اہم خبریں LIVE: آنسو گیس کے گولے داغے جانے سے 23 سالہ نوجوان کی موت؟ ہریانہ پولیس نے افواہ قرار دیا

<div class="paragraphs"><p>تصویرآئی اے این ایس</p></div>

تصویرآئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

21 Feb 2024, 6:56 PM

آنسو گیس کے گولے داغے جانے سے 23 سالہ نوجوان کی موت؟ ہریانہ پولیس نے افواہ قرار دیا

کسانوں کے دہلی مارچ کے دوران کئی طرح کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ ایک خبر یہ آئی ہے کہ پولیس کے ذریعے داغے گئے آنسو گیس کے گولے سے ایک 23 سالہ نوجوان کی موت ہوگئی ہے۔ لیکن اس خبر کے منظرِ عام پر آنے کے بعد ہریانہ پولیس نے اسے افواہ قرار دیا ہے۔ ہریانہ پولیس نے ’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ابھی تک کی حاصل شدہ معلومات کے مطابق آج کسان تحریک میں کسی بھی کسان کی موت نہیں ہوئی ہے۔ یہ صرف ایک افواہ ہے۔ داتا سنگھ کھنوری بارڈ پر دو پولس اہلکاروں اور ایک احتجاجی کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے جن کا علاج چل رہا ہے۔‘‘ جبکہ کسان لیڈر جگجیت سنگھ ڈلّیوال نے نیوز ایجنسی اے این آئی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم آگے بڑھے، حکومت نے ہمیں بات چیت کی دعوت دی لیکن حکومت ہمارے خلاف پرچار کرتی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’کسانوں کا دعویٰ ہے کہ ایک 23 سال کے لڑکے کی موت ہو گئی ہے۔ ہم دہلی بعد میں جائیں گے، پہلے ہماری ذمہ داری اس بچے کے تئیں ہے جو شہید ہوگیا ہے۔‘‘

21 Feb 2024, 4:23 PM

لوگ بلا خوف ووٹ دینے کے لیے جائیں، چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار

چیف الیکشن کمشنر نے لوک سبھا انتخابات 2024 کی تیاریوں کے حوالہ سے بہار کی راجدھانی پٹنہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے کہا، ’’میں لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ بغیر کسی خوف کے ووٹ دینے جائیں۔ ہم نے مختلف قومی اور صوبائی سطح کی جماعتوں کے ساتھ میٹنگیں کیں اور انہوں نے کچھ مسائل اور تجاویز پیش کیں۔‘‘

انہوں نے کہا، ’’بہار میں 7.64 کروڑ ووٹر ہیں جن میں سے 4 کروڑ مرد اور 3.6 کروڑ خواتین ہیں۔ 21680 ووٹرز کی عمر 100 سال سے زیادہ ہے۔ 9.26 لاکھ پہلی بار ووٹ دینے والے ہیں۔ کمیشن نے 16.7 لاکھ ووٹ ووٹروں کی موت اور دوسری جگہ منتقل ہونے کی وجہ سے حذف کر دیے ہیں۔‘‘

21 Feb 2024, 1:18 PM

راہل گاندھی کی قیادت میں جاری ’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘ اناؤ پہنچی

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی بدھ کو بھارت جوڑو نیائے یاترا کے ساتھ اناؤ پہنچ گئے۔ اس دوران کئی مقامات پر پارٹی کارکنوں نے ان کا استقبال کیا۔ کانگریس کی ضلع صدر آرتی باجپئی نے کہا کہ بھارت جوڑو نیائے یاترا بدھ کو لکھنؤ کے بنی سے اناؤ ضلع کی سرحد میں داخل ہوئی۔ یاترا کا سہرامؤ، نواب گنج ٹول ٹیکس، دہی چوکی اور اناؤ بائی پاس پر خیر مقدم کیا گیا۔

دریں اثنا، راہل گاندھی کھلی جیپ میں نظر آئے۔ یاترا لکھنؤ-کانپور قومی شاہراہ سے گزرے گی اور اناؤ شہر کے راستے کانپور کی سرحد میں داخل ہوگی۔ اس سلسلے میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔


21 Feb 2024, 11:58 AM

کرناٹک حکومت نے ریاست میں حقہ پارلروں پر پابندی عائد کر دی

کرناٹک حکومت نے ریاست میں حقہ پارلروں پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اس ضمن میں کانگریس کے لیڈر پرینک کھڑگے نے خبر رساں ایجنسی اے این آئی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے یہ فیصلہ ریاست کے نوجوانوں کے مستقبل اور صحت کے معاملات کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان حقہ پارلروں میں جانے والوں کی بڑی تعداد نوعمروں کی ہوتی ہے۔ حکومت نے ان کی صحت اور امن و امان کے لیے حقہ پارلروں پر پابندی عائد کی ہے۔

21 Feb 2024, 11:29 AM

شمبھو بارڈر پر کسان آگے بڑھنے کی کوشش میں، پولیس نے داغے آنسو گیس کے گولے

حکومت کے ساتھ چار بار کی بات چیت کے بے نتیجہ رہنے کے بعد آج پھر کسان دہلی کی طرف کوچ کرنے کی تیاری میں ہیں۔ کسان تحریک میں شامل 14 ہزار کسان اپنے 1200 ٹریکٹروں کے ساتھ آج پھر آگے بڑھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ حالانکہ بارڈر پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور پولیس کسانوں کو آگے بڑھنے سے روک رہی ہے، اس کے باوجود کسان دہلی کی جانب بڑھنا چاہ رہے ہیں۔

ڈرون کے ذریعے ان پر آنسو گیس کے گولے داغے جا رہے ہیں۔ موقع پر زبر دست افراتفری ہے۔ اس سے قبل کسانوں نے اعلان کیا تھا کہ وہ صبح 11 بجے سے شمبھو بارڈر سے دہلی کی جانب آگے بڑھیں گے۔ جیسے ہی کسان آگے بڑھنے کی کوشش کیے، اس سے قبل ہی ان پر ڈرون سے آنسو گیس کے گولے چھوڑ دیئے گئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔