اہم خبریں: گولیار میں میاں، بیوی اور بیٹی کی لاش برآمد
گولیار میں میاں، بیوی اور بیٹی کی لاش برآمد
گوالیار: مدھیہ پردیش کے گوالیار شہر کے مرار تھانہ علاقے میں واقع ایک گھر سے آج صبح شوہر، بیوی اور ان کی بیٹی کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ جگدیش پال، اس کی بیوی سروج پال اور بیٹی کیرتی پال کی لاشیں مرار کے تکونیا پارک کے ایک گھر سے صبح برآمد ہوئی ہیں۔ واقعہ دو دن پرانا بتایا جاتا ہے۔ پولیس نے تینوں لاشیں اپنے قبضے میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔ اس معاملے میں قتل کے شبہ کا بھی اظہار کیا جا رہا ہے۔
تلنگانہ میں شدید بارش کا امکان
حیدرآباد: محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران تلنگانہ کے بعض مقامات پر شدید سے شدید ترین بارش کا امکان ہے۔ اپنے بلیٹن میں اس نے کہا کہ 8 ستمبر کو ریاست کے بعض مقامات پر شدید بارش کا امکان ہے۔ جنوب مغرب مانسون تلنگانہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران معمول کے مطابق رہا ہے جس کے نتیجہ میں ریاست کے اضلاع میدک، سنگاریڈی، بھدرادری کوتہ گوڑم کے بعض مقامات پر شدید بارش ہوئی۔
کسان ثابت قدم ہے حوصلہ مند ہے، کسان مظاہرہ کو لے کر راہل گاندھی کا ٹوئٹ
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے گزشتہ روز مظفرنگر میں ہوئے زبردست کسان مظاہرہ کو لے کر ٹوئٹ کیا ہے، انہوں نے کہا کہ کسان ثابت قدم ہے، حوصلہ مند ہے، ادھر ہے ہندوستان کا مقدر بنانے والا!
اقوام متحدہ نے کی گنی کے صدر کو رہا کرنے کی اپیل
اقوام متحدہ: اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹریس نے گنی میں اپوزیشن گروپ کے اقدامات کی مذمت کی ہے اور صدر الفا کونڈے کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ گوٹیرس نے اتوار کو ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں ذاتی طور پر گنی کی صورتحال کو بہت قریب سے دیکھ رہا ہوں۔ میں بندوق کی نوک پر کسی بھی حکومتی قبضے کی شدید مذمت کرتا ہوں اور صدر الفا کونڈے کی فوری رہائی کی اپیل کرتا ہوں‘‘۔ اس سے قبل گنی نیوز ویب سائٹ نے اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ باغیوں نے صدر الفا کونڈے کو حراست میں لے لیا ہے۔ دریں اثنا اپوزیشن گروپ کے رہنما میمڈی ڈومبویا نے حکومت کو تحلیل کرنے کے ساتھ ساتھ آئین کی منسوخی اور سرحد کو بند کرنے کا اعلان کیا۔
امریکی ریاست فلوریڈا میں فائرنگ، نومولود سمیت 4 افراد ہلاک
واشنگٹن: امریکہ کی جنوبی ریاست فلوریڈا کے علاقے لیک لینڈ میں فائرنگ سے ایک نوزائیدہ سمیت 4 افراد ہلاک ہوگئے۔ مقامی میڈیا نے گزشتہ روز یہ اطلاع دی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس واقعے میں ایک 11 سالہ بچی زخمی ہوئی ہے۔ پولک کاؤنٹی شیرف گریڈی جوڈ نے بتایا کہ فائرنگ علی الصبح 4:30 پر دو الگ الگ گھروں میں ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزم نے اس دوران پولیس کے ساتھ فائرنگ سے زخمی ہونے کے بعد ہتھیار ڈال دئیے۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ میں کوئی پولیس اہلکار زخمی نہیں ہوا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔