اہم خبریں LIVE: ایمس رشی کیش میں مقتول انکتا بھنڈاری کا پوسٹ مارٹم مکمل، اہل خانہ کو سونپی گئی میت
ایمس رشی کیش میں مقتول انکتا بھنڈاری کا پوسٹ مارٹم مکمل، اہل خانہ کو سونپی گئی میت
اتراکھنڈ میں قتل کی گئی انکتا بھنڈاری کی لاش کا پوسٹ مارٹم ایمس ریشی کیش میں کیا گیا اور اس کے بعد میت اہل خانہ کے حوالہ کر دی گئی۔ خیال رہے کہ انکتا کی لاش آج صبح رشی کیش کی چِلا نہر سے برآمد کی گئی ہے۔ اس معاملہ میں بی جے پی لیڈر کے بیٹے کو کلیدی ملزم قرار دیا جا رہا ہے۔
بگ باس۔ 16 کا گرانڈ پریمیئر یکم اکتوبر کو ہوگا
ممبئی: مقبول رئیلٹی شو بگ باس 16 کا گرانڈ پریمیئر یکم اکتوبر کو منعقد ہوگا۔ سلمان خان ایک بار پھر بگ باس 16 میں میزبان کے طور پر نظر آئیں گے۔ رئیلٹی شو بگ باس کا 16 واں سیزن جلد کلرز چینل پر نشر ہونے والا ہے۔ شو کے نئے پرومو میں شو کے گرانڈ پریمیئر کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا ہے۔ اس شو کا پریمیئر یکم اکتوبر کو ہوگا، یہ شو کلرز چینل پر ہر پیر تا جمعہ روزانہ رات 10 بجے نشر کیا جائے گا۔ اتوار اور ہفتہ کو کو 9:30 پر دکھایا جائے گا۔
مرادآباد اور اتراکھنڈ میں لڑکیوں کے ساتھ پیش آنے والے واقعات نے سب کا دل دہلا دیا ہے... راہل گاندھی
راہل گاندھی نے کہا، ''مرادآباد اور اتراکھنڈ میں لڑکیوں کے ساتھ پیش آنے والے واقعات نے سب کا دل دہلا دیا ہے۔ بھارت جوڑو یاترا میں، میں بہت سے ہونہار بچیوں اور لڑکیوں سے مل رہا ہوں، انہیں سن رہا ہوں اور ان سے مل رہا ہوں۔ ایک بات تو واضح ہے کہ ہمارا ہندوستان تبھی ترقی کرے گا جب ملک کی خواتین محفوظ ہوں گی۔
کانگریس کی بھارت جوڑو یاترا پیرمبرا سے شروع
تھریشور: کانگریس کے سابق صدر اور وائیناڈ سے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کی 'بھارت جوڑو یاترا' ایک دن کے وقفے کے بعد ہفتہ کے روز یہاں پیرامبرا جنکشن سے شروع ہوئی۔ بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت سے شروع ہونے والی یاترا 17ویں دن صبح 10 بجے امبلور جنکشن پر رکے گی۔ یہ یاترا شام 5 بجے تلور بائی پاس جنکشن سے دوبارہ شروع ہوگی اور شام 7 بجے تھریشور وڈککمناتھن مندر کے جنوبی گیٹ پرپہنچے گی۔ آئندہ ماہ یکم اکتوبر کو کرناٹک میں داخل ہونے سے پہلے کیرالہ میں 19 دنوں میں یہ یاترا 450 کلومیٹر سے زیادہ کا فاصلہ طے کرے گی اور سات اضلاع کا احاطہ کرے گی۔ بھارت جوڑو یاترا پانچ ماہ کی ہے، جو کنیا کماری سے سری نگر تک 3,500 کلومیٹر سے زیادہ لمبی پیدل یاترا ہے۔
اتراکھنڈ: پتھورا گڑھ میں لینڈسلائڈنگ کی خوفناک ویڈیو منظر عام پر، سینکڑوں مسافر پھنسے
اتراکھنڈ کے پتھوراگڑھ میں زبردست لینڈ سلائڈنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔ اس کی وجہ سے سینکڑوں کی تعداد میں مسافر پھنس گئے ہیں اور آمد و رفت بری طرح متاثر ہے۔ اچھی بات یہ ہے کہ جب لینڈ سلائڈنگ کا واقعہ پیش آیا تب وہاں سے کسی مسافر کا گزر نہیں ہو رہا تھا۔ یعنی جان و مال کے کسی نقصان کی خبر نہیں ہے۔ لینڈ سلائڈنگ واقعہ کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں صاف دیکھا جا سکتا ہے کہ پہاڑ کا ایک بڑا حصہ کس طرح ٹوٹ کر کھائی میں گر رہا ہے۔
اتراکھنڈ: انکتا بھنڈاری قتل معاملے کے کلیدی ملزم کے ریسورٹ پر چلا بلڈوزر
اتراکھنڈ کے رشی کیش میں رسپشنسٹ انکتا بھنڈاری قتل کے معاملے میں ریاست کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی کے حکم کے بعد ملزمین کے خلاف سخت کارروائی کی گئی ہے۔ انتظامیہ نے نصف شب کو قتل معاملے کے اہم ملزم کے ونتارا ریسورٹ پر بلڈوزر چلا دیا ہے۔ اسی ریسورٹ میں انکتا بھنڈاری رسپشنسٹ تھی۔ پولیس کی پوچھ تاچھ میں ملزمین نے بتایا کہ رسپشنسٹ ریسورٹ میں آنے والے کسٹمر کے پاس جانے سے منع کر رہی تھی۔ وہ لوگ رسپشنسٹ کو قحبہ گری میں ڈھکیلنا چاہ رہے تھے، لیکن رسپشنسٹ نے ایسا کرنے سے منع کر دیا تھا۔ اس بات سے ناراض ملزمین نے انکتا کا قتل کر چیلا شکتی نہر میں پھینک دیا تھا۔
راہل گاندھی کی قیادت میں تریشور کے پیرمبرا جنکشن سے روانہ ہوئی ’بھارت جوڑو یاترا‘
کانگریس کی ’بھارت جوڑو یاترا‘ کا آج 17واں دن ہے۔ کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے پارٹی کے دیگر لیڈروں کے ساتھ کیرالہ کے تریشور ضلع واقع پیرمبرا جنکشن سے پدیاترا کی شروعات کی۔ ہزاروں کی تعداد میں اس پدیاترا میں لوگ شامل ہو رہے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔