اہم خبریں : کولکاتا میں بی جے پی کے جلوس پر پھینکے گئے پتھر اور چپل
کولکاتا میں بی جے پی کے جلوس پر پھر ہوا پتھراؤ
کولکاتا میں بی جے پی کے جلوس پرایک بار پھر پتھر پھینکے گئے ہیں۔ پارٹی کے مرکزی انچارج اور قومی جنرل سکریٹری کیلاش وجئے ورگیہ کی سربراہی میں خضرپور کے قریب سے ریلی نکالی گئی۔ یہ اقلیتی آبادی والا علاقہ ہے۔ کولکاتا کے سابق میئر شوبھن چٹرجی اور ان کی خاتون دوست بیساکھی بنرجی بھی اس ریلی میں شرکت کرنے والے تھے لیکن وہ آخری لمحے تک نہیں آئے۔ جب ریلی کچھ فاصلے پر پہنچی تو سڑک کے دونوں اطراف اور چھت سے پتھر اور چپل پھینکے گئے۔ جس علاقہ میں ریلی نکالی گئی تھی وہ کولکاتا کے سبکدوش ہونے والے میئر اور ریاستی شہری ترقیاتی وزیر فرہاد حکیم کا اسمبلی حلقہ ہے۔ وجے ورگیہ کے علاوہ ریلی میں قومی نائب صدر مکل رائے، رکن پارلیمنٹ ارجن سنگھ سمیت بی جے پی کارکنوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ روڈ شو کے بعد کیلاش وجئے ورگیہ نے صحافیوں کو بتایا کہ پولس نے پہلے روڈ شو کی اجازت نہیں دی تھی اور بعد میں اجازت مل گئی۔ ریلی میں جان بوجھ کر پتھراؤ کیے جانے کا الزام بھی انھوں نے لگایا۔
این آئی اے عدالت میں سادھوی پرگیا سنگھ ہوئیں پیش
ممبئی: مہاراشٹر کے مالے گاؤں میں سال 2008 میں ہوئے بم دھماکہ معاملے کی ملزم بھارتیہ جنتاپارٹی (بی جے پی) رکن پارلیمنٹ سادھوی پرگیا سنگھ ٹھاکر پیر کو یہاں خصوصی این آئی اے عدالت میں پیش ہوئیں اور یومیہ پیشی سے چھوٹ مانگی۔ انہوں نے اپنی بیماری اور سیکورٹی کی تشویش سے عدالت کو مطلع کراتے ہوئے عدالت میں حاضر نہ رہنے کی رعایت مانگی۔ عدالت نے سماعت پانچ جنوری تک کے لئے ملتوری کردی اور کہا کہ جب بھی عدالت میں ان کی ضرورت ہوگی انہیں پیش ہونا ہوگا۔ قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سماعت کے دوران ملزمین کے حاضر نہ ہونے سے ناراض عدالت نے 4 جنوری کو سبھی سات ملزمین کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔
امروہہ میں مویشیوں سے بھرا کنٹینر کھائی میں پلٹا، 6 لوگوں کی موت
امروہہ: اترپردیش کے ضلع امروہہ کے گجرولہ علاقے میں پیر کو ٹائر پھٹنے سے مویشیوں سے بھرا ایک کنٹینر کھائی میں پلٹ گیا۔ اس حادثے میں کم از کم 6 افراد کی موت ہوگئی، جبکہ دیگر 10 افراد شدید طور سے زخمی ہوگئے۔ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سنیتی نے بتایا کہ آج سویرے تقریباً آٹھ بجے گجرولہ علاقے کے محمودآباد گاؤں کے نزدیک نیشنل ہائی وے نمبر نو پر پر ٹائر پھٹنے سے ایک کنٹینر بے قابو ہوکر گہری کھائی میں پلٹ گیا۔ مویشیوں سے بھرا کنٹینر جئے پور سے سنبھل جارہا تھا کہ راستے میں یہ حادثہ پیش آیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر کھائی میں گرے کنٹینر کے نیچے دبے لوگوں کو باہر نکالا۔ اس درمیان چھ افراد کی موت ہوگئی جبکہ 10 افراد کو ابتدائی علاج کے لئے سرکاری اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے مہلوکین کی شناخت کرائی جا رہی ہے۔
مندر میں چاندی کے زیورات کی چوری
حیدرآباد: شہر حیدرآباد کے عابڈز پولیس اسٹیشن کے حدود میں جگدیش مارکٹ علاقہ میں مندر میں چوری کی واردات پیش آئی۔ چوروں نے مندر میں مورتی کے چاندی کے زیورات کی چوری کرلی۔ چوروں نے وہاں لگائے گئے سی سی ٹی وی کیمروں کی بھی چوری کرلی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس وہاں پہنچی جس نے مندر کے احاطہ کا معائنہ کیا اور اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرکے چوروں کی تلاش شروع کردی۔
کشمیر میں زلزلے کے ہلکے جھٹکے، کوئی نقصان نہیں
سری نگر: وادی کشمیر میں پیر کی صبح زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 3.5 ریکارڈ کی گئی اور زلزلے کی گہرائی پانچ کلو میٹر درج ہوئی ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ زلزلے کا مرکز شمالی کشمیر کا بانڈی پورہ علاقہ تھا اور اس زلزلے کے جھٹکے شمالی و وسطی کشمیر کے حصوں میں صبح کے 10 بجکر 58 منٹ پر محسوس کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اس زلزلے سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا ہے۔ واضح رہے کہ جموں کشمیر اور لداخ زلزلیاتی پیمانے پر سب سے زیادہ خطرناک پانچ اور چار زون میں آتے ہیں۔
ناگرجناساگر ہائیڈل پاور پلانٹ میں آگ لگنے کا واقعہ
حیدرآباد: تلنگانہ کے ناگرجناساگر ہائیڈل پاور پلانٹ میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا۔ سمجھا جاتا ہے کہ بجلی کی پیداوار کے دوران ٹرانسفارمر سے یہ آگ بھڑک اٹھی۔ اس واقعہ میں کسی کی ہلاکت یا کسی کے جھلسنے کی کوئی اطلاع نہیں ہے کیونکہ آگ دیکھتے ہی چوکس اسٹاف وہاں سے ہٹ گیا۔ عہدیداروں نے کسی کو بھی پاور اسٹیشن کے اندر داخل ہونے کی اجازت نہیں دی ہے۔ گزشتہ سال اگست میں سری سیلم پاور پلانٹ ناگر کرنول میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں 9 افراد بشمول دو ٹکنیشنس ہلاک ہوگئے تھے۔
امریکہ میں نینسی پلوسی دوبارہ منتخب ہوئیں ایوان نمائندگان کی اسپیکر
واشنگٹن: امریکہ میں ڈیموکریٹک پارٹی کی سینئر لیڈر نینسی پلوسی کو دوبارہ کانگریس کے ایوان زیریں ہاؤس آف ری پریزینٹیٹو (ایوان نمائندگان) کی اسپیکرمنتخب گیا ہے۔ اس عہدے کے لئے اتوار کے روز ہوئی ووٹنگ میں پلوسی نے 216–208 ووٹوں کے فرق سے جیت حاصل کی، ڈیموکریٹک پارٹی کے پانچ اراکین نے 80 سالہ پلوسی کے خلاف ووٹ دیا۔
نینسی پلوسی 2003 سے ہی ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹک پارٹی کی لیڈر ہیں۔ اس سے قبل وہ 2007 سے 2011 تک ایوان نمائندگان کی اسپیکر بھی رہ چکی ہیں۔ وہ فی الحال اس عہدے پر 2019 سے ہیں۔ وہ اس عہدے پر رہنے والی امریکی تاریخ کی پہلی خاتون ہیں۔
امریکہ میں کووڈ۔19 سے 3.51 لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک
واشنگٹن: عالمی وبا کورونا وائرس (کووڈ۔19) سے شدید متاثر امریکہ میں اس وبا کی وجہ سے اب تک 3.51 لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ امریکہ میں یہ وبا خوفناک شکل اختیار کر چکی ہے اور اب تک 2.06 کروڑ سے زائد افراد اس سے متاثر ہوچکے ہیں۔ امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سینٹر برائے سائنس اینڈ انجینئرنگ (سی ایس ایس ای) کی جانب سے جاری تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق امریکہ میں کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 351450 پہنچ گئی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 20623578 ہوگئی ہے۔
امریکہ کے نیو یارک، نیو جرسی اور کیلیفورنیا کے صوبے کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔ صرف نیو یارک میں ہی کورونا سے 38415 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ نیو جرسی میں اب تک 19208 افراد اس وبا سے ہلاک ہوچکے ہیں۔ کیلیفورنیا میں کورونا سے 26638 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
ٹیکساس میں اس وبا کے سبب 28430 افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جبکہ فلوریڈا میں کووڈ- 19 نے 21987 افراد کی موت ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ ایلی نوائے شہر میں 18322، مشی گن میں 13306، میساچوسٹس میں 12502 جبکہ پنسلوینیا میں کورونا سے 16230 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔