اہم خبریں: حکومت نے یکم اپریل سے چھوٹی بچت پر سود کی شرحوں میں کمی کر دی
حکومت نے یکم اپریل سے چھوٹی بچت پر سود کی شرحوں میں کمی کر دی
حکومت نے یکم اپریل سے چھوٹی بچت پر سود کی شرحوں میں کمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بچت ڈپازٹ میں سالانہ سود کی شرح کو چار فیصد سے کم کر کے 3.5 فیصد کیا گیا ہے۔ پی پی ایف کی شرح سالانہ 7.1 فیصد سے کم ہو کر 6.4 فیصد کی گئی ہے۔ جبکہ ایک سال کے ڈپازٹ پر سہ ماہی سہ ماہی حاصل ہونے والے سود کی شرح کو 5.5 فیصد سے کم کر کے 4.4 فیصد کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ بزرگ شہری بچت اسکیموں پر بھی سہ ماہی حاصل ہونے والے سود کی شرح کو 7.4 فیصد سے 6.5 فیصد تک کم کر دیا گیا ہے۔
دہلی میں مارچ کا اوسط زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے 3.5 ڈگری زیادہ، 11 سالہ ریکارڈ منہدم
دہلی میں مارچ کے مہینے میں شدید گرمی کا عالم ہے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کے معاملہ میں ریکارڈ قائم ہو رہے ہیں۔ محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے علاقائی سربراہ کلدیپ شریواستو نے بتایا، ’’دہلی میں مارچ کا اوسط زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33.1 ڈگلی سلسیس ہے جوکہ معمول سے 3.5 ڈگری زیادہ ہے۔ اس سے قبل مارچ 2010 میں اوسط زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34.1 ڈگری سلسیس رہا تھا۔ یہ مارچ گزشتہ 11 سالوں میں سب سے زیادہ گرم ہے۔‘‘
مئی کے مہینے میں پر امن ’پارلیمنٹ مارچ‘ نکالا جائے گا، کسان مورچہ کا اعلان
سنیوکت کسان مورچہ (ایس کے ایم) نے اعلان کیا ہے کہ مئی کے مہینے میں ’پارلیمنٹ مارچ نکالا جائے گا۔ مورچہ کے مطابق اس مارچ میں کسانوں کے علاوہ مزدور، خواتین، دلت، آدیواسی، بےروزگار نوجوان اور ہر شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والے لوگ شامل ہوں گے۔ نیز یہ مارچ پوری طرح پر امن رہے گا۔
کسان مورچہ نے کہا، ’’لوگ اپنی گاڑیوں پر سوار ہو کر دہلی کی سرحدودں تک پہنچیں گے۔ اس کے بعد دہلی کی سرحدوں سے پیدل مارچ نکالا جائے گا۔ مارچ کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔‘‘
اداکار اعجاز خان کو این سی بی نے 3 اپریل تک ریمانڈ میں لیا
ڈرگ معاملہ میں گرفتار کئے گئے اداکار اعجاز خان کو این سی بی کی 3 دن کی ریمانڈ میں سونپ دیا گیا ہے۔ اعجاز خان کو بٹاٹا گینگ سے تعلقات کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا ہے۔ این سی بی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ اتفاق سے اعجاز خان کی رہائش سے 4.5 گرام ایلپروزون کی گولیاں برآمد ہوئی ہے تاہم انہں خاص طور سے بٹاٹا گینگ سے تعلقات کی بنا پر گرفتار کیا گیا ہے۔
بی جے پی حکومت میں آئین ہند کے ساتھ بار بار چھیڑ چھاڑ کی جا رہی ہے… محبوبہ مفتی
سری نگر: پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا الزام ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت میں آئین ہند کے ساتھ بار بار چھیڑ چھاڑ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں اب صرف عدلیہ ہی لوگوں کا واحد سہارا ہے۔ موصوفہ نے ان باتوں کا اظہار بدھ کے روز اپنے ایک ٹوئٹ میں کیا۔ ٹوئٹ میں ان کا کہنا تھا کہ ’بی جے پی کی حکومت کے تحت آئین ہند کے ساتھ بار بار چھیڑ چھاڑ کی جا رہی ہے۔ عدلیہ ہی اب واحد راستہ اور سہارا ہے اگر وہ بھی ہمارے بنیادی حقوق کو فراہم کرانے سے ہاتھ اٹھائیں گے تو ہم کہاں جائیں گے‘۔
مظفر نگر میں سڑک حادثہ، 3 پولیس اہلکاروں کی موت، دو زخمی
مظفر نگر: اترپردیش کے ضلع مظفرنگر کے شاہپور روڈ پرآج ایک کار کے بجلی کے ستون سے ٹکرا جانے سے پولیس اہلکار کی موت ہوگئی، جبکہ دو زخمی ہوگئے۔ پولیس نے بتایا کہ ان پولیس اہلکاروں کی تعیناتی بجنور اور منسور گنج میں تھی جو اپنے اپنے گھر ہولی منا کر لوٹ رہے تھے۔ سپاہی اجے وتس لونی علاقہ اور مہندر کمار بلند شہر کے رہنے والے تھے۔ دونوں کی تعیناتی بجنور میں تھی۔ مہلوک تیسرے سپاہی پردیپ کمار مودی نگر کے رہنے والے تھے۔ زخمی دو پولیس اہلکار کو مظفر نگر میڈیکل کالج میں داخل کرایا گیا ہے۔
دہلی کی گاندھی نگر میں آتشزدگی
نئی دہلی: گاندھی نگر مارکیٹ کی ایک دکان میں بدھ کے روز آگ لگ گئی لیکن آگ سے کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ صبح آٹھ بج کر 14 منٹ پر مشرقی دہلی کے گاندھی نگر میں ایک کپڑے کے اسٹور میں آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی۔ اس کے بعد محکمہ فائر برگیڈ کی 15 گاڑیاں بھیجی گئیں۔ جنہوں نے آگ پر قابو پا لیا۔
ماسک نہ لگانے والے 54 افراد پر فی کس ایک ہزار روپئے کا جرمانہ
حیدرآباد: کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے لازمی، ماسک نہ لگانے والوں کے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری ہے۔ تلنگانہ کے ضلع پداپلی میں پولیس کی جانب سے اس سلسلہ میں سخت اقدامات کرتے ہوئے ماسک نہ لگانے والوں پر فی کس ایک ہزار روپئے جرمانہ عائد کیا جا رہا ہے۔ اب تک تقریباً 54 افراد کو فی کس ایک ہزار روپئے جرمانہ عائد کیا گیا۔ راماگنڈم کمشنریٹ حدود کے پداپلی، گوداوری کھنی، سلطان آباد علاقوں میں ماسک نہ لگانے والوں کے خلاف یہ کارروائی کی گئی۔ آن لائن بھیجے گئے اس جرمانہ کی رقم کو عدالت میں جمع کروانا ہوگا۔ پولیس نے شہریوں سے خواہش کی ہے کہ وہ کووڈ- 19کی روک تھام کے لئے تعاون کریں۔
شراب پینے سے تین افراد کی موت، ایک کی حالت نازک
پرتاپ گڑھ: اترپردیش کے کٹریہ گاوں میں شراب پینے سے تین افراد کی موت ہوگئی، وہیں ایک شخص کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ مغربی دنیش دیویدی نے بتایا کہ کل رات دلیپ کوری(48)، پردیپ کوری (35) اور سدھ ناتھ (65) اور دھرمیندر 45 سمیت چار لوگوں نے دیسی شراب پی تھی۔ جس کے سبب چاروں کی حالت بگڑ گئی۔ ان چاروں کو مقامی اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان میں سے تین افراد کو مردہ قرار دیا۔ ایک شخص دھرمیندر امیٹھی کے کسی پرائیویٹ اسپتال میں زیر علاج ہے۔ پولیس نے تینوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا ہے۔
پرینکا گاندھی نے اٹّوکل دیوی مندر میں کی پوجا
ترووننت پورم: کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے منگل کی دیر رات اٹّوکل دیوی مندر میں پوجا کی۔ یہ مندر خواتین کا سبری مالا کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ پرینکا گاندھی کے ساتھ نیموم سیٹ سے کانگریس امیدوار مرلی دھر اور وٹّیوٹکاوو سے وینا ایس نائر سمیت پارٹی کے کئی دیگر رہنما موجود تھے۔ کانگریس کی جنرل سکریٹری نے کٹآاکڈا اسمبلی حلقے میں پارٹی کے رہنماؤں کے ساتھ میٹنگ کرنے کے بعد مندر میں پوجا کی۔ انہوں نے تروننتپورت پورم میں ایک روڈ شو میں بھی حصہ لیا۔ غور طلب ہے کہ ہر سال پونگل کے موقع پر لاکھوں خواتین اٹّوکل مندر کا چکر (پریکرما) لگاتی ہیں اور بہتر فصل کے لیے پوجا کرتی ہیں۔
ترکی میں کورونا انفیکشن کے 37303 نئے کیسز
انقرہ: ترکی میں ایک بار پھر کورونا انفیکشن کے نئے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 37303 نئے کیس سامنے آئے ہیں۔ نومبر 2020 کے بعد یہ ایک ہی دن میں پیش آنے والے سب سے زیادہ واقعات ہیں۔ ترکی کی وزارت صحت نے بدھ کے روز یہ بیان جاری کیا۔
بیان کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا انفیکشن کے 37303 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جبکہ اس عرصے کے دوران کووڈ- 19 سے 155 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ اس دوران کورونا کے 1376 نئے مریضوں کو اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ وزارت کے مطابق کورونا کے 2054 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ اس سے قبل ترک صدر رجب طیب اردوان نے پیر کے روز کہا تھا کہ ملک میں کورونا انفیکشن کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر متعدد صوبوں میں ہر ہفتے کے آخر میں جمعہ کی صبح 9 سے شام 5 بجے تک کرفیو نافذ کیا جائے گا۔
پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں آج کوئی تبدیلی نہیں
نئی دہلی: عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں نرمی آنے کے بعد آج ملکی سطح پر پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ چار دن بعد منگل کو پٹرول 22 پیسے اور ڈیزل 23 پیسے فی لیٹر سستا ہوا۔ منگل کو دہلی میں پٹرول 22 پیسے کی کمی سے 90.56 روپے فی لیٹر اور ڈیزل بھی 23 پیسے کی کمی سے 80.87 روپے فی لیٹر ہوگیا ہے۔
آئل مارکیٹنگ کرنے والی کمپنی انڈین آئل کارپوریشن کے مطابق بدھ کے روز پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ آج بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں نرمی دیکھنے میں آئی ہے۔ تیل کے ذخائر میں اضافے اور سوئز نہر میں پھنسے جہاز کے باہر نکلنے کی وجہ سے امریکہ میں تیل نرمی آئی ہے۔ لندن برینٹ کروڈ 65 ڈالر فی بیرل سے نیچے آگیا ہے۔
شرد پوار دوبارہ اسپتال میں داخل
ممبئی: آج نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے رہنماء شرد پوار کو جنوبی ممبئی میں ان کے گھر کے نزدیک واقع بریج کینڈی اسپتال میں دوبارہ داخل کیا گیا ہے، انہیں پتہ میں تکلیف کی شکایت کے بعد اسپتال میں طبی جانچ کے لیے داخل کیا گیا ہے اور پھرگھر لے آیا گیا، لیکن این سی پی ترجمان اور ریاستی وزیر نواب ملک نے اطلاع کے مطابق دوبارہ اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ نواب ملک نے اس سلسلہ میں کہا کہ گزشتہ شام سے پیٹ میں درد کی شکایت اور بے چینی کے بعد بریج کینڈی اسپتال میں داخل کیا گیا۔ اسپتال میں جانچ کے بعد ان کی تکلیف کے بارے میں پتہ چلا۔ ان کے دیگر علاج اس نئی صورتحال کے دوران بند کر دیئے گئے ہیں۔ نواب ملک نے کہا کہ انہیں 31مارچ تک اسپتال میں رکھا جائے گا۔ کیونکہ ان کی سرجری کی جائے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔