اہم خبریں LIVE: ’انڈیا ایمپلائمنٹ رپورٹ 2024 مودی حکومت کی ناکامی کا دستاویز ہے‘، راہل گاندھی

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی / آئی اے این ایس</p></div>

راہل گاندھی / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

27 Mar 2024, 9:56 PM

’انڈیا ایمپلائمنٹ رپورٹ 2024 مودی حکومت کی ناکامی کا دستاویز ہے‘، راہل گاندھی

انڈیا اپمپلائمنٹ رپورٹ آنے کے بعد کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے مودی حکومت پر سخت تنقید کی ہے۔ انہوں نے اس رپورٹ کو مودی حکومت کی ناکامی کا دستاویز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کانگریس کی پالیسیاں ہی ’روزگار کی گارنٹی‘ ہیں، یہ حکومت کی رپورٹ سے بھی ثابت ہوگیا ہے۔

راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کیا ہے جس میں انڈیا ایمپلائمنٹ رپورٹ کی خبر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’کل ہی میں نے پوچھا تھا، ’کیا نریندر مودی کے پاس روزگار کے لیے کوئی منصوبہ تھا بھی؟‘ آج ہی حکومت کا جواب آ یا-نہیں۔ انڈیا ایمپلائمنٹ رپورٹ 2024 نہ صرف روزگار کے معاملے میں مودی حکومت کی زبردست ناکامی کی دستاویز ہے بلکہ کانگریس کی روزگار پالیسی پر مہر بھی ہے۔‘‘

راہل گاندھی اس پوسٹ میں یہ بھی لکھتے ہیں کہ ’’رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے کل بے روزگار افراد میں سے 83 فیصد نوجوان ہیں، یا تو ان کے پاس نوکری نہیں ہے یا وہ انتہائی کم اجرت پر برے حالات میں کام کرنے پر مجبور ہیں۔ رپورٹ کہتی ہے کہ 65 فیصد تعلیم یافتہ نوجوان بے روزگار ہیں- ہماری گارنٹی ہے کہ ہم 30 لاکھ سرکاری آسامیاں پُر کریں گے۔ رپورٹ کہتی ہے کہ ’اسکل گیپ‘ ہے- ہم ’پہلی نوکری پکّی‘ کے ذریعے فریشرز کو ’اسکلڈ ورک فورس‘ بنائیں گے۔‘‘

راہل گاندھی مزید لکھتے ہیں ’’رپورٹ کہتی ہے کہ نئی ملازمتیں پیدا کرنا ہوں گی- ہماری ’یووا روشنی‘ کی گارنٹی اسٹارٹ اپس کے لیے 5000 کروڑ روپئے کی مدد لے کر آ رہی ہے۔ رپورٹ کہتی ہے کہ محنت کشوں کے پاس سماجی تحفظ اور محفوظ روزگار نہیں ہے– ہم ’شرمک نیائے‘ کے تحت ان کی زندگیاں بدلنے جا رہے ہیں۔ کانگریس کی پالیسیاں ہی ’روزگار کی گارنٹی‘ ہیں، یہ حکومت کی رپورٹ سے بھی ثابت ہو گیا ہے۔‘‘ آخر میں راہل گاندھی یہ بھی لکھتے ہیں کہ ’’بی جے پی کا مطلب - بے روزگاری اور بے بسی، کانگریس کا مطلب - روزگار کا انقلاب۔ فرق صاف ہے!‘‘

27 Mar 2024, 6:39 PM

کیجریوال کو وزیر اعلیٰ عہدہ سے ہٹانے کا مطالبہ کرنے والی عرضی پر سماعت کل

دہلی ہائی کورٹ میں گزشتہ جمعہ کو ایک مفاد عامہ عرضی داخل کر اروند کیجریوال کو دہلی کے وزیر اعلیٰ عہدہ سے ہٹانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ اس پر جمعرات کو عدالت میں سماعت ہوگی۔ یہ عرضی دہلی کے باشندہ سرجیت سنگھ یادو نے داخل کی ہے جو خود کے سماجی کارکن ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مالیاتی گھوٹالہ کے ملزم کو وزیر اعلیٰ عہدہ پر بنے رہنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔

27 Mar 2024, 3:08 PM

اروند کیجریوال کی عرضداشت پر سماعت مکمل، فیصلہ شام 4 بجے کے بعد

دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کی عرضداشت پر آج ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔ اپنی عرضداشت میں وزیر اعلیٰ کیجریوال نے اپنی گرفتاری کو چیلنج کیا تھا۔ کیجریوال کی جانب سے ایڈووکیٹ ابھیشیک منو سنگھوی نے بحث کی۔ سماعت کے بعد ای ڈی نے اپنا جواب داخل کرنے کے لیے وقت مانگاہے۔ جس کے بعد عدالت نے اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔ اب یہ فیصلہ شام 4.30 سے 4.45 کےدرمیان آئے گا۔


27 Mar 2024, 2:13 PM

ٹی ایم سی لیڈر مہوا موئترا کو ای ڈی نے سمن بھیجا، دہلی میں 28 مارچ کو تفتیش کے لیے بلایا

 ٹی ایم سی لیڈر اور کرشنا نگر سے پارٹی کی امیدوار مہوا موئترا کو ای ڈی نے سمن بھیجا ہے۔ ای ڈی نے انہیں 28 مارچ کو دہلی میں تفتیش کے لیے بلایا ہے۔ اس سے قبل ان کے یہاں سی بی آئی چھاپے ماری کرتی رہی ہے جس کے خلاف انہوں نے الیکشن کمیشن کو خط لکھا تھا اور جس میں انہوں نے سی بی آئی پر ان کے انتخابی مہم میں خلل ڈالنے کا الزام عائد کیا تھا۔

27 Mar 2024, 11:59 AM

مہاراشٹر میں ونچت بہوجن اگھاڑی نے اپنے 8 امیدواروں کا اعلان کیا

مہاراشٹرمیں شیوسینا (یوبی ٹی) کے اپنے امیدواروں کے ناموں کے اعلان کے بعد ونچت بہوجن اگھاڑی نے بھی اپنے امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے۔ ونچت بہوجن اگھاڑی کے صدر پرکاش امبیڈکر نے پارٹی کے 8 امیدواروں کے ناموں کی فہرست جاری کی ہے جبکہ وہ خود اکولہ سے انتخاب لڑیں گے۔ ونچت بہوجن اگھاڑی نے ریاست کی 9 سیٹوں کی فہرست جاری کی ہے جس میں سے 8 پر امیدواروں کے ناموں کا اعلان ہے جبکہ رام ٹیک کی سیٹ ابھی خالی ہے۔


27 Mar 2024, 10:45 AM

مہاراشٹر میں شیو سینا (یو بی ٹی) نے اپنے 17 امیدواروں کا اعلان کیا

مہاراشٹر میں شیو سینا (یو بی ٹی) نے لوک سبھا انتخابات کے لیے اپنے امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کر دی ہے۔ اس فہرست میں 16 امیدواروں کے نام شامل ہیں۔ ان 17 سیٹوں میں بلڈھانہ، پربھنی، ایوت محل-واشم، ماول، سانگلی، ہنگولی، سمبھاجی نگر، دھارشیو، شیرڈی، ناسک، رائے گڑھ، سندھودرگ-رتناگیری، تھانے، جنوبی ممبئی، جنوب وسط ممبئی، شمال مشرق ممبئی، شمال مغرب ممبئی کی سیٹیں شامل ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔