے۔
اے پی کے دارالحکومت کی منتقلی پرمایوس خاتون کی موت
حیدرآباد: آندھراپردیش کے دارالحکومت امراوتی کی منتقلی اور اس کے بجائے تین دارالحکومتوں کے قیام کی تجویز پر مایوسی میں ایک اور موت ہوئی۔ پہلے ہی حکومت کی اس نئی تجویز پر دو افراد کی مایوسی کے عالم میں موت ہوگئی تھی۔ تازہ طور پر ایک خاتون کی موت ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق امراوتی کے رائے پوڑی علاقہ کی 58 سالہ شیخ زینب حکومت کی اس تجویز کی مخالف تھی اور اس نئی تجویز پر وہ کافی مایوس رہنے لگی تھی۔ ان کے اراکین خاندان نے بتایا کہ مایوسی کے عالم میں ان کی موت ہوگئی ہے۔ زینب نے دارالحکومت امراوتی کی تعمیر کے لئے اپنی 2.15 ایکڑ اراضی اس وقت کی تلگودیشم زیرقیادت حکومت کو دی تھی۔
شہریت ترمیمی قانون کے خلاف شہر حیدرآباد میں احتجاج۔25نوجوان زیر حراست
حیدرآباد: شہریت ترمیمی قانون کے خلاف شہر حیدرآباد کے ٹولی چوکی علاقہ میں احتجاج کرنے والے 25نوجوانوں کو حراست میں لے لیا گیا۔ گولکنڈہ پولیس نے یہ کارروائی کی۔ پولیس نے ان نوجوانوں کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعات341, 290 r/w 149کے علاوہ سٹی پولیس ایکٹ کے تحت معاملہ درج کرلیا۔ یہ احتجاج کل شب 8.30 بجے بعض خواتین کی جانب سے شروع کیا گیا جس میں نوجوان شامل ہوگئے۔ نوجوانوں کے احتجاج کے سبب ٹریفک جام ہوگیا۔ احتجاجیوں نے نعرے بازی کرتے ہوئے شہریت ترمیمی قانون، این سی آر اور این پی آر کو فوری واپس لینے کامطالبہ کیا۔ پولیس کی جانب سے طاقت کا استعمال کرتے ہوئے احتجاجیوں کو منتشر کردیا گیا۔ کل شب تین بجے ڈی سی پی ویسٹ زون اے آرسرینواس نے پولیس کے جتھہ کے ساتھ پہنچ کر ان نوجوانوں کو حراست میں لے کر ان کو گوشہ محل پولیس اسٹیڈیم منتقل کردیا جہاں ان نوجوانوں نے صبح تک احتجاج کیا۔ گرفتار شدگان کو ضابطہ فوجداری کی دفعات 41 کے تحت نوٹس دیئے گئے ہیں اور بعد ازاں ان کو رہا کردیا گیا۔
آسام اسمبلی کے باہر AIUDF کے ممبران اسمبلی نے کیا مظاہرہ
آل انڈیا یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ کے ممبران اسمبلی اور رہنماؤں نے آسام اسمبلی کے باہر شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج کیا۔
سبريمالا معاملے میں سپریم کورٹ میں ہو رہی ہے سماعت
سبريمالا معاملے میں سپریم کورٹ میں سماعت ہو رہی ہے، اس معاملے میں تقریبا 50 عرضیاں لگائی گئی ہیں، معاملے کی سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے 9 ججوں کی بنچ نے کہا کہ سبريمالا مندر معاملے میں 14 نومبر کو دیئے گئے جائزہ آرڈر میں جن سوالوں کا ذکر ہے، صرف انہیں سوالوں پر سماعت کی جائے گی۔
جے این یو میں نقاب پہنے حملہ آور لڑکی کی ہوئی شناخت
جے این یو میں 5 جنوری کو نقاب پہن کر حملہ کرنے والی لڑکی کی پولیس نے شناخت کر لی ہے، پولیس کے مطابق وہ لڑکی دہلی یونیورسٹی کی طالبہ ہے، پولیس نے کہا ہے کہ جلد ہی اس لڑکی کو نوٹس جاری کیا جائے گا۔
عراق میں فوجی اڈے پر راکٹ حملے، چار فوجی زخمی
بغداد: عراق کے صلاح الدین صوبے میں اتوار کو فوج کے بالد فضائی فوجی اڈے کو نشانہ بنا کر کیے گئے راکٹ حملے میں کم از کم فضائیہ کے چار فوجی زخمی ہوئے گئے۔ اس سے پہلے امریکی فوج اس اڈے کو استعمال کرتی تھی، تاہم اس حملے میں کسی بھی امریکی فوجی کے جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ بالد فضائی فوجی اڈہ دارالحکومت بغداد سے تقریباً 90 کلو میٹر دور ہے۔
بالد عراق میں سب سے بڑا فوجی اڈہ ہے اور یہ امریکی فوج میں لاجسٹک سپورٹ ایکٹی وٹی (ایل ایس ائے) ایناکونڈا کے نام سے مشہور ہے۔ اس حملے کی ذمہ داری ابھی تک کسی بھی گروپ نے نہیں لی ہے۔
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی ہدایت پر تین جنوری کو ایک مہم کے تحت بغداد کے بین الاقوامی ہوائی کے نزدیک ایک ڈرون حملہ کرکے ایرانی ریوولیوشنری گارڈ کورپس کے قدس فورس کے سربراہ قاسم سلیمانی کو قتل کر دیا گیا تھا۔
امریکہ کے مطابق سلیمانی عراق اور مغربی ایشیا میں امریکی سفارت کاروں اور فوجیوں پر حملے کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ انہوں نے گزشتہ چند ماہ کے دوران عراق میں اتحادیوں کے ٹھکانوں پر کئی حملے کیے تھے جن میں 27 دسمبر کا حملہ بھی شامل تھا۔ اس حملے میں امریکی اور عراقی اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔ جنرل سلیمانی نے 31 دسمبر کو بغداد میں امریکی سفارت خانے پر ہوئے حملوں کو بھی منظوری دی تھی۔
اس کے جواب میں ایران نے عراق میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنا کر کئی فضائی حملے کیے تھے۔ امریکہ نے جمعہ کو ایران پر نئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ امریکہ نے اسلامک اسٹیٹ کے خلاف مہم میں عراقی فوج کی مدد کے لئے پانچ ہزار سے زائد فوجیوں کو عراق میں تعینات کیا ہوا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔