حیدرآباد میں وارنسی کے 2 ڈاکٹرس تالاب میں غرق، خودکشی یا حادثہ؟
حیدرآباد میں وارنسی کے 2 ڈاکٹرس تالاب میں غرق، خودکشی یا حادثہ؟
حیدرآباد: حیدرآباد کے نواحی علاقہ شاہ میرپیٹ میں دو بھائی تالاب میں غرق ہوگئے۔ وہ دونوں ڈاکٹرس بتائے گئے ہیں۔ فوری ملی اطلاعات کے مطابق وہ دونوں شاہ میرپیٹ تالاب کے پاس کھڑے ہوئے تھے کہ اتفاقی طور پر ایک بھائی پانی میں گرپڑا اسے بچانے کی کوشش میں دوسرا بھائی بھی تالاب میں اترا اور وہ دونوں غرق ہوگئے۔ قبل ازیں یہ بھی کہا جارہا تھا کہ ان دونوں نے اجتماعی طور پر خودکشی کرلی ہے۔ پولیس اس پورے معاملہ کی جانچ کر رہی ہے۔ ان کی شناخت 27 سالہ گوتم اور 24 سالہ نندن کی حیثیت سے ہوئی ہے جو وارانسی اترپردیش سے تعلق رکھتے تھے۔ انہوں نے حیدرآباد منتقل ہوکر ہومیوپیتھی اسپتال قائم کیا تھا۔
ضلع رام بن کے سیری علاقے میں آتشزدگی، پانچ دکانیں خاکستر
جموں: جموں وکشمیر کے ضلع رام بن کے سیری علاقے میں آگ کی ایک شبانہ واردات میں پانچ دکانیں خاکستر ہوگئیں۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ ضلع رام بن کے سیری علاقے میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب آگ کی ایک واردات میں پانچ دکانیں خاکستر ہوگئیں۔ انہوں نے بتایا کہ آگ غالباً شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگ گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہیں۔
حکومتی معاوضہ صرف چھوٹی سی مدد ہوتی ہے، پھر بھی مودی حکومت ایسا کرنے کو تیار نہیں ہے... راہل گاندھی
کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ زندگی کی قیمت لگانا ناممکن ہے- حکومتی معاوضہ صرف ایک چھوٹی سی مدد ہوتی ہے، لیکن مودی حکومت ایسا کرنے کو بھی تیار نہیں ہے۔ پہلے کووڈ کی وبا میں علاج کی کمی، پھر جھوٹے اعدادوشمار اور اوپر سے حکومت کی طرف سے ظلم و بربریت!
مراٹھواڑہ میں کورونا کے 409 نئے کیسز، 19 کی موت
اورنگ آباد: مہاراشٹر کے مراٹھواڑہ خطے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کو رونا کے 409 نئے کیسز سامنے آئے، جبکہ 19 مریضوں کی موت ہوگئی۔ یہ اطلاع طبی اہلکاروں نے پیر کے روز دی ہے۔ تمام ضلع ہیڈکوارٹرس سے یو این آئی کی جانب سے موصولہ تفصیلات کے مطابق خطے کے آٹھ اضلاع میں سے اورنگ آباد ضلع سب سے زیادہ متاثر رہا، یہاں 98 نئے کیس درج ہوئے اور 7 افراد کی موت ہوگئی۔ اس کے بعد، بیڈ میں 155 نئے کیسز اور پانچ اموات درج کی گیئں، جبکہ لاتور میں 42 نئے کیسز اور 3 افراد کی موت، عثمان آباد میں 46 نئے کیسز اور دو افراد کی موت ہوگئی۔ اسی طرح پربھنی میں 15 نئے کیسز اور ایک موت، ہنگولی میں چار نئے کیسز اور ایک شخص کی موت، ناندیڈ میں 34 اور جالنا میں 15 کیسز درج کئے گئے۔
پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں آج ریکارڈ سطح پر مستحکم
نئی دہلی: پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں آج ریکارڈ سطح پر مستحکم رہی۔ اتوار کے روز قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا۔ معروف آئل مارکیٹنگ کمپنی انڈین آئل کارپوریشن کے مطابق دہلی میں پٹرول کی قیمت 97.22 روپے اور ڈیزل کی قیمت 87.97 روپے فی لیٹر پر برقرار ہے۔ دہلی میں جون میں اب تک پٹرول کی قیمت میں 2.99 روپے اور ڈیزل کی قیمتوں میں 2.82 روپے کا اضافہ ہوچکا ہے۔ اس سے قبل مئی میں پٹرول 3.83 روپے اور ڈیزل 4.42 روپے مہنگا ہوا تھا۔
ملک کے دوسرے شہروں میں بھی ان ایندھنوں کی قیمتوں میں بھی کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ ممبئی میں آج پٹرول کی قیمت 103.36 روپے اور ڈیزل کی قیمت 95.44 روپے فی لیٹر رہی۔ چنئی میں ایک لیٹر پٹرول 98.40 روپے اور ڈیزل 92.58 روپے میں فروخت ہوا۔ کولکتہ میں پٹرول 97.12 روپے اور ڈیزل 90.82 روپے فی لیٹررہا۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا روزانہ جائزہ لیا جاتا ہے اور اسی بنا پر روزانہ صبح 6 بجے سے نئی قیمتوں پر عمل درآمد ہوتا ہے۔
آج ملک کے چار میٹرو شہروں میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں حسب ذیل ہیں۔
شہر کا نام —— پیٹرول —— ڈیزل
دہلی ——— 97.22 —— 87.97
ممبئی——— 103.36 ——95.44
چنئی ——- 98.40 -——— 92.58
کولکاتا —— 97.12 ———90.82
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔