اہم خبریں LIVE: بی ایس پی امیدوار کی موت کے بعد بیتول لوک سبھا حلقہ میں انتخاب ملتوی

علامتی تصویر، آئی اے این ایس
علامتی تصویر، آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

09 Apr 2024, 9:57 PM

بی ایس پی امیدوار کی موت کے بعد بیتول لوک سبھا حلقہ میں انتخاب ملتوی

مدھیہ پردیش کے بیتول لوک سبھا حلقہ سے بی ایس پی امیدوار اشوک بھلاوی کا 9 اپریل کو دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہو گیا۔ اس کے بعد ضلع الیکٹورل افسر نے انتخابی عمل منسوخ کر دیا ہے۔ ضلع الیکٹورل افسر اور ضلع کلکٹر نریندر سنگھ رگھوونشی نے بتایا کہ عوامی نمائندہ ایکٹ کے التزامات کے تحت انتخابی عمل روک دیا گیا ہے اور 26 اپریل کو ہونے والی ووٹنگ ملتوی کر دی گئی ہے۔ رگھوونشی نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ہدایت کے مطابق آگے کی کارروائی کی جائے گی۔

09 Apr 2024, 8:49 PM

گریٹر نوئیڈا کے کاسنا تھانہ میں آتشزدگی، کئی بائک جل کر خاک

گریٹر نوئیڈا کے تھانہ کاسنا میں منگل کے روز شدید آتشزدگی دیکھنے کو ملی۔ موقع پر پہنچی فائر بریگیڈ کی کئی گاڑیاں آگ پر قابو پانے میں مصروف ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ آگ کے سبب تھانے کے اندر کھڑی کئی بائک اور دیگر سامان جل کر خاک ہو گئے۔ خوفناک آگ کے سبب فائر بریگیڈ کو اس پر قابو پانے میں سخت مشقت کرنی پڑ رہی ہے۔

09 Apr 2024, 6:06 PM

وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال سے متعلق ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف عآپ کا سپریم کورٹ جانے کا اعلان

دہلی ہائی کورٹ نے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی ای ڈی کی گرفتاری کے خلاف عرضداشت کو مسترد کر دیا ہے۔ ہائی کورٹ نے کیجریوال کی گرفتاری کو قانون کے مطابق بتاتے ہوئے یہ بھی کہا ہے اروند کیجریوال کی گرفتاری کے بعد ای ڈی کے ریمانڈ کو غیر قانونی نہیں کہا جا سکتا۔ ہائی کورٹ کے اس فیصلے کے خلاف عام آدمی پارٹی نے عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ عآپ کے لیڈر اور وزیر سوربھ بھاردواج نے دہلی ہائی کورٹ کے اس فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔


09 Apr 2024, 4:54 PM

وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو جھٹکا، ای ڈی کی گرفتاری کے خلاف عرضداشت ہائی کورٹ نے خارج کردی

دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو دہلی ہائی کورٹ نے راحت دینے سے انکار کر دیا ہے۔ انہوں نے ایکسائز پالیسی معاملے سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں اپنی گرفتاری کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ ہائی کورٹ نے کیجریوال کی عرضداشت کو مسترد کرتے ہوئے گرفتاری کو درست قرار دیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ یہ ضمانت کا نہیں بلکہ گرفتاری کے چیلنج کا معاملہ ہے۔ ساتھ ہی ہائی کورٹ نے کہا کہ اروند کیجریوال کی گرفتاری کے بعد ای ڈی کے ریمانڈ کو غیر قانونی نہیں کہا جا سکتا۔

09 Apr 2024, 3:31 PM

سپریم کورٹ نے عباس انصاری کو اپنے والد مختار انصاری کی فاتحہ میں شرکت کی اجازت دی

سپریم کورٹ نے مختار انصاری کے بیٹے عباس انصاری کو اپنے والد کی قبر پر فاتحہ خوانی کے لیے جیل سے باہر جانے کی اجازت دے دی ہے۔ انہیں منگل (9 اپریل 2024) کو شام 5 بجے سے پہلے سڑک کے ذریعے کاس گنج سے غازی پور کے لیے روانہ کیا جائے گا جبکہ بدھ (10 اپریل) کو فاتحہ پڑھنے کے بعد انہیں غازی پور جیل میں رکھا جائے گا۔ عباس انصاری کو 11 اور 12 اپریل کو جیل میں ان کے اہل خانہ سے ملنے کی اجازت دی جائے گی۔ انہیں 13 اپریل کو کاس گنج جیل واپس لایا جائے گا۔ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق اگر 11 یا 12 تاریخ کو کوئی مذہبی رسم ہوتی ہے تو عباس انصاری اس میں بھی شرکت کر سکیں گے۔


09 Apr 2024, 2:37 PM

وزیر اعظم مودی کا کام صرف کانگریس کو گالی بکنا ہے: سرجے والا

کانگریس کے لیڈر اور راجیہ سبھا کے رکن رندیپ سرجے والا نے وزیر اعظم مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کا کام صرف کانگریس کو گالی دینا ہے جبکہ کانگریس کا کام ملک کی ترقی کرنا ہے۔ اب عوام کو ہی فیصلہ کرنا ہے کہ انہیں کس چیز کا انتخاب کریں۔

09 Apr 2024, 2:09 PM

مہاراشٹر میں ایم وی اے کے درمیان سیٹوں کی تقسیم فائنل، شیوسینا یو بی ٹی21، کانگریس 17 اور این سی پی شردپوار کو 10 سیٹیں

مہاراشٹر میں ایم وی اے کے درمیان سیٹوں کی تقسیم کا حتمی فیصلہ ہو گیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت ریاست کی کل 48 لوک سبھا سیٹوں میں سے شیوسینا یو بی ٹی کو 21 سیٹیں ملی ہیں، کانگریس کے حصے میں 17 سیٹیں آئی ہیں جبکہ این سی پی شردپوار 10 سیٹوں پر الیکشن لڑے گی۔ تینوں پارٹیوں کے درمیان ریاست کی تین لوک سبھا سیٹوں بھیونڈی، سانگلی اور شمال ممبئی کی سیٹوں پر فیصلہ نہیں ہو پا رہا تھا، مگر اب تصویر واضح ہو گئی ہے۔ بھیونڈی این سی پی شرد پوار کے حصے میں آیا ہے، سانگلی کی سیٹ شیوسینا یو بی ٹی اور شمال ممبئی کی سیٹ کانگریس و ملی ہے۔


09 Apr 2024, 10:23 AM

لوک سبھا انتخابات کے دوسرے مرحلہ کے لیے 1210 امیدوار میدان میں

الیکشن کمیشن آف انڈیا نے اطلاع دی ہے کہ لوک سبھا انتخابات 2024 کے دوسرے مرحلے میں 13 ریاستوں/ مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں 1210 امیدوار الیکشن لڑیں گے۔ کمیشن کے مطابق لوک سبھا انتخابات 2024 کے دوسرے مرحلے کے لیے 12 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے 88 پارلیمانی حلقوں کے لیے 2633 نامزدگی فارم داخل کیے گئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔