اہم خبریں: دہلی بارڈر پر ’یوم سیاہ‘ منانے کی زبردست تیاری، متعدد کسان مالوہ سے روانہ

کسان، تصویر ویپن
کسان، تصویر ویپن
user

قومی آواز بیورو

24 May 2021, 5:30 PM

دہلی بارڈر پر ’یوم سیاہ‘ منانے کے لئے کسان مالوہ سے روانہ

موگا: مرکز کی طرف سے بنائے گئے تین مرکزی زرعی قوانین کے خلاف مشترکہ کسان مورچہ کے 26 مئی کو ’یوم سیاہ‘ منانے کے مدنظر 40 سے زیادہ کسان یونینوں سے منسلک کسان مالوا سے دہلی کے لئے روانہ ہوچکے ہیں۔ بھارتیہ کسان یونین ایکتا اگراہاں کے جنرل سکریٹری سکھدیو سنگھ کوکوری نے یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ دہلی میں احتجاجی مظاہرہ کے علاوہ یہاں کسان کنبہ اپنے گھر کے باہر سیاہ جھنڈا پھیرا کر اپنا احتجاج درج کرائیں گے۔ کوکری نے یہ بھی کہا کہ کسانوں میں اس مظاہرہ کو دس مرکزی ٹریڈ یونینوں سمیت مختلف دیگر یونینوں اور تنظیمیں حمایت دے رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ ان کی یونین نے 28 مئی سے پٹیالہ میں تین روزہ احتجاجی مظاہرہ کا فیصلہ کیا ہے جو کووڈ۔19 بحران سنبھالنے میں ریاستی حکومت کی ناکامی اور ریاست میں لگائی گئی پابندیوں کے خلاف ہوگا۔

24 May 2021, 4:29 PM

گجرات کے ایک فارم ہاؤس میں شراب پیتے آٹھ لوگ گرفتار

ودوڈرہ: گجرات میں ودوڈرہ تعلقہ علاقہ میں پولیس نے ایک فارم ہاؤس میں آٹھ لوگوں کو شراب پیتے ہوئے گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے پیر کو بتایا کہ اطلاع کی بنیاد پر میرساپور گاوں کے نزدیک انکت بھائی پٹیل کے فارم ہاوس پر چھاپہ مارا گیا۔ اس دوران وہاں غیرقانونی طریقہ سے شراب کی پارٹی چل رہی تھی اور پولیس نے آٹھ لوگوں کو گرفتار کیا اور موقع سے شراب کی ایک خالی بوتل، پانچ بیئر کی بوتل، شراب پینے کے آٹھ گلاس، آٹھ موبائل فون، ایک کار، ایک دوپہیہ گاڑی سمیت کل ملاکر 2,20,000روپے قیمت کا سامان ضبط کرلیا گیا۔ پولیس نے معاملہ درج کرلیا ہے اور ضروری کارروائی کی جا رہی ہے۔

24 May 2021, 3:29 PM

ملازمت سے محروم 25 سالہ جمناسٹک کوچ نے لگائی پھانسی

حیدرآباد: تلنگانہ کے سکندرآباد نلہ کنٹہ میں ایک جمناسٹک کوچ نے پھانسی لگا لی۔ یہ واقعہ کل شب نلہ کنٹہ کے رتنا نگر میں پیش آیا۔ شبہ کیا جاتا ہے کہ وہ موزوں ملازمت نہ ملنے پر مایوس تھا جس کے نتیجہ میں اس نے یہ انتہائی اقدام اٹھایا۔ کاچی گوڑہ پولیس نے کہا کہ 25 سالہ منی کانتا جس نے قبل ازیں ٹریننگ سنٹر میں جمناسٹک کے کوچ کے طور پر کام کیا تھا، چند ماہ پہلے اپنی ملازمت سے محروم ہوگیا جس کے بعد اس نے نئی ملازمت کی تلاش شروع کر دی۔ باربار کوششوں کے باوجود اس کو ملازمت نہیں ملی جس پر اس نے اپنے کمرہ میں پھانسی لگا لی۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے عثمانیہ اسپتال منتقل کردیا۔


24 May 2021, 2:31 PM

مدھیہ پردیش کے اُجین شہر میں کم ویکسین ہونے سے 8 ویکسی نیشن مراکز ہوئے بند

اُجین: مدھیہ پردیش کے اُجین شہر میں ویکسینیشن کے آٹھ مراکز کم ویکسین ہونے کی وجہ سے بند کر دیئے گئے ہیں۔ اجین میونسپل کارپوریشن کی ڈپٹی کمشنر کلیانی پانڈے نے بتایا کہ اجین شہر میں 18 سے 44 سال کی عمر کے افراد کے لئے جن ویکسی نیشن مراکز پر اینٹی کورونا ویکسین لگائی جا رہی تھی، ان میں سے 8 مراکز کم ویکسین ہونے کی وجہ سے بند کر دیئے گئے ہیں۔ گزشتہ روز یہاں 26 ویکسین سینٹر پرٹیکہ کاری کا کام کیا گیا تھا۔

24 May 2021, 1:32 PM

اُجین میں کورونا وائرس کے مزید 90 نئے کیسز اور دو ہلاک

اجین: مدھیہ پردیش کے ضلع اجین میں کورونا وائرس کے کے مزید 90 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اس کے علاوہ دو اموات بھی ریکارڈ کی گئی ہیں۔ چیف میڈیکل اینڈ ہیلتھ آفیسر نے گزشتہ رات جاری بلیٹن میں کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2671 نمونوں کی جانچ میں 90 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے جس سے متاثرین افراد کی تعداد 18 ہزار 713 ہوگئی ہے۔ جبکہ 16 ہزار 669 مریض صحت مند ہونے کے بعد اپنے گھروں کو جا چکے ہیں۔ دو افراد کی ہلاکت کے بعد ضلع میں اموات کی تعداد مجموعی تعداد 168 ہوگئی اورایک ہزار 876 مریضوں کا علاج کیا جا رہا ہے۔


24 May 2021, 12:29 PM

برق رفتاری سے گاڑی چلانے کے نتیجہ میں خوفناک سڑک حادثہ، ایک موت

حیدرآباد: ریاست تلنگانہ کے متحدہ ضلع عادل آباد میں لاک ڈاون کے دوران برق رفتاری سے گاڑی چلانے کے نتیجہ میں خوفناک سڑک حادثہ ہوا۔ ضلع کے جنارم منڈل کے تپالا پور کے چیک پوسٹ کے پاس دو نوجوان موٹرسائیکل پر برق رفتاری سے جا رہے تھے۔ ریاست میں لاک ڈاون نافذ ہے، اس دوران تپال پیٹ چیک پوسٹ کے پاس آہنی رکاوٹ کے لئے بنایا گیا گیٹ نیچے کھینچ کر رکھا گیا تھا۔ وہاں موجود اہلکار ہاتھوں سے گاڑی سوار کو رکنے کا اشارہ کررہا تھا لیکن وہ نہیں رکے اور برق رفتاری سے آگے بڑھ گئے۔ گاڑی چلانے والا نوجوان گیٹ سے بچنے کے لئے سرکو نیچے کرکے جھک گیا جس کی وجہہ سے وہ محفوظ رہا، جبکہ عقبی نشست پرسوارنوجوان آہنی گیٹ لگنے سے گرپڑا اوراس کی موت ہوگئی۔ مہلوک کے رشتہ داروں نے محکمہ جنگلات کے اہلکاروں پر مبینہ لاپرواہی کا الزام عائد کیا ہے۔

24 May 2021, 10:29 AM

کورونا سے اموات کے اعداد و شمار خوفناک، 24 گھنٹوں کے دوران 4454 افراد ہلاک، 222315 نئے معاملے

ملک میں کووڈ- 19 کے 222315 نئے معاملوں کے بعد مثبت واقعات کی مجموعی تعداد 26752447 ہوگئی ہے۔ وہیں 4454 کے فوت ہونے سے اموات کی مجموعی تعداد 303720 ہوگئی ہے۔


24 May 2021, 9:08 AM

شملہ: ہماچل پردیش میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا انفیکشن کے باعث ایک پولیس سب انسپکٹر سمیت 59 افراد کی موت ہوگئی۔ محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق انفیکشن کے نئے کیسوں میں کچھ کمی واقع ہوئی ہے اور اس دوران ریاست میں مجموعی طور پر 1309 نئے کیس سامنے آئے ہیں۔ جبکہ 4059 متاثرہ افراد شفایاب ہوئے ہیں۔ ریاست میں وبا سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 2752 ہوگئی ہے۔ پولیس سب انسپکٹر دھنی رام (54)، جو سی آئی ڈی، سب یونٹ پنڈوہ میں تعینات تھے، کا کووڈ 19 میں لال بہادر شاستری میڈیکل اسپتال نیرچک، ضلع منڈی میں گزشتہ روز انتقال ہوگیا۔ ریاست میں اب تک کورونا سے متاثرین کی تعداد 1 لاکھ 79 ہزار 34 ہوگئی ہے، ان میں سے 25 ہزار 979 ایکٹیو معاملات ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔