اہم خبریں: شکریہ بہار! نئے بہار میں نوجوانوں کے خوابوں کو پورا کیا جائے گا... تیجسوی

تیجسوی یادو، تصویر یو این آئی
تیجسوی یادو، تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

28 Oct 2020, 7:36 PM

شکریہ بہار! نئے بہار میں نوجوانوں کے خوابوں کو پورا کیا جائے گا... تیجسوی

تیجسوی یادو نے ٹوئٹ کر کے کہا کہ شکریہ بہار! پہلے مرحلے میں ایک نیا بہار بنانے کے لئے آپ نے جس طرح بے پناہ پیار اور حمایت کی ہے اس کے لئے آپ سب کو زبردست خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں۔ نئے بہار میں نوجوانوں کے خوابوں کا پورا کیا جائے گا۔

28 Oct 2020, 5:38 PM

کسٹم ڈیوٹی افسروں نے ضبط کیا لاکھوں روپے کا سونا

منگلورو: کسٹم ڈیوٹی افسروں نے یہاں منگل کی رات کو دبئی سے منگلورو بین الاقوامی ہوائی اڈے پہنچے ایک مسافر سے 32 لاکھ روپے سے زیادہ کی قیمت کا سونا ضبط کیا۔ سرکاری ذرائع نے یہاں بدھ کو بتایا کہ ضبط کیے گئے 24 کریٹ سونے کا وزن 634 گرام ہے۔ ملزم کی شناخت منگلورو کے ابوبکر صدیقی کے طور پر ہوئی ہے، جو سونے کو پاؤڈر میں تبدیلی کرکے چھپاکر لے جا رہا تھا۔

28 Oct 2020, 4:39 PM

کورونا وائرس سے متاثر ڈاکٹر کی موت

کلکتہ: مغربی بنگال میں منگل کو کووڈ- 19 سے متاثر ڈاکٹر کی موت ہوگئی۔ اس کے ساتھ ہی مغربی بنگال میں کورونا وائرس کی وجہ سے مرنے والے ڈاکٹروں کی تعداد 20 ہوگئی ہے۔ محکمہ صحت کے عہدیدار نے بتایا کہ ضلع اسپتال کے ڈاکٹر امل رائے دو ہفتے قبل کورونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے۔ کل کلکتہ میڈیکل کالج اور اسپتال میں علاج کے دوران ان کا انتقال ہوگیا۔ انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر رائے کو گزشتہ ہفتے بول پور سے یہاں منتقل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں سانس لینے میں کچھ دشواری ہوئی تھی، جس کے بعد اسے گھر پر آکسیجن دینے کا انتظام کیا گیا تھا۔ پیر کی شام اس کی حالت بگڑ گئی اور انہیں سی ایم سی ایچ پہنچایا گیا۔


28 Oct 2020, 3:31 PM

وڈودرا میں آن لائن سٹہ لگانے پر ایک شخص گرفتار

وڈودرا: گجرات میں وڈودرا شہر کے مکر پورہ علاقے میں آن لائن سٹہ لگا رہے ایک شخص کو پولیس کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے بدھ کے روز بتایا کہ اطلاع موصول ہونے پر مدھوون کمپلیکس کے باہر موبائل فون پر آن لائن سٹہ لگا رہے ایک نوجوان کو منگل کو دیررات پکڑ لیا گیا۔ اس سے 22570 روپے نقدی اور 15 ہزار روپے کا دیگر سامان ضبط کیا گیا۔ وہ آئی پی ایل میں سن رائزر حیدرآباد اور دہلی کیپٹلیس کے مابین جاری میچ پر سٹہ لگا رہا تھا۔ اس کی شناخت گردھر نگر کے رہنے والا ننیش عرف نیوپل بھا پٹیل (28) کے طور پر کی گئی ہے۔ پولیس نے معاملہ درج کر کے ضروری کارروائی شروع کردی ہے۔

28 Oct 2020, 2:29 PM

رائے بریلی میں 4 سالہ معصومہ کے ساتھ عصمت دری

رائے بریلی: اترپردیش کے ضلع رائے بریلی کے کھیرو علاقے میں 4 سالہ معصومہ کے ساتھ 13 سالہ لڑکے کے ذریعہ عصمت دری کیے جانے کا معاملہ روشنی میں آیا ہے۔ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نے دیر رات تقریباً 11:30 بجے ویڈیو بلیٹن جاری کرتے ہوئے کہا کہ منگل کو متاثرہ کے اہل خانہ نے تھانہ کھیروں میں تحریر دی ہے کہ اس کی چار سالہ بیٹی کے ساتھ گاؤں کے ہی 13 سالہ لڑکے نے عصمت دری کی ہے۔ پولیس نے بچی کو اسپتال میں داخل کرایا ہے۔ عصمت دری کرنے والے لڑکے کو اطفال جسٹس بورڈ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ تھانے میں رپورٹ درج کروا کر کارروائی کی جارہی ہے۔


28 Oct 2020, 1:35 PM

سعودی عرب نے عمران خان کو دیا جھٹکا، پاکستان کے نقشہ سے کشمیر کو ہٹایا

سعودی عرب نے ہندوستان کے حق میں قدم اٹھاتے ہوئے پاکستان کو ایک زبردست جھٹکا دیا ہے۔ سعودی حکومت نے اگلے مہینے ہونے والی جی-20 سمٹ کے لیے ایک خصوصی نوٹ جاری کیا ہے۔ اس کے پچھلے حصے پر جی-20 ممالک کے نقشے دکھائے گئے ہیں۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس میں کشمیر، گلگت اور بلتستان کو پاکستان کا حصہ نہیں دکھایا گیا ہے۔ انھیں آزاد ملک کے طور پر دکھایا گیا ہے۔ قابل غور بات یہ بھی ہے کہ پاکستان حکومت نے اس پر اب تک کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا ہے۔

28 Oct 2020, 12:46 PM

اگلے حکم تک دہلی میں سبھی اسکول بند رہیں گے: منیش سسودیا

دہلی میں کورونا کے بڑھتے معاملات کو دیکھتے ہوئے ایک بار پھر سبھی اسکولوں کو آئندہ حکم تک بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے اس سلسلے میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ سبھی سرکاری اور پرائیویٹ اسکول بند رہیں گے۔ اس سے قبل دہلی حکومت نے 31 اکتوبر تک اسکولوں کو بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔


28 Oct 2020, 11:33 AM

ہندوستان: گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا سے 508 افراد ہلاک

ہندوستان میں کورونا کی دہشت ناکی میں کچھ کمی ضرور واقع ہوئی ہے، لیکن اب بھی اموات کی تعداد میں لگاتار اضافہ درج کیا جا رہا ہے۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 508 افراد کی موت واقع ہو گئی ہے جب کہ 43893 نئے معاملے سامنے آئے ہیں۔

28 Oct 2020, 11:06 AM

سوشانت سنگھ کی بہنوں کو گرفتاری کا خوف

بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی موت معاملہ میں تفتیش اب بھی جاری ہے او راس درمیان سوشانت کی بہنوں پرینکا سنگھ اور میتو سنگھ کو گرفتاری کا خوف ستانے لگا ہے۔ دراصل سوشانت کی بہنوں کے خلاف ریا چکرورتی نے ستمبر مہینے میں ایف آئی آر درج کرائی تھی اور اب پرینکا و میتو کو اس بات کا خوف ہے کہ سی بی آئی انھیں کبھی بھی گرفتار کر سکتی ہے۔ گرفتاری سے بچنے کے لیے انھوں نے بامبے ہائی کورٹ سے گزارش کی ہے کہ اس کیس کا نمٹارا جلد سے جلد کیا جائے۔

قابل ذکر ہے کہ ریا چکرورتی نے ستمبر مہینے میں سوشانت کی بہنوں کے خلاف جو ایف آئی آر درج کرائی تھی، اس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ سوشانت کی بہنوں نے اداکار کو بغیر کسی ڈاکٹر کے پرسکرپشن کے دوائیاں دیں، جس کی وجہ سے اداکار کو ’پینک اٹیک‘ آیا اور انھوں نے خودکشی کر لی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔